جنتا دربار میں عوام نے علاقے میں پارکنگ ، مخدوش عمارتوں، صفائی، پانی کی فراہمی اور دیگرمسائل کی شکایتیں درج کرائیں۔
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 4:03 PM IST | Inquilab News Network | Madanpura
جنتا دربار میں عوام نے علاقے میں پارکنگ ، مخدوش عمارتوں، صفائی، پانی کی فراہمی اور دیگرمسائل کی شکایتیں درج کرائیں۔
بائیکلہ کے شیوسینا ( اُدھو گروپ)کے رکن اسمبلی منوج جام سوتکر نے الیکشن جیتنے کےبعد پہلی مرتبہ مدنپورہ میں جنتادربار کاانعقادکیا، جس میں مدنپورہ اور اطراف کے علاقوں کے عوام نے شرکت کرکے اپنے گلی محلے کے شہری مسائل سے انہیں آگاہ کیااور انہیں جلدازجلد حل کرنےکی اپیل کی۔
مدنپورہ، گوشت بازارمیں منعقدہ جنتادربار میں آنےوالے لوگوں نے علاقے میں پارکنگ، مخدوش عمارتوں، صفائی، گٹر، نالے، پانی کی فراہمی اور دیگرمسائل کے بارے میں شکایتیں درج کرائیں اورانہیں حل کرنےکی درخواست کی، جس کےجواب میں منوج جام سوتکر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو مکتوب روانہ کرنے اور ایم ایل اے فنڈ سے جو کام کئے جاسکتےہیں انہیں کرنےکی یقین دہانی کرائی۔
مورلینڈروڈ، نیانگر کے تنویر احمد نے بتایاکہ ’’مدنپورہ میں ان دنوں پارکنگ کا سنگین مسئلہ ہے۔ متعدد بلڈر اورڈیولپر بلڈنگیں تو بنارہےہیں لیکن پارکنگ پر توجہ نہیں دے رہےہیں جس کی وجہ سے یہ مسئلہ پیچیدہ صورت اختیار کررہاہے، ساتھ ہی یہاں بوسیدہ عمارتوں کامسئلہ بھی تشویشناک ہے۔ ان دونوں مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جس کےجواب میں منوج جام سوتکر نے تحریری طورپر درخواست دینےکیلئے کہاہے، جلد ہی انہیں تحریری درخواست دی جائے گی۔ ‘‘
سماجی کارکن سلیم مرزاکےمطابق ’’ میں نے نائر اسپتال میں مریضوں کے ساتھ ہورہی بدسلوکی اور علاج میں آنےوالی دقتوں کی جانب رکن اسمبلی منوج جام سوتکر کی توجہ مبذول کرائی ہے۔ انہوں نے اس بارےمیں متعلقہ حکام سے با ت چیت کرنے کا یقین دلایاہے۔ ‘‘
منوج جام سوتکرنے انقلاب کوبتایاکہ ’’ دراصل یہ کام مجھے پہلے شروع کرنا تھا لیکن طبیعت کے ٹھیک نہ ہونے سے اس میں تاخیر ہوئی۔ اب میں پابندی سے ہر وارڈ میں جنتادربار کاانعقادکروں گاتاکہ مقامی لوگوں کی شکایتوں کودور کیاجاسکے۔ مدنپورہ سے قبل وارڈ نمبر ۲۰۷؍ ۲۰۸؍، ۲۰۹؍ اور دیگر وارڈ میں بھی عوام سے ملاقات کی گئی ہے۔ ‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ مدنپورہ کے شہری مسائل کے تعلق سے متعدد لوگوں نے تحریری شکایتیں دی ہیں ۔ ان کی شکایتوں کے تعلق سے متعلقہ محکمو ں کےذمہ داران کی توجہ جلد ہی مبذول کرائی جائے گی۔ علاوہ ازیں ایم ایل اے فنڈ سے جن کاموں کوکیاجاسکتاہے، وہ کام بھی کیاجائے گا۔ اس طرح کا جنتادربار میرے حلقہ کے ہر وارڈ میں متواتر لگایاجائے گا تاکہ عوام اپنے مسائل سے ہمیں آگاہ کرسکیں۔ ‘‘