• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

وزارتیں تقسیم، کوئی بڑا فرق نہیں، نتیش، نائیڈو بے اثر

Updated: June 11, 2024, 3:20 PM IST | Agency | New Delhi

داخلہ، مالیات اور دفاع کا قلمدان پھر امیت شاہ، نرملا سیتارمن اور راج ناتھ سنگھ کو سونپ دیاگیا، شیوراج سنگھ کو وزارت زراعت ملی، جے پی نڈا وزارت صحت میں واپس آگئے۔

Prime Minister Narendra Modi`s meeting with his ministers after cabinet formation and distribution of portfolios. Photo: PTI
کابینہ کی تشکیل اور قلمدانوں کی تقسیم کے بعد وزیراعظم نریندرمودی کی اپنے وزیروں کے ساتھ میٹنگ۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کو اپنی کابینہ میں قلمدانوں کی تقسیم کے ساتھ ان قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کردیا کہ  وہ  اپنی اتحادی پارٹیوں تیلگودیشم یا جے ڈی یوکے دباؤ میں ہیں۔ ان اطلاعات کے برخلاف کہ  چندرا بابو نائیڈو اور نتیش کمار وزارت داخلہ امیت شاہ کو دینے کے خلاف ہیں اور اہم وزارتوں  پر انہوں نے اپنا دعویٰ پیش کیا ہے، مودی نے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈروں کی سابقہ وزارتیں بحال رکھیں۔  مودی کے اقتدار میں بننے والی این ڈی اے سرکار میں بھی امیت شاہ وزیر داخلہ،  نرملا سیتارمن وزیر مالیات، راج ناتھ سنگھ وزیر دفاع،  ایس جے شنکر  وزیر امور خارجہ اور نتن گڈکری وزیر روڈ ٹرانسپورٹ ہوںگے۔ان کے علاوہ بی جے پی  صدر کی وزیر صحت کے طورپر مودی کابینہ میں  واپسی ہوئی ہے جبکہ سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو وزارت زراعت سونپ دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی رہائش گاہ پر کابینہ کی میٹنگ
پیر کو کابینہ کی پہلی میٹنگ وزیر اعظم کی رہائش گا ہ پر منعقد ہوئی۔ جہاں وزراء کو قلمدانوں کی تقسیم کی گئی ہے۔ جیسا کے مانا جارہا تھا کہ اہم قلمدان بی جے پی  نےاپنے پاس ہی رکھے ۔ نتیش کمارکی جے ڈی یو اور چندرا بابو نائیڈو کی ٹی ڈی پی کو اہم قلمدان ملنے کی امید تھی، لیکن قلمدانوں کی تقسیم سے واضح ہوگیا کہ دونوں  لیڈر بی جےپی قیادت پر اثر انداز ہونے میں ناکام  رہے ہیں۔   وزیر اعظم نے اپنی سابقہ کابینہ کے ۱۹؍ وزراء کو برقرار رکھا۔
چند دنوں میں تماشہ کے آثار
حالانکہ حکومت سازی کے بعد قلمدانوں کی تقسیم کا  پہلا مرحلہ وزیراعظم مودی کامیابی سے پار کرتے نظر آرہے ہیں مگر ناراضگی کی چنگاری بھی نظر آنے لگی ہے۔ شیوسینا (شندے گروپ) وزیرمملکت کا عہدہ ملنے پر ناراض ہے جبکہ   اتوار کو  اجیت پوار کی این سی پی وزیر مملکت کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ کیرالا سے بی جےپی کے واحد ایم پی سریش گوپی نے اتوار کو وزیر مملکت کا حلف لینے کے بعد پیر کو وزارت پر رہنے میں معزور ظاہر کی۔ انہوں نے حالانکہ اس کیلئے اپنی فلمی اور دیگر مصروفیات کا حوالہ دیا  ہے مگر قیاس آرائی کی جارہی ہے ان کے ساتھ کورین جارج کو بھی وزیر مملکت بنائے جانے سے وہ ناراض ہیں۔ بہرحال انہوں نے ناراضگی کی تردید کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK