جماعت اسلامی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ، بلاتفریق مذہب وملت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، شرکاءنے باہمی اتحاد پر زور دیا، پولیس نے بھی ستائش کی۔
EPAPER
Updated: April 09, 2025, 9:45 AM IST | Z A khan | Beed
جماعت اسلامی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں ، بلاتفریق مذہب وملت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، شرکاءنے باہمی اتحاد پر زور دیا، پولیس نے بھی ستائش کی۔
اردھ مسلا تعلقہ گیورائی، ضلع بیڑ گاؤں کی مکہ مسجد میں پیش آئے افسوسناک دھماکے کے بعد گاؤں میں کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ عام تھا، تاہم گاؤں کے باشعور شہریوں نے صبر و برداشت اور بالغ النظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و ہم آہنگی کو برقرار رکھا۔اس جذبۂ خیر سگالی کو مزید تقویت دینے کیلئے، جماعت اسلامی ہند اور مقامی باشندگان کے اشتراک سے ایک روز قبل مکہ مسجد (جہاں دھماکہ ہوا تھا) کے قریب ‘عید ملن’ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
جماعت اسلامی ( مہاراشٹر) کے سیکریٹری عبدالمجیب کی رہنمائی میں منعقدہ اس تقریب میں نہ صرف اردھ مسلا بلکہ اطراف و اکناف کے علاقوں سے بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تمام مذاہب، ذات، اور عمر کے خواتین مرد، نوجوانوں، بزرگوں، اور گاؤں کے سابق سرپنچوں کی بے ساختہ شرکت نے اس پروگرام کو ایک منفرد حیثیت عطا کی۔پروگرام کے کلیدی مقرر ڈاکٹر رفیق پارنیرکر (پارنیر، احمد نگر) نے قرآن اور سنت تکارام مہاراج کے ابھنگوں کا حوالہ دیتے ہوئے اسلام کے پیغامِ محبت، ہمدردی، روا داری اور امن پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنی مؤثر تقریر کے ذریعے سامعین کو سماجی یکجہتی، بقائے باہمی، اور انسانیت کے اعلیٰ اقدار سے روشناس کروایا، ۔ معروف صحافی بھاگوت تاورے نے بھی سماجی ہم آہنگی اور خیر سگالی کے موضوع پر نہایت مؤثر اور جذباتی خطاب کیا۔
تقریب میں ضلع بیڑ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے نمائندے، لوکل کرائم برانچ کے سربراہ عثمان شیخ، اور تلواڑہ پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر نرکے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ انہوں نے گاؤں کے شہریوں کی جانب سے دکھائے گئے صبر و تحمل اور اتحاد کی بھرپور ستائش کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے اقدامات سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔اس موقع پر گاؤں کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات، بشمول سماجی کارکنان، اساتذہ، تاجر، اور نوجوان تنظیموں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ سبھی نے یہ پیغام دیا:
اگر ہم متحد رہیں تو کوئی طاقت ہمیں کمزور نہیں کر سکتی
پروگرام کا تعارف سید شفیق ہاشمی نے پیش کیا، جبکہ شیخ غیاث الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس موقع پر گاؤں کے موجودہ سرپنچ بالاصاحب راوت، سابق سرپنچ اشوک راؤ تھوپٹے، جماعت اسلامی ہند بیڑ کے ضلعی آرگنائزر سید افتخار، اور مولانا امین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سید نور بھائی نے شکریہ کی رسم ادا کی۔اس یادگار ‘عید ملن’ تقریب کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں شیر خرمہ پیش کیا گیا، جو محبت، بھائی چارے، اور اخوت کی مٹھاس سے لبریز تھا۔ یکجہتی کی طرف اٹھائے گئے اس قدم کا اطراف میں خاصا اثر دکھائی دیا۔ مقامی باشندوں نے اس کی ستائش کی۔