• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملئے ان صاحب سے جنہوں نے ایک مہینہ کے اعتکاف میں ۲۸؍ مرتبہ قرآن پاک مکمل کیا

Updated: April 20, 2024, 8:35 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

رمضان المبارک میں چوربازار ، کھانڈیا محلہ کے ۶۵؍ سالہ صدیق آدم کلاڈیہ کا گزشتہ۹؍ سال سے ایک مہینےکے اعتکاف کا معمول ہے مگر ایسا پہلی بار ہواکہ وہ ، دورانِ اعتکاف ۲۸؍مرتبہ قرآن پاک کی تلاوت مکمل کرنےمیں کامیاب ہوئے۔

Siddiquie Adam Claudia. Photo: INN
صدیق آدم کلاڈیہ۔ تصویر : آئی این این

رمضان المبارک میں چوربازار، کھانڈیا محلہ کے ۶۵؍ سالہ صدیق آدم کلاڈیہ کا گزشتہ۹؍ سال سے ایک مہینےکے اعتکاف کامعمول ہے مگرایساپہلی بار ہواکہ وہ، دورانِ اعتکاف ۲۸؍مرتبہ قرآن پاک کی تلاوت مکمل کرنےمیں کامیاب ہوئے۔ رمضان المبار ک کے علاوہ عام دنوںمیں بھی وہ روزانہ تقریباً ۲۰۔ ۲۲؍ پارہ پڑھتےہیں۔جس کی وجہ سے اعتکاف کےدورا ن روزانہ ایک قرآن پاک مکمل کرنےمیں انہیں آسانی ہوئی۔آئندہ رمضان المبارک میںبھی ہرروزایک قرآن پاک پڑھنے کاعزم ہے۔
صدیق کلاڈیہ کی پیدائش ۲؍دسمبر ۱۹۵۸ء کو ہوئی۔ گھرکاماحول دینی ہونے سے شروع سے نماز ،روزہ اور قرآ ن پاک کی تلاوت کی عادت رہی۔ اسکول کے زمانے سےنماز اورپورےروزےرکھنے کا عمل جاری ہے۔ کالج کے دورسے رجب، شعبان اور رمضان کے پورے روزے بھی تقریباً ۳۰؍سال رکھے لیکن درازیٔ عمر اور کمزوری کی وجہ سے گزشتہ ۸۔۱۰؍ سال سے صرف رمضان المبارک کے روزے رکھتےہیں۔ آپﷺ  کی ولادت با سعادت کی نسبت سے کالج کے زمانےمیں ہر پیر کوروزہ رکھنے کانظم شروع کیاتھا، جو اب بھی پابندی سے جاری ہے۔ آپ ﷺ پیرکاروزہ رکھتے اور فرماتے تھے کہ یہ میری خوشی کا روزہ ہے۔
 صدیق کلاڈیہ نے ۱۹۸۶ءکے رمضان المبارک میں پہلی مرتبہ ۱۰؍دنوں کیلئے اعتکاف کیاتھا۔ اس وقت سے اعتکاف کی پابندی کر رہےہیں۔ ۲۰۱۴ءمیں رمضان المبارک بارش کے موسم میں آیا تھا۔ ایک روز زبردست بارش ہونے سے محلہ میں پانی بھر گیا،جس کی وجہ سے گندگی اورغلاظت پھیل گئی۔ ایسی صورت میں باجماعت نماز ادا کرنے کیلئے مسجد نہ پہنچ پانے کا انہیں بہت ملال ہوا تھا، جس کی وجہ سے اسی سال انہوں نے آئندہ رمضان المبارک سے پورے مہینے کےاعتکاف کافیصلہ کیا تھا۔ چنانچہ ۲۰۱۵ء سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ ہر سال رمضان میں ۱۵؍تا ۲۰؍قرآن پاک مکمل کرتےہیں لیکن امسال الحمداللہ ۲۸؍مرتبہ قرآن پاک پڑھنے کاشرف حاصل کیا۔ حالانکہ ہرروز ایک قرآن پاک پڑھنے کی کوشش تھی لیکن جمعہ کو ۱۵؍پارہ ہی پڑھ پاتے تھے۔ اس لئے ۳۰؍ قرآن پاک نہیں پڑھ سکے۔ کورونا کی وباء کے سبب مساجد کے بند ہونے سے ایک سال اعتکاف میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔
اعتکاف کے دوران قرآن کریم پڑھنے کی ترتیب کے تعلق سے صدیق کلاڈیہ نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’روزانہ مغرب کی نماز کے بعد قرآن پڑھنےکا آغاز کرتا تھا، عشاء تک ۲۔۳؍ پارہ پڑھ کر نماز اور تراویح کے بعد پھر ۲۔۳؍ پارہ پڑھتا، بعدازیں سونے سے قبل ۲۔۳؍ پارہ اور پھر تہجد کی نماز اور سحری کے درمیان ۲۔۳؍ پارہ پڑھ کر فجراور اشراق کی نماز کے بعد سوجاتا، بعد ازیں صبح ۱۰؍بجے سے دوپہر ساڑھے ۳؍ بجے تک ۱۰۔۱۲؍ پارہ پڑھ کر کچھ دیر آرام کرکے پھر بقیہ پارے افطارسے قبل مکمل کرتا۔ اس طرح روزانہ تقریباً ساڑھے ۹؍گھنٹے میں ۳۰؍پارہ پڑھنے کی ترتیب بنائی تھی۔‘‘ 
 ۴۰؍سال سے تہجد کی نماز پابندی سے ادا کرنےوالے صدیق کلاڈیہ کےبقول’’ پورے مہینے اعتکاف کرنےاور ۲۸؍مرتبہ قرآن پاک مکمل کرنے سے ملنے والی روحانی سرشاری کا اظہار نہیں کر سکتا ہوں۔ خود کو بالکل ہلکا پھلکا، مطمئن اورپُر سکون محسوس کررہا ہوں۔ قرآن کریم میں ہر مرض کی دوا ہے۔ مجھے قرآن پاک کی تلاوت سے بہت فائدہ پہنچا ہے، کئی بیماریاں ختم ہوگئی ہیں۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ’’عام دنوں میں بھی روزانہ ۲۰۔۲۲؍ پارہ پڑھنے کا معمول ہے۔ میرا بیشتر وقت چور بازار کی شافعی مسجد میں گزرتا ہے۔ ظہر کی نماز کیلئے ساڑھے ۱۲؍بجے مسجد میں پہنچ جاتا ہوں، ۲؍بجے تک ۵؍پارہ پڑھ لیتاہوں ،عصرتا عشاء کاوقت بھی یہیں گزرتا ہے۔ اس دوران ۱۵؍پارہ پڑھنے کی عادت ہوگئی ہے۔ اس طرح دن بھر میں ۲۰۔۲۲؍پار ہ پڑھ لیتا ہوں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK