• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

۱۵۰۰؍ سالہ جشن عیدمیلاد النبی ؐ عالمی سطح پر منانے کیلئے علماءکی میٹنگ

Updated: January 06, 2025, 12:50 PM IST | Inquilab News Network | Marine Lines

عظیم درسگاہ جامعہ اشرفیہ مبارکپور کے جید اساتذہ کے ساتھ اسلام جمخانہ میں مشا ورتی میٹنگ، مسلم ممالک کے سربراہان کو مکتوب بھیجنے کی تیاری۔

A consultative meeting of scholars held at Islam Gymkhana. Photo: INN
اسلام جمخانہ میں منعقدہ علماء کی مشاورتی میٹنگ۔ تصویر: آئی این این

 ۵؍ ستمبر ۲۰۲۵ء کو رحمت للعالمین حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کو ۱۵۰۰؍برس ہو جائیں گے۔ اس جشن کو عالمی سطح پر کس طرح منایا جائے اور حضورؐ کے پیغام کو کس طرح عام کیا جائے؟ اسی سلسلے میں  رضااکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے ملک کی عظیم درسگاہ جامعہ اشرفیہ مبارکپور(اعظم گڑھ) کے جید اساتذہ کے ساتھ اتوار کو اسلام جمخانہ (مرین لائنس، ممبئی) میں ایک مشا ورتی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ میٹنگ میں مہمان خصوصی کے طور پر مولانا محمد احمد مصباحی اور مفتی نظام الدین مصباحی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ 
۱۵۰۰؍ سالہ جشن عید میلادالنبیؐ کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے الحاج محمد سعید نوری نے بیرون شہر سے آئے ہوئے علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے ۵؍ستمبر کو حضورؐ کی ولادت کے ۱۵۰۰؍ سال مکمل ہوں گے لہٰذا ہمیں اس سال عید میلادالنبیؐ اتنے شاندار طریقے منانا چاہئے کہ ہماری آنے والی نسلوں کیلئے یہ سال یاد گار بن جائے۔ علمائے اہلسنت کی موجودگی میں سعید نوری نے مزید کہا کہ رضااکیڈمی پورے ملک کے عاشقان مصطفیٰ تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ہر عاشق رسول ؐ کی زبان پر ہمارا پیغام ’حضورؐ کی رحمت سب کیلئے‘ جاری ہوجائے۔ 
مولانا محمد عباس رضوی نے کہا کہ رضا اکیڈمی مسلسل ۶؍ مہینے سے ۱۵۰۰؍ سالہ جشن سے متعلق پورے ملک کا دورہ کررہی ہے۔ رضا اکیڈمی نے میلاد کونسل کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا مقصد ۱۵۰۰؍سالہ جشن عید میلادالنبی ؐ کو عظیم بنانا ہے۔ 
اسلامی کالج زیر غور 
 مولانا محمد عباس نے مزید کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری قوم کی بچیاں جن اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں انہیں برقع پہننے پر دقتوں کا سامنا ہو رہا ہے لہٰذا ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ ملک میں اسلامی کالجوں کو قائم کیاجائے تاکہ ہماری بچیاں اسلامی لباس کا کھلے دل سے استعمال کر سکیں۔ 
مولانا اختر حسین فیضی مصباحی نے اس بات زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم الحاج محمد سعید نوری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلامی کالجوں کے بارے میں غور فرمائیں۔ مولانا قاسم مصباحی نے ان باتوں کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرمؐکی تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ 
حضرت مولانا محمد احمد مصباحی استاذ جامعہ اشرفیہ مبارک پور اور محقق مسائل جدیدہ علامہ مفتی نظام الدین مصباحی دونوں اکابرین نے رضا اکیڈمی کے سربراہ سعید نوری کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ؐکے پندرہ سو سالہ ولادت باسعادت کا جشن بڑے پیمانے پر منانے کی جو تیاری وہ کررہے ہیں وہ قابل ستائش قدم ہے، اس کے لئے نوری صاحب کو جتنی مبارکباد پیش کی جائے وہ کم ہے۔ ان دونوں بزرگوں نے اجلاس عام میں علمائے اہلسنت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب’ حضور ؐکی رحمت سب کے لئے‘ کی مہم کا حصہ بنیں اور یہ پیغام گھر گھر پہنچانے کی کوشش کریں۔ 
ائمہ مساجد سے اپیل  
انہوں نے مزید کہا کہ ائمہ مساجد اپنے جمعہ کے خطبہ میں اس عنوان پر گفتگو کریں تاکہ عوام الناس اس سلسلے میں بیدار ہو سکیں، انہیں بھی یہ علم ہوجائے کہ ہمارے حضورؐ کو اس خاکدان گیتی پر تشریف لائے ہوئے ۱۵۰۰؍ سال ہونے والے ہیں۔ مشاورتی میٹنگ کے اخیر میں الحاج محمد سعید نوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مملکت اسلامیہ کے سربراہان تک ہماری باتیں پہنچیں، ہماری کوشش بھی یہی ہے کہ ان تک ۱۵۰۰؍ سالہ جشن عید میلادالنبیؐ کے بابت بات پہنچائی جائی۔ 
 مسلم ممالک کے سربراہان کو مکتوب بھیجنے کی تیاری
 سعید نوری نے کہا کہ ہم بہت جلد مسلم ممالک کے سربراہان تک ۱۵۰۰؍ سالہ جشن عید میلادالنبی ؐ سے متعلق مکتوبات ارسال کرنے والے ہیں اور ان سے گزارش کریں گے کہ وہ بھی اس مہم کا حصہ بنیں اور۵؍ستمبر۲۰۲۵ء کو یوم ولادت باسعادت رسولؐاپنے اپنے ملکوں میں بڑے پیمانے پر عقیدت واحترام کے ساتھ منانے کی تیاریاں شروع کریں۔ ہمیں قوی امید ہے کہ وہ سب ہماری اس مہم کا حصہ ضرور بنیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK