Inquilab Logo Happiest Places to Work

میٹرو ۳؍ کے دھاراوی اسٹیشن کا کام مکمل، دوسرا مرحلہ جلد شروع ہونے کی امید

Updated: April 09, 2025, 9:52 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

انتظامیہ نے دھاراوی میٹرو اسٹیشن کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔مقامی افراد نے میٹھی ندی قریب ہونے پر موسلادھار بارش کے دوران اسٹیشن میں پانی بھرجانے کا اندیشہ ظاہر کیا۔

A photo of Dharavi station released by the metro administration. INN
میٹرو انتظامیہ کی جانب سے دھاراوی اسٹیشن کی جاری کی گئی تصویر۔ آئی این این

میٹروریل انتظامیہ نے منگل کو دھاراوی میٹرو اسٹیشن کی تعمیر مکمل ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے اس کی تصویریں جاری کی ہیں۔ اس دوران ’کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی‘ نے میٹرو- ۳، جسے ’ایکوا لائن‘ بھی کہا جاتا ہے، کے دوسرے مرحلے کی حتمی جانچ شروع کردی ہے جس سے امید کی جارہی ہے کہ جلد ہی بی کے سی سے آچاریہ آترے چوک تک میٹرو کی خدمات شروع کردی جائیں گی۔ 
 دوسرے مرحلے میں میٹرو شروع کرنے کیلئے تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے، البتہ یہ خدمات شروع کرنے سے قبل مسافروں کے تحفظ اور سلامتی کیلئے سیکوریٹی سرٹیفکیٹ کلیئرینس ملنا باقی ہے جو سیفٹی کمشنر کی جانچ اور معائنہ کے بعد ملنے کی امید ہے۔ چونکہ سیفٹی کمشنر نے یہ معائنہ شروع کردیا ہے اس لئے بہت جلد میٹرو-۳؍ کی یہ خدمات شروع ہونے کا امکان ہے۔
 یاد رہے کہ ممبئی میٹرو ۳؍ کو جنوبی ممبئی کے کف پریڈ سے مضافات کے آرے کالونی کے درمیان ۳۳ء۵؍ کلو میٹر کے راستے پر چلانے کا منصوبہ ہے۔ آرے کالونی سے بی کے سی کے درمیان ۱۲ء۶۹؍ کلو میٹر کا پہلا مرحلہ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء کو شروع کیا جاچکا ہے۔ منتظمین کی جانب سے عوام کو یہ تاثر دیا گیا تھا کہ دوسرے مرحلے میںباندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) سے کف پریڈ تک خدمات شروع کردی جائیں گی، تاہم کچھ عرصہ قبل ہی یہ وضاحت کی گئی ہے کہ دوسرے مرحلے کو ’۲؍ اے‘ نام دیا گیا ہے اور اس میں بی کے سی سے ورلی کے آچاریہ آترے چوک تک  خدمات شروع کی جائیں گی جس میں ۶؍ اسٹیشن جڑیں گے۔
 میٹرو-۳؍ کے۲؍ اے مرحلے میں جن اسٹیشنوں پر خدمات شروع کی جائیں گی، ان کے نام دھاراوی،شتلا دیوی مندر، دادر  ، سدھی ونائیک، ورلی اورآچاریہ آترے چوک ہیں۔ یہ کُل ۹ء۷۷؍ کلو میٹر کا طویل راستہ ہے۔
دریں اثناء منگل کو دھاراوی اسٹیشن کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے میٹرو انتظامیہ نے کہا ہے کہ میٹھی ندی کے کنارے واقع اس اسٹیشن کو (سرنگ بنانے کیلئے استعمال ہونے والی) ’کَٹ اینڈ کور‘ تکنیک استعمال کرکے تعمیر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ زیر زمین اسٹیشن ہے۔ انتظامیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس اسٹیشن کی تعمیر میں متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا تھا جن میں زمین کا حصول، گاڑیوں کی آمدو رفت کے نظام میں تبدیلی اور تعمیراتی کام کے دوران زیر زمین گزرنے والی مختلف شہری سہولتوں (مثلاً کیبل، گیس کی لائن اور گٹر وغیرہ) کا رُخ بھی موڑنا پڑا تھا۔
ایکوا لائن میٹھی ندی کے نیچے سے گزرتی ہے اور اس کا اسٹیشن میٹھی ندی کے قریب ہے اس لئے بہت سے افراد اس پر تشویش کا اظہار کررہے ہیں کہ میٹھی ندی سے اسٹیشن یا ایکوا لائن کو کوئی نقصان تو نہیں پہنچے گا۔ اس تعلق سے وویک شاہ نامی شہری نے سوشل میڈیا پر ایم ایم آر ڈی اے کی سینئر افسر اشونی بھڈے کو ٹیگ کرکے کہا ہے کہ ’’امید کرتا ہوں کہ اس بات کا خیال رکھا گیا ہوگا کہ میٹھی ندی کا پانی اسٹیشن میں نہ گھسے ورنہ اس کا پانی میٹرو سسٹم میں داخل ہوگااور کف پریڈ میں باہر نکلے گا جو اچھا نظارہ نہیں ہوگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK