دونوں روٹ کی ٹرینیں ۸۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جاسکیں گی، منزلوں پر جلد پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
EPAPER
Updated: January 12, 2025, 11:41 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
دونوں روٹ کی ٹرینیں ۸۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جاسکیں گی، منزلوں پر جلد پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
میٹرو انتظامیہ نے سنیچر کو اطلاع دی ہے کہ ’چیف کمشنر آف ریل سیفٹی‘ (سی سی آر ایس) نے انہیں میٹرو ۷؍ اور ۲؍اے لائنوں پر میٹرو ٹرینوں کو پوری رفتار، یعنی ۸۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ‘ سے چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ایم ایم آر ڈی اے) کے مطابق جب سے یہ دونوں لائنیں شروع کی گئی ہیں ان پر زیادہ سے زیادہ ۵۰؍ سے ۶۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹرینیں چلانے کی عبوری اجازت دی گئی تھی۔ تاہم میٹرو انتظامایہ کے ذریعہ حفاظتی اقدامات کی تمام شرائط پوری کرلینے کی وجہ سے انہیں ۸۰؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس کارنامے پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ جو ایم ایم آر ڈی اے کے چیئر مین بھی ہیں نے میٹرو کی تعریف کی ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ۱۹؍ جنوری ۲۰۲۳ء کو اندھیری میں واقع ڈی این نگر کو دہیسر سے جوڑنے والی ۱۸ء۶؍ کلو میٹر کی میٹرو لائن ۲؍اے اور اندھیری (مشرق) کو دہیسر (مشرق) سے جوڑنے والی ۱۶ء۵؍ کلو میٹر طویل میٹرو ۷؍کا افتتاح کیا تھا۔ افتتاح کے دوسرے روز سے یہ دونوں لائنیں عوام کے لئے شروع کردی گئی ہیں اور ممبئی کی یہ اب تک کی سب سے کامیاب میٹرو ٹرینیں ثابت ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ میٹرو ۲؍ اے اور ۷؍ کو ورسوا سے گھاٹ کوپر کے درمیان چلنے والی میٹرو ایک سے جوڑا گیا ہے جس سے اس شہر میں میٹرو کا پہلا نیٹ ورک وجود میں آگیا ہے۔
ان دونوں لائنوں پر یومیہ تقریباً ڈھائی لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں اور خصوصاً زیادہ بارش ہونے پر جب سڑکوں اور راستوں پر پانی بھر جاتا ہے تو اونچائی پر ہونے کی وجہ سے ان کی خدمات متاثر نہیں ہوتیں اور لوگ ان میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ممبئی کی کافی کامیاب میٹرو مانا جارہا ہے۔ اب تک ان دونوں ٹرینوں میں تقریباً ۱۵؍ کروڑ لوگ سفر کرچکے ہیں۔