• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مائیکروسافٹ نےحیدرآباد میں اپنے نئے کیمپس کاآغازکیا، افتتاح تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کیا

Updated: February 14, 2025, 12:36 PM IST | Agency | Hyderabad

نئی عمارت کے آغاز کے ساتھ مائیکروسافٹ مزید۴؍ ہزار ۸؍سو ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مائیکروسافٹ نے حکومت کی شراکت سے ریاست میں۱ء۲؍ لاکھ سے زیادہ افراد کو اے آئی کی تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

Telangana Chief Minister Revanth Reddy speaking. Photo: PTI
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی خطاب کرتےہوئے۔ تصویر:  پی ٹی آئی

ٹکنالوجی کی سرکردہ کمپنی مائیکروسافٹ نے جمعرات کو حیدرآبادمیں اپنے نئے کیمپس کاآغازکیا۔نئے کیمپس کا افتتاح تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے وزیر آئی ٹی اینڈ انڈسٹریز ڈی سریدھر بابو کے ساتھ کیا۔گچی باؤلی میں۱ء۱؍ملین مربع فٹ کی اس جدید ترین عمارت میں۲۵؍سو سے زائد ملازمین ہوں گے۔ یہ پہلے  ہی سے یو ایس ہیڈکوارٹر کے باہر مائیکروسافٹ کا سب سے بڑا آراینڈ ڈی مرکز ہے اور نئے کیمپس کا افتتاح حیدرآباد کے درجہ کو عالمی آئی ٹی پاور ہاؤس کے طور پر مزید مستحکم کرتا ہے۔ مائیکروسافٹ ہندوستان  میں ۲۰؍ ہزارسے زیادہ پیشہ ور افراد کو ملازمت فراہم کرتا ہے جن میں سے نصف حیدرآباد میں کام کرتے ہیں۔ نئی عمارت کے آغاز کے ساتھ مائیکروسافٹ مزید۴؍ ہزار ۸؍سو ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔اس موقع پر مائیکروسافٹ نے حکومت تلنگانہ کے ساتھ شراکت  سے ایک اور تاریخی اقدام کا بھی اعلان کیا تاکہ ریاست میں۱ء۲؍ لاکھ سے زیادہ افراد کو اے آئی کی تربیت فراہم کی جائے۔پہلے پروگرام تلنگانہ جی ای (آئی)ایڈونٹا کے تحت، مائیکروسافٹ ایک اے آئی فاؤنڈیشن اکیڈمی کا آغاز کر رہا ہے تاکہ۵۰۰؍ سرکاری اسکولوں میں اے آئی تعلیم متعارف کرائی جاسکے جس سے۵۰؍ ہزار طلبہ مستفید ہوں گے۔ 
اس موقع پر مائیکروسافٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلی ریونت ریڈی نے کہا،’’حیدرآباد اور مائیکروسافٹ نے ایک ساتھ ترقی کی ہے اور اس ریاست کے ایک قابل فخر نمائندے کے طور پر میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ صرف شروعات ہے۔ دنیا آج حیدرآباد کو ایک ٹکنالوجی پاور ہاؤس کے طور پر دیکھتی ہے، یہ ایک ایسا شہرہے جو جدت کو پروان چڑھاتا ہے اور عالمی ہنر کو راغب کرتا ہے۔‘‘  وزیرآئی ٹی سریدھربابو نے کہا ،’’ نیا کیمپس اور مائیکروسافٹ کے ذریعہ شروع کردہ اے آئی سے متعلق کئی اقدامات ریاست میں پائیداری، شمولیت اور اختراع کے لئے ان کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘‘
 مائیکروسافٹ انڈیا ڈیولپمنٹ سینٹر منیجنگ ڈائریکٹر اورچیئرمینراجیو کمار نے کہا،’’حیدرآباد میں مائیکروسافٹ انڈیا ڈیولپمنٹ سینٹر کی نئی عمارت تلنگانہ کے اختراعی ماحولیاتی نظام اور اے آئی پہلی قوم بننے کے ہندوستان کے وژن کے تئیں ہماری وابستگی کو واضح کرتی ہے۔ ہم ریونت ریڈی اور آئی ٹی کے وزیر سریدھر بابو کے شکر گزار ہیں ۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ،’’ہم ریاست بھر میں ڈیجیٹل تبدیلی اور اے آئی  مہارت کے مواقع میں اضافہ کرنے کیلئے اپنی شراکت کے منتظر ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK