• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

لالو یادو اور پشو پتی پارس کے درمیان ملاقات

Updated: January 16, 2025, 10:51 AM IST | Patna

راشٹر یہ ایل جی پی کے مہا گٹھ بندھن میں  شامل ہونے کی امید، لا لو کے مطابق ۲۰۲۵ء میں بہار کی سیاسی سمت بدل جائے گی۔

Pashupati Kumar Paras receiving RJD chief Lalu Yadav and Tej Pratap Yadav in Patna. Photo: PTI.
پٹنہ میں پشو پتی کمار پارس، آر جے ڈی سربراہ لالو یادو اور تیج پرتاپ یادو کا استقبال کرتےہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

بدھ کو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور تیج پرتاپ یادو پٹنہ میں پشوپتی پارس کے گھر ’دہی چوڑا پارٹی‘ میں پہنچے۔ اس دوران دونوں لیڈروں نے تقریباً۲۰؍ منٹ تک بات چیت کی۔ راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی (آر ایل جے پی) کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس سے ملاقات کے بعد لالو یادو اپنے گھر روانہ ہونے سے پہلے صحافیوں سے ملے۔ اس دوران انہوں نے ایسا بیان دیا جس سے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو بڑا نقصان ہو سکتا ہے۔ صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا پشوپتی کمار پارس کومہاگٹھ بندھن میں شامل کیا جائے گا؟ اس پر لالو یادو نے ہاں میں جواب دیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے لا لو یادو نے کہا، ’’ مکر سنکرانتی کے بعد ’کھرماس ‘ختم ہوتا ہے، سورج اپنی سمت بدلتا ہے، اسی طرح ۲۰۲۵ء میں بہار کی سیاسی سمت اور حالت بھی بدل جائے گی۔ ‘‘
دراصل پشوپتی پارس منگل کی رات لالو یادو کے گھر پہنچے تھےجہاں انہوں نے آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کو دہی چوڑا کی دعوت دی تھی۔ ایسے میں بدھ کو جب لالو پرساد یادو پشوپتی کمار پارس کے گھر پہنچے تو راشٹریہ ایل جے پی کے کارکن لالو یادو زندہ باد کے نعرے لگاتے نظر آئے۔ دونوں لیڈروں کے درمیان کچھ سیاسی بات چیت ہوئی۔ 
این ڈی اے میں نظر انداز کئے گئے پشوپتی پارس اب بی جے پی اور بہار حکومت سے ناراض بتائے جا رہے ہیں۔ مانا جارہا ہے کہ بہار کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں پشوپتی پارس مہا گٹھ بندھن میں شامل ہوں گے اور تیجسوی کا ساتھ دیں گے۔ ماہرین کےمطابق ان دونوں لیڈروں کے ایک ہونے سے مہا گٹھ بندھ مضبوط ہوگا اور پشوپتی پارس کے اراکین اسمبلی کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ 
ان دونوں لیڈروں کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاری کی جارہی ہے۔ لالو پرساد یادو فی الحال مہا گٹھ بندھن کو مضبوط کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے نتیش کمار کو مہا گٹھ بندھن میں  شامل ہونے کی دعوت دی تھی، حالانکہ ابھی تک لالو یادو کو نتیش کمار کی طرف سے کوئی مثبت جواب نہیں  ملا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK