انہوں نے کہا کہ اس نتیجے پر پہنچنے کیلئے ہم نے گزشتہ ایک ماہ میں ملک اور مہاراشٹر کے ممتاز افراد سے تبادلہ خیال کیا اور ان کی رائے لے کر نتائج اخذ کئے ہیں
EPAPER
Updated: November 14, 2024, 2:03 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
انہوں نے کہا کہ اس نتیجے پر پہنچنے کیلئے ہم نے گزشتہ ایک ماہ میں ملک اور مہاراشٹر کے ممتاز افراد سے تبادلہ خیال کیا اور ان کی رائے لے کر نتائج اخذ کئے ہیں
غیر سرکاری تنظیم موومینٹ فار ہیومن ویلفیئر کی جانب سے بدھ کو آزاد میدان کے قریب واقع ممبئی پتر کار سنگھ میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی۔ اس پریس کانفرنس میں معروف عالم دین مولانا سجاد نعمانی نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں ان امیدواروں حمایت کرنے کا اعلان کیا جنہیں ان کی رائے میں ووٹ دینا چاہئے۔ ان میں مہاراشٹر کی کل ۲۸۸؍ اسمبلی سیٹوں میں سے ۲۶۹؍ سیٹوں پر مہا وکاس اگھاڑی ( ایم وی اے) کے امیدواروں اور دیگر سیٹوں پر مختلف امیدواروں کی حمایت کی گئی۔
مولانا سجاد نعمانی نے پہلے انگریزی اور اس کے بعد اردو میں خطاب کیا ۔اپنے خطاب کے دوران امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مہاراشٹر اسمبلی کے موجودہ انتخابات بہت غیر معمولی حیثیت کے حامل ہو چکے ہیں کیونکہ ان نتائج کے اثرات نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کے مستقبل پر مرتب ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ ایک ماہ میں ملک اور مہاراشٹر کے ممتاز ترین قائدین اور دانشوروں جو الگ الگ کمیونٹی کے لیڈر ہیں اور مختلف سماجی اکائیوں سے تعلق رکھتے ہیں، سے مشورہ کیا۔ ہم نے اپنی ٹیموں کو ریاست کے مختلف اسمبلی حلقوں میں بھیج کر اور بہت گہرے غور و خوض کے بعد ملک کی سالمیت ، اتحاد اور خصوصاً ہمارے ملک کے آئین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک رائے قائم کی ہے جو میڈیا کے ذریعے مہاراشٹر کے ووٹروں کی خدمت میں پیش کی جارہی ہے۔‘‘
انہوںنے کہا کہ ’’ ایک ایک سیٹ کا بہت تفصیلی انداز میں جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پرپہنچے ہیں کہ ۲۶۹؍ سیٹوں پرمہاوکاس اگھاڑی کے اور ۱۷؍ سیٹوں پر مختلف امیدواروں کی تائید کی جائے۔
مولانا نے مزید بتایاکہ ’’ ریسرچ کے بعد ہم نے ۱۶۹؍ مراٹھا اوراور او بی سی نمائندوں کی تائید ہم کر رہے ہیں اور۴۰؍ دیگر کمیونٹی کے امیدوار ہیں جن میں لنگایت اور جین وغیرہ شامل ہیں، ان کے علاوہ ۵۳؍ درج فہرست جماعت( ایس /سی ) اور قبائلی( ایس /ٹی ) کے امیدوار اور ۲۳؍ مسلم امیدوار کی تائید شامل ہیں۔ہم ان تمام امیدوارو ںکی کامیابی کی تمنا کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں آنے والے یہ ریاست اور ملک کی ترقی اور سالمیت اور آئین کی حفاظت کیلئے بھرپور طریقے سے کام کریں گے اور یہ بھی امید کرتے ہیں کہ ان الیکشن کے ذریعے ملک کا دستور اور جمہوری نظام مزید مضبوط ہوگا اور ان کی مخالفت کرنے والی طاقتیں مزید کمزور ہوں گی۔‘‘
مولانا نے مہاراشٹر کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ صد فیصد ووٹ ڈالیں اور ملک کے جمہوری نظام کو مضبوط کریں۔
مولانا سجاد نعمانی کے بعد مومینٹ فار ہیومن ویلفیئر (مہاراشٹر) کے صدر ڈاکٹر عظیم الدین نے اسمبلی حلقوں کے اعتبار سے امید واروں کے نام پڑھ کر سنائیں جن کی مولانا نے تائید کرنے کااعلان کیا ہے۔
ڈاکٹر عظیم الدین کےبعد پریس کانفرنس میں موجود ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پرپوتے ڈاکٹر راج رتن اشوک امبیڈکر نے مولانا کا شکریہ ادا کیااور سبھی ووٹروں کو جمہوری حق ادا کرنے کی اپیل کی۔ ڈاکٹر راج رتن اشوک امبیڈکر کے اظہار خیال کے بعد ہی پریس کانفرنس ختم کردی گئی اور کوئی سوال جواب کا سیشن نہیں کیا گیا جس سے ذرائع ابلاغ کے نمائندے ناراض ہو گئے اور متعدد نے بھی اس پریس کانفرنس کا ہی بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔
مولانا نے جن امیدواروں کی تائید کی ان میں چند درج ذیل ہیں:
- ممبا دیوی: امین پٹیل ( کانگریس)
-بائیکلہ : منوج جام سودکر(ادھو شیو سینا )
-ماہم : مہیش ساونت(ادھو شیو سینا )
-دھاراوی:ڈاکٹر جیوتی گائیکواڑ( کانگریس)
-باندرہ( ویسٹ): آصف زکریہ(کانگریس)
-باندرہ( ایسٹ): ورن سردیسائی(ادھو شیو سینا )
-انوشکتی نگر : فہد احمد(این سی پی ۔شرد پوار)
-مانخورد شیواجی نگر:ابو عاصم اعظمی(سماجوادی)
- چاندیولی: محمد عارف نسیم خان(کانگریس)
-ملاڈ (ویسٹ): اسلم شیخ (کانگریس)
- ورسوا: ہارون خان (ادھو شیو سینا )
-اندھیری(ویسٹ):اشوک جادھو( کانگریس)
- جوگیشوری (ایسٹ): اننت نر(ادھو شیو سینا )
-ورلی :آدتیہ ٹھاکرے(ادھو شیو سینا )
-ممبرا کلوا: جتیندر اوہاڑ( این سی پی ۔شرد پوار)
- بھیونڈی( ایسٹ ): رئیس شیخ (سماجوادی)
- بھیونڈی ( دیہی): مہا دیو گھاتل(ادھو شیو سینا )
-کلیان (دیہی): سبھاش بھویئر(ادھو شیو سینا )
-میرا بھائندر:سید مظفر حسین(کانگریس)
مولانانے ۱۷؍ مزید امیدوار وں کی تائید کی جن میں سےچند درج ذیل ہیں:
-کرلا( ایس سی ):ڈاکٹر جوتسنا جادھو(آزاد)
-مالیگاؤں سینٹرل: مفتی اسماعیل(ایم آئی ایم)
-اورنگ آباد ایسٹ: ڈاکٹر غفور قادری (سماجوادی) (یہاں سے ایم آئی ایم کے امیدوار امتیاز جلیل بھی ہیں لیکن ان کی مولانا نے تائید نہیں کی)
-وسئی: ہیتندر ٹھاکر(بی وی اے)
-بھیونڈی (ویسٹ): ریاض اعظمی(سماجوادی)
-نالا سوپارہ:شتجی ٹھاکر(بی وی اے) -جالنہ: عبدالحفیظ عبدالغفور(آزاد)
-ناندیڑ ساؤتھ:فاروق احمد(بی وی اے) - امراؤتی:علیم پٹیل(اے ایس پی) -دھولیہ سٹی:ارشاد جاگردار(سماجوادی )