Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرٹھ اور دہلی میں تیز آندھی اور بارش کی آفت

Updated: April 19, 2025, 11:11 PM IST | Lucknow

۶؍ اموات ،میرٹھ میں ایک زیر تعمیر مکان کی دیوار اس سے متصل کچے مکان پر گر گئی جس کے سبب ماں اور بچے کی موت ہوگئی ،دہلی کے مصطفیٰ آباد میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ۴؍ منزلہ عمارت منہدم، ۴؍ افراد ہلاک، لکھنؤ میں طوفان،درخت اور کھمبے اکھڑ گئے

The debris of a collapsed house in Mustafabad, Delhi, is being removed with the help of a JCB. (PTI)
دہلی کے مصطفیٰ آباد میںمنہدم ہوئے مکان کا ملبہ جے سی بی کی مدد سے ہٹایاجارہا ہے ۔(پی ٹی آئی )

 اتر پردیش کے میرٹھ میں جمعہ کو طوفان اور بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر دو مکانات گر گئے۔ ملبے تلے دب کر ایک خاتون اور اس کی۹؍ ماہ کی بیٹی جاں بحق ہو گئی۔ حادثہ میں  تقریباً۱۰؍ افراد  زخمی ہوئے۔ سنیچر کی رات۳؍ بجے لکھنؤ میں طوفان آیا جس کے باعث سیکڑوں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے۔ جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئیں ۔ محکمہ موسمیات نے راجستھان اور مدھیہ پردیش میں  شدید گرم لہر کی پیش گوئی کی ہے۔ مہاراشٹر میں بھی شدید گرمی رہے گی۔ اس کے علاوہ بہار، ادیشہ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور شمال مشرقی ہندوستان کی کچھ ریاستوں سمیت ۱۴؍ ریاستوں میں طوفان کی وارننگ دی گئی ہے۔گزشتہ روز ۲۴؍ر یاستوں میںآندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیاگیا تھا ۔ بارش کے ساتھ ساتھ یہاں پر تیز آندھی اور بجلی گرنے کا بھی الرٹ ہے۔
دہلی میں۴؍ منزلہ عمارت منہدم ،۱۰؍ہلاک 
 دہلی کے مصطفیٰ آباد علاقے میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب  ڈھائی بجے۴؍ منزلہ عمارت گر گئی۔ حادثے میں ۴؍ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ملبے سے۱۴؍افراد کو بچا یا گیا ہے۔ اب بھی۱۰؍ سے زائد افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ این ڈی آر ایف اور دہلی پولیس کی ٹیمیں موقع پر بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔
 ایڈیشنل ڈی سی پی سندیپ لامبا کے مطابق  ’’اس وقت تک ۴؍ افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے اور بچاؤ ٹیمیں مزید افراد کو نکالنے کیلئے کام کر رہی ہیں۔‘‘ فائر ڈویژن کے افسر راجندر اٹھوال نے بتایا کہ انہیں رات کے تقریباً ۳؍ بجے حادثے کی اطلاع ملی جس کے بعد ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچیں ۔ مقامی افراد کے مطابق یہ ایک رہائشی عمارت تھی جس میں مالک سمیت کئی کرایہ دار خاندان مقیم تھے ۔ لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
میرٹھ میں تباہی 
 جمعہ کو میرٹھ میں شدید طوفان اور بارش نے کئی مقامات پر تباہی مچا دی۔ لساڑی گیٹ کے علاقے میں زیر تعمیر مکان کی دیوار گر کر  اس سے متصل کچے مکان پر گر گئی۔ اس حادثے میں ایک خاتون اور اس کے بچے کی موت ہو گئی۔اس کے علاوہ بھی کئی مکان ڈھہ گئے اور بجلی کے کھمبے اور درخت اکھڑگئے۔ایک نوجوان بھی مکان کی دیوار گرنے سے  زخمی ہوا ۔ مقامی افراد نے اسے اسپتال پہنچایا ۔راجستھان اور گجرات سے آنے والی گرم ہواؤں کے اثر سے پورا مدھیہ پردیش جل رہا ہے۔ جمعہ  اورسنیچر کوسیزن میں پہلی بار، دن کا پارہ۴۴؍ ڈگری  سے تجاوز کر گیا۔ کھجوراہو، گنا اور نوگاؤں سب سے زیادہ گرم رہے۔ یہاں پارہ ۴۴؍ ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ سنیچر کو  پارہ ۴۲ء۵؍ ڈگری رہا جبکہ اتوار کو۴۳ء۱؍ ڈگری تک  رہنے کا امکان ہے۔ ریاست کے ۵؍ اضلاع میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔
جموں کشمیر میں آندھی اور ژالہ باری 
 جموں کشمیر کے راجوری ضلع میں تیز آندھی، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ قدرتی آفت کی وجہ سے کئی خاندان بے گھر ہو گئے ۔ یہاں، ہماچل پردیش میں جمعہ سے موسم خراب ہے۔ تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ سنیچر کو بارش، ژالہ باری اور طوفان کے لیے اورنج الرٹ بھی تھا۔ لوگوں سے محتاط رہنے کو کہا گیا ہے۔
لکھنؤ میں طوفان
 جمعہ اورسنیچر کی  درمیانی شب ۳؍ بجے لکھنؤ میں طوفان آیا۔ جس کے باعث سیکڑوں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئیں۔ جے سی بی اور کرین کی مدد سے درختوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔ ہوا اتنی تیز تھی کہ گھروں میں رکھے گملے، سولر پلیٹ اور پانی کے ٹینک بھی اڑ گئے۔ کئی کالونیوں میں بجلی کی سپلائی بند ہو گئی۔
بہار ،ہریانہ ا ور پنجاب میں بھی الرٹ 
 اس کے علاوہ بہار ، ہریانہ اور پنجاب میں بھی آندھی اور طوفان کا الرٹ جاری کیاگیا ہے۔بہار  کے ۱۳؍ اضلاع میںبارش کا یلو الرٹ جاری کیاگیا ہےجبکہ ریاست میں۲۶؍ اپریل سےلوچلنے کا بھی اندیشہ ہے۔ہریانہ  کے ۳؍ ضلعوں میںبارش اور آندھی کا الرٹ ہے۔ کرنال میںجمعہ اورسنیچر کی درمیانی رات درخت اکھڑگیاجس کی زدمیں کئی گاڑیاں آئیں۔ادھر پنجاب میں بھی بارش کا الرٹ  ہے اورتیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK