Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملئے صدیق آدم کلاڈیہ سے جوروزانہ ایک قرآن پاک کی تلاوت مکمل کرتےہیں

Updated: April 01, 2025, 8:00 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

ملئے چوربازار کے رہائشی ۶۶؍سالہ صدیق کلاڈیہ سے جوگزشتہ ۱۰؍سال سے ایک مہینےکے اعتکاف کا اہتمام کر رہے ہیں۔

Siddiq reciting at the Kaladia Mosque. Photo: INN
صدیق کلاڈیہ مسجد میں تلاوت کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ملئے چوربازار کے رہائشی ۶۶؍سالہ صدیق کلاڈیہ سے جوگزشتہ ۱۰؍سال سے ایک مہینےکے اعتکاف کا  اہتمام کر رہےہیں ۔ انہوں نے گزشتہ رمضان المبارک میں اعتکاف کےدوران ۲۸؍  مرتبہ  قرآن پاک مکمل کیا تھا۔ امسال، ۲۷؍ویں روزہ تک۳۰؍ مرتبہ قرآن پاک کی تلاوت مکمل کر چکے  تھے۔  علاوہ ازیں گزشتہ رمضان سے وہ عام دنوں میں بھی روزانہ ایک قرآن پاک پڑھ ر ہے ہیں۔ سال بھر میں ۳۰۰؍ سےزائد مرتبہ قرآن پاک پڑھ چکے ہیں۔
چور بازار کی شافعی مسجدمیں اعتکاف میں شریک صدیق آدم کلاڈیہ نےبتایاکہ ’’گھر کاماحول دینی ہونے کی وجہ سے بچپن سے نماز، روزہ اور قرآن پاک کی تلاوت کی عادت رہی ہے ۔ اسکول کے زمانے سے نمازاورپورے روزے رکھنے کی پابندی رہی، ساتھ ہی کلام پاک کی تلاوت کا معمول رہا۔ جس کی وجہ سے قرآن پاک سے خاص رغبت  ہے۔ قرآن مجید کی تلاوت سےقلبی اطمینان اور سکون میسرہے۔ہر وقت تلاوت کرنےکی خواہش ہوتی ہے۔ مجھے قرآن پاک کی تلاوت سے بہت فائدہ پہنچا ہے۔ میری متعدد بیماریاں دور ہوگئی ہیں۔‘‘ ۴۱؍سال سے تہجدکی نماز پابندی سے ادا کرنے والے صدیق کلاڈیہ نے بتایاکہ ’’ قرآن پاک کی تلاوت کامعمول کالج کے زمانے سے رہا۔ اس دور میں روزانہ نماز کےساتھ تلاوت کرنےکا معمول تھا،جو رفتہ رفتہ بڑھتاگیا۔ پہلے بھی رمضان کے علاوہ عام دنوںمیں روزانہ ۲۲۔۲۰؍پارے کی تلاوت کرتاتھا لیکن گزشتہ رمضان المبارک سے روزانہ ایک قرآن پاک کی تلاوت مکمل کرنےکا سلسلہ شروع کیاہے۔ اس دوران ۲؍ مرتبہ تقریباً ڈیڑھ مہینےکیلئے بیرونِ ممبئی جانے کی وجہ سے روزانہ ایک قرآن پاک مکمل نہیں ہوسکاتھاجبکہ ممبئی میں قیام کے دوران روزانہ ایک قرآن پاک مکمل کرنے کاسلسلہ باقاعدگی سے جاری ہے۔ جس کی بنیاد پر کہاجاسکتاہےکہ گزشتہ ایک سال میں تقریباً ۳۰۰؍ سےزائد مرتبہ قرآن پاک مکمل ہو چکا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: امسال حافظ وصی احمد قاسمی نے ۵۱؍ویں محراب سنائی

روزانہ ایک قرآن پاک مکمل کرنےکی ترتیب سےمتعلق دریافت کرنےپر انہوں نےبتایاکہ ’’ صبح ۹؍بجے سے ساڑھے ۱۲؍بجے تک گھر میں تقریباً ۱۵۔۱۴؍ پارے کی تلاوت کرتاہوں۔ بعدازیں ظہر کی نماز کیلئے مسجدجاتاہوں ،وہاں نماز سے پہلے اور نماز کےبعد تقریباً ۵۔۴؍ پارے پڑھ لیتاہوں۔ ڈھائی بجے ظہرانےکیلئے گھرآتاہوں، ۴؍بجے دوبارہ مسجد چلا جاتاہوں، عصر،مغرب اور عشاء کی نمازوں کے دوران  ۷؍ سے ۸؍ پاروں کی تلاوت ہوجاتی ہے۔بقیہ پارے عشاء کی نماز کے بعد پڑھ کرگھر لوٹتاہوں۔‘‘
ایک پارہ،کس طرح، کتنی دیراور کس رفتار سے پڑھ لیتے ہیں ،یہ دریافت کرنےپر صدیق کلاڈیہ نے بتایاکہ’’میں دھیمی آوازمیں تلاوت کرتاہوں تاکہ گھر اور مسجد میں موجود لوگوںکو تکلیف نہ پہنچے۔ اوسطاً  ۱۳؍ سے ۱۴؍منٹ میں ایک پارہ پڑھ لیتاہوں۔جہاں تک رفتار کا تعلق ہے، پڑھنے کی متواتر مشق سے جورفتار ۱۰؍ سال قبل تھی وہی یا اس سےکچھ زیادہ ہوگئی ہے۔ یہ ضرور ہےکہ قرآن میں جہاں وقفہ لینےکی ہدایت آئی ہے وہاں کچھ لمحے کیلئے رک جاتاہوں۔ سجدے تلاوت کےدوران یابعد میں کر لیتا ہوں۔ مسلسل تلاوت کرنے سے گلا خشک ہونےکی شکایت ہوتی ہے ؟اس سوال پر انہوں نےکہاکہ چونکہ اب کافی مشق ہوچکی ہےاس لئے گلا خشک ہونےکی شکایت نہیں ہوتی ، لیکن قرآن پاک پابندی سے کئی گھنٹے دیکھنے سے آنکھ میں تکلیف ہونے لگی ہے۔ ایسے میں کچھ منٹ کیلئے آنکھ بند کر لیتا ہوں۔  قرآن پاک کی متواتر تلاوت سے آپ کی متعدد بیماریاں دور ہوگئی ہیں؟وہ کون سی بیماریاں تھیں ، اس کے جواب میں انہوں نےکہاکہ مجھے تھکان، اعضاء شکنی (بدن درد) ، سردی زکام اور کھانسی وغیرہ کی شکایت ہواکرتی تھی لیکن اب ایسی کوئی شکایت نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK