وقف بورڈ میں غیرمسلموں کی شمولیت کو نامناسب قراردیا، دہشت گردوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
EPAPER
Updated: April 11, 2025, 10:58 AM IST | Lucknow
وقف بورڈ میں غیرمسلموں کی شمولیت کو نامناسب قراردیا، دہشت گردوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کی ضرورت پر بھی زوردیا۔
اترپردیش کی سابق وزیراعلیٰ اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے نئے وقف قانون پر اعتراض ظاہر کرتےہوئے وقف بورڈس میں غیرمسلموں کی شمولیت کو نا مناسب قرار دیا ہے۔ اسکے ساتھ ہی ہندوستا نیوں کے تحفظ کیلئے سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر دہشت گردوں کے خلاف غیر جانبدارانہ کارروائی کرنےکی ضرورت پربھی زوردیا۔ مایاوتی نےجمعرات کو اپنی رہائش گاہ پرایک پریس کانفرنس کی جبکہ ایکس پر بھی بیان جاری کیا۔
مایاوتی کا کہنا ہے کہ نئے وقف قانون کے تحت ریاستی وقف بورڈس میں غیر مسلموں کی تقرری کی نئی شق بنیادی طور پر غیر منصفانہ دکھائی دیتی ہے، جس کی مسلم طبقہ میں بھی شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔ لہٰذا یہ بہتر ہو گا کہ مرکزی حکومت اس وقف ایکٹ کو معطل کر کےمتنازع دفعات کی اصلاح کیلئے فوری طور پر اس پر نظر ثانی کرے۔ مایاوتی نے واضح کیا ہے کہ ان کی پارٹی کامطالبہ ہے کہ حکومت کو ان تمام معاملات پر توجہ دینی چاہیے جن پر مسلم طبقہ کوتشویش ہے۔
مایاوتی نے بودھ گیا مندر کے انتظام سے متعلق نظام پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی حکومت میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی سربراہی میں چار ہندوؤں اور چار بدھ مت کے پیروکاروں کی ایک کمیٹی بنانے کا انتظام کیا گیا تھا جو پہلی نظر میں غیر منصفانہ، غیر ضروری اور امتیازی لگتا ہے۔ مایاوتی کے مطابق حکومت کی اس غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے ایک عام شکایت ہے کہ مذکورہ مندر میں پوجا پاٹھ، دیکھ بھال، جائیدادوں کی حفاظت اور صفائی وغیرہ کے ساتھ ساتھ لاکھوں زائرین کے آرام و آسائش کے حوالے سے حالات ناسازگارہیں جس کی وجہ سے بودھ مذہب کے پیروکاروں کا مطالبہ ہے کہ مندر کی تمام تر ذمہ داری بودھ بھکشوؤں اور بودھ مذہب کے پیروکاروں کو سونپ دی جائے۔ مایاوتی کا کہنا ہے کہ اس جائز مطالبہ پر موجودہ حکومت کو فوری توجہ دینا ضروری ہے۔
مایاوتی نے کہا کہ ملک اور یہاں کے شہریوں کے مفاد میں ہوگا کہ ہندوستان اور ہندوستانیوں کی سلامتی کےلئے مرکزی اور تمام ریاستی حکومتیں اپنے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ہندوستانی قانون کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔ بی ایس پی سربراہ نے پارٹی عہدیدا روں سے ۱۴؍اپریل ۲۰۲۵ء کو بابا صاحب امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر پُر وقار تقریبات کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔