گزشتہ ۳؍ سال میں’ کرناٹک مِلک فیڈریشن ‘کی جانب سے قیمتوں میں دوسرا بڑا اضافہ،۲۰۲۲ء میں ۳؍ روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
EPAPER
Updated: February 21, 2025, 12:23 PM IST | Agency | Bengaluru
گزشتہ ۳؍ سال میں’ کرناٹک مِلک فیڈریشن ‘کی جانب سے قیمتوں میں دوسرا بڑا اضافہ،۲۰۲۲ء میں ۳؍ روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
کرناٹک میں دودھ کی قیمت میں۵؍روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ’کرناٹک ملک فیڈریشن‘ (کے ایم ایف) نے نندنی دودھ کی قیمت میں ۵؍ روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی شرحیں ۷؍مارچ کو ریاستی بجٹ کے فوراً بعد نافذہوں گی۔اب ٹونڈ دودھ کی ایک لیٹر کی قیمت ۴۷؍ روپے ہوجائے گی۔ گزشتہ ۳؍ سال میں’ کرناٹک ملک فیڈریشن‘ کی جانب سے قیمتوں میں یہ دوسرا بڑا اضافہ ہے۔۲۰۲۲ء میں دودھ کی قیمت میں ۳؍ روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد۲۰۲۴ء میں فی پیکٹ ۲؍روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔تاہم کے ایم ایف نے ہر پیکٹ دودھ کی مقدار میں اسی طرح کے اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے اس اضافے کو درست قرار دیا تھا۔ یہ اضافہ دیگر ضروری اشیاء اور خدمات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد کیا گیا ہےجس سے صارفین پر مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔
کے ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر بی شیو سوامی نے کہا کہ قیمت میں ترمیم ڈیری کسانوں کی فی لیٹر پانچ روپے کی اضافے کی مستقل مانگ کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اس وقت روزانہ تقریباً ۷۹-۸۱؍ لاکھ لیٹر دودھ خرید رہے ہیں جو پچھلے۸۵-۹۹؍لاکھ لیٹر یومیہ سے کم ہے۔ پچھلے برسوں میں صارفین کو دی جانے والی اضافی دودھ کی سپلائی اب بند کر دی جائے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ قیمت میں اضافے کے باوجود نندنی دودھ کرناٹک اور قریبی ریاستوں کے کئی دوسرے برانڈز کے ساتھ ساتھ آن لائن آپشنز کی نسبت زیادہ کفایتی رہے گا۔ قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ سدارمیا کریں گے اور توقع ہے کہ ریاستی بجٹ میں اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔