• Sat, 04 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجگاؤں : لوٹ مار کی کوشش کو خاتون اور دوبچیوں نے ناکام بنادیا

Updated: January 01, 2025, 10:01 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

گھرمیں گھس آنے والے نقاب پوش لٹیرےکی ایئرگن حاضردماغی اور بہادری سے چھین لی اور پڑوسیوں کی مدد سے اسے پکڑلیا، ملزم اسی عمارت کے ایک مکین کا ڈرائیور ہے

Samra with her husband.
سمرا اپنے شوہر کے ہمراہ۔

یہاں واقع  جاسمین اپارٹمنٹ میں رہنے والی ایک خاتون اور اس کی دو بچیوں نے حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئےلوٹ مار کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بندوق بردار لٹیرے کو پڑوسیوں کی مدد سے پکڑلیا۔ ملزم نے بندوق کی نوک پر انہیں ڈرا دھمکا کر موبائل فون اور   قیمتی سامان مانگنے لگا  اور اس دوران  خاتون نے اسے باتوں میں الجھا کر نہ صرف اپنی بیٹیوں کی مدد سے اس کی بندوق چھین لی  ۔ بعد ازیں پولیس نے آکر ملزم کوحراست میں لے لیا۔ عدالت میں پیش کرنے پر ملزم کو ۴؍ دن کی پولیس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ۔
 بائیکلہ پولیس میں درج کردہ شکایت کے مطابق گزشتہ روز ایک شخص برقع پہن کر مجگاؤں میں واقع جاسمین اپارٹمنٹ کے ۱۰؍ ویں منزلہ کے ایک فلیٹ میں اس وقت گھس گیا جب گھریلو ملازمہ اندر داخل ہوئی تھی ۔اس  نے  فلیٹ کا دروازہ بند کر لیااور آن لائن کلاس میں مشغول بچی پر بندوق تان لی جسے دیکھ کر بچی چیخ پڑی ۔اس کی آواز سن کر ملازمہ اور خاتون دوڑکر ہال میں آئے تو دیکھا کہ ایک نقاب پوش وہاں موجود تھا اور انہیں دیکھتے ہی اس نے ان پر بندوق تان لی  اور موبائل فون اورقیمتی سامان دینے کا مطالبہ کیا اور نہ دینے کی صورت میں گولی چلانے اور بچی کو ساتھ لے جانے کی دھمکی ۔اس کے اپنے پاس بم ہونے کی بھی دھمکی دی   ۔
  شکایت کنندہ خاتون سمرا عمر شمسی جو خود بھی بہت ڈر گئی تھی  لیکن اس نے ہمت اور حاضری دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لٹیرے کو باتوں میں الجھایا جبکہ ان کی دوسری بچی جو بیڈ روم میں موجود تھی، نے اندر سے کمرہ بند کرکے اپنے والد کو فون کرکے حالات سے آگاہ کیا   ۔اسی درمیان لٹیرے کی دھمکی پر دوسری بچی کو بھی سمرانے باہر بلا لیا اور خوف و گھبراہٹ کے باوجود تینوں نے مل کر اس پر ہلہ بول دیا اور کسی طرح اس کے ہاتھ سے بندوق چھین لی  ساتھ ہی سمرا نے دروازہ کھول دیا ۔دروازہ کھلتے ہی پڑوسیوں نے اسے دھر دبوچا اور پٹائی کردی ۔ بعد ازیںپڑوسیوں کی اطلاع پر بائیکلہ پولیس بھی پہنچ گئی اور لٹیرے کوحراست میں لے لیا ۔
  اس ضمن میں بائیکلہ کے سینئر پولیس انسپکٹر ولاس سوپے نے بتایا کہ ملزم تریکول شردولا جس کی عمر ۳۱؍ سال ہے، اسی بلڈنگ میں ۱۱؍ویں فلور پر ایک مکین کے گھرکئی برسوں سے ملازمت کرتا ہے ۔ ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  اس طرح سے لوٹ مار کرنے کی وجہ ابھی واضح نہیں کی ہے لیکن ملزم کو  عدالت میں پیش کرکے تفتیش کیلئے۴؍ دن کی تحویل حاصل کر لی گئی ہے اور معاملےکی  تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK