• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میونسپل اسکولوں میں غیر معیاری کھچڑی سپلائی کرنے والے اداروں کو متنبہ کیا گیا

Updated: March 21, 2024, 10:05 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

آئندہ ۳؍سال کیلئے ٹینڈر جاری کرنے سے قبل شہری انتظامیہ نے ٹھیکیداروں کیلئےضروری احکامات جاری کئے۔

A school is giving mid day meall. Photo: INN
ایک اسکول میں میڈ ڈے میل دیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

مڈ ڈےمیل میں طلبہ کوغیرمعیاری کھچڑی سپلائی کرنےوالے ٹھیکیداروں کو بی ایم سی نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔ آئندہ ۳ ؍ سال کیلئے ٹینڈر جاری کرنے سے قبل شہری انتظامیہ نے ٹھیکیداروں کیلئےضروری احکامات جاری کئے ہیں جن میں ٹھیکیداروں کو متنبہ کیاگیاہے کہ وہ کھچڑی کی کوالیٹی میں کسی طرح کاسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کھچڑی غیرمعیاری ہونے پر ان کے خلاف کارروائی کےساتھ جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔ 
میونسپل اسکولوں میں مڈڈے میل کےطورپر طلبہ کو کھچڑی دی جاتی ہے۔ کھچڑی کا ٹھیکہ غیر سرکاری تنظیموں اور مہیلابچت گٹ گروپ کو دیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال اس طرح کے ۱۶۰؍ اداروں کو کھچڑی کاٹھیکہ دیاگیاتھا۔ بی ایم سی کے متعلقہ محکمہ کےمطابق ان اداروں کےمعاہدے ختم ہورہے ہیں۔ اب ۲۵-۲۰۲۴ء، ۲۶-۲۰۲۵ء اور ۲۷-۲۰۲۶ء کیلئے نئے ٹینڈر جاری کئے جانےکی تیاری جاری ہے۔ اس مرتبہ مہیلابچت گٹ کو ترجیح دی جائے گی لیکن جو ٹھیکیدار ٹینڈر فارم پُرکریں گے، وہ اس بات کواچھی طرح سمجھ لیں کہ طلبہ کو اچھی کوالیٹی کی کھچڑی سپلائی کرنی ہے۔ کوالیٹی کےمعاملہ میں کسی طرح کاسمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ ناقص اورغیر معیاری کھچڑی سپلائی کرنےوالی تنظیموں پر۵؍ہزارروپےجرمانہ عائد کیا جائے گا ساتھ ہی شہری انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ کھچڑی کھانے کے بعداگر طلبہ بدہضمی اور طبیعت خراب ہونےکی شکایت کرتےہیں تو متعلقہ ادارے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 
واضح رہے کہ مڈڈے میل کے طور پر تقسیم کی جانےوالی غیر معیاری اور ناقص کھچڑی کھانے سے ۱۰؍ اگست ۲۰۱۸ء میں گوونڈی کے میونسپل اسکول میں ۲۱۹؍طالب علم بیمار پڑےتھے۔ اس واقعہ میں ایک ۱۲؍ سالہ طالب علم کی موت ہوگئی تھی۔ اسی طرح ۱۳؍اکتوبر ۲۰۲۳ءمیں چمبور کے وانک گائوں کےمیونسپل اسکول میں ۱۶؍ طالب علم کھچڑی کھانے کے بعد بیمار پڑگئےتھے۔ اس طرح کے واقعات پرقابوپانےکیلئے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم نے سخت کارروائی کے ساتھ طلبہ کیلئے معیاری کھچڑی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے نئے ضوابط نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ کیلئے عمدہ کوالیٹی کی کھچڑی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ تعلیم کےسپروائزراور بیٹ آفیسر مڈڈے میل کے طورپرطلبہ کو دی جانے والی کھچڑی کے معیار کو جانچنے کیلئے اسکولوں اور کھچڑی بنانے والی جگہوں کا دورہ کریں گے۔ اس طرح کھچڑی بنانے والا ادارہ لاپروائی نہیں برتے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK