• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دہلی ایئر پورٹ پر صرف ٹرمنل۳؍سے طیارہ خدمات شروع ہوں گی: وزارت ہوابازی

Updated: April 26, 2020, 6:30 AM IST | Agency | New Delhi

حکومت نے خدمات کب شروع ہوں گی فی الحال اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی لیکن تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، مسافروں کی تعداد ابتدا میں انتہائی کم رکھنے کا فیصلہ

Delhi Airport - Pic : INN
دہلی ایئر پورٹ ۔ تصویر : آئی این این

 لاک ڈائون کے بعد جب طیارہ خدمات شروع ہوں گی تو دہلی کے اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر شروع میں تین ٹرمنلوں میں سے صرف ایک کو ہی کھولنے کا منصوبہ ہے۔حکومت نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ طیارہ خدمات شروع کرنے کی اجازت کب دی جائے گی لیکن شہری ہوابازی کی وزارت، ہوائی اڈہ کی آپریٹنگ کمپنی ’ڈائل‘، طیارہ خدمات فراہم کرانے والی کمپنیوں اور سیکورٹی ایجنسیوں نے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ انفیکشن روکنے کے لئے سماجی دوری اور صحت سے متعلق حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ مسافروں کی باقاعدہ  خدمات کو باقاعدگی سے یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات پر بھی مسلسل غور و خوض ہورہا ہے۔
 ان تیاریوں کی معلومات سے واقف ذرائع نے  بتایا کہ شروع میں صر ف ٹرمنل۳؍کو ہی کھولا جائے گا اور تمام پروازیں وہیں سے روانہ ہوں گی۔ پہلے صرف گھریلو پروازیں شروع کی جائیں گی۔ اس کے لئے بین الاقوامی ٹرمنل ٹی۳؍کا استعمال کیا جائے گا کیونکہ وہاں زیادہ کائونٹر اور کافی جگہ ہے جس سے سماجی دوری قائم رکھنا آسان ہوگا۔ ٹرمنل۳؍کا کل رقبہ ۵۴؍ لاکھ مربع فٹ ہے۔ یہاں ۱۶۸؍ چیک ان کائونٹر، بورڈنگ کے لئے ۷۸؍ ایئر برج اور۱۴؍لگیج  بیلٹ ہیں۔
 شروع میں چنندہ روٹوں پر ہی طیارہ خدمات شروع ہونے کی امید ہے۔ اس سے مسافروں کی آمدوفت بھی کم رہے گی۔ اس کے باوجود مسافروں کو وقت سے تین گھنٹے پہلے ہوائی اڈہ پر پہنچنے کے  لئے کہا جاسکتا ہے کیونکہ سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے ٹرمنل میں داخلہ اور چیک ان، لگیج ٹیگنگ وغیرہ میں زیادہ وقت  لگ جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ ہوائی اڈہ پر موجود شوروم اور دوسرے کاروباری آوٹ لیٹ فی الحال بند رہیں گے۔ مسافروں کے آن لائن چیک ان کے لئے خود انہیں کہا جائے گا کہ وہ یہ کام خود کریں۔  ہوائی اڈہ پر بھی انہیں خود بورڈنگ پاس جنریٹ کرنے کی صلاح دی جائے گی۔ ہر مسافر کے استعمال کے بعد سیلف چیک ان مشین کے کی بورڈ کو جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔
 سیکوریٹی جانچ میں لگے جوانوں کے ساتھ ہی مسافروں کے سیدھے رابطہ میں آنے والا ہر ملازم پی پی ای کٹ میں ہوگا۔ مسافروں کو ہینڈ بیگیج نہیں لے جانے کے لئے کہا جائے گا۔ اس کے بعد چیک ان بیگج وزن حد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ بیگج چیک ان کرنے کے بعد طیارہ میں لوڈ کرنے سے پہلے الٹراوائلٹ کرنوں سے اسے جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔ ڈائل نے ٹرمنل کے داخلہ کے دروازہ، چیک ان کائونٹر، لفٹ کے اندر اور دیگر جگہوں پر فرش پر دوری قائم رکھنے کیلئے باکس بنائے ہیں جن میں مسافر داخلہ، سیکوریٹی چیک، چیک ان بورڈنگ وغیرہ کے لئے قطار میں کھڑے ہوں گے۔ فلائٹ کا انتظار کررہے مسافروں کو ایک ایک سیٹ چھوڑ کر بٹھایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK