مالیگائوں میں جعلی برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کے الزام میں ہورہی گرفتاریوں کے سبب عوام میں بے چینی، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کا اظہار ناراضگی۔
EPAPER
Updated: February 16, 2025, 10:17 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
مالیگائوں میں جعلی برتھ سرٹیفکیٹ بنوانے کے الزام میں ہورہی گرفتاریوں کے سبب عوام میں بے چینی، مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کا اظہار ناراضگی۔
مالیگائوں میونسپل کارپوریشن میں جعلی برتھ سرٹیفکیٹ کی انکوائری سے متعلق تفتیش کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی کی کارروائیوں سے شہر کے باشندوں میں بے چینی ہے۔ جبکہ سماجی کارکنان اس پر ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ شہر میں اب تک جعلی سرٹیفکیٹ بنانے یا اس میں مدد کرنے کے الزام میں ۶؍افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ ایک ایڈوکیٹ کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے لیکن انہوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کی عرضی داخل کر رکھی ہے جس پر سماعت ہو چکی ہے لیکن فیصلہ محفوظ رکھا گیا ہے۔ پے درپے ہوئی کارروائیوں کے دوران ۲؍سرکاری افسران کومعطل بھی کیا گیا ہے۔ اس معاملے کو فرقہ پرستانہ سیاست سے منسلک کرکے دیکھا جارہاہے۔ گزرتے وقت کےساتھ فرقہ پرست سیاسی پارٹیاں اور ہندوتواکے نام پر زندہ رہنے والی تنظیمیں مالیگائوں اور یہاں کے شہریوں کے تعلق سے طوفانِ بد تمیزی مچانے کے تمام طریقے اختیار کررہی ہیں۔
ان حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے مالیگائوں کی مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے مل کر ایک تنظیم قائم کی ہے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی جس کے سربراہ ہیں سابق رکن اسمبلی آصف شیخ۔ سنیچر کو مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے عہدے داران واراکین نے اسی سلسلے میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی اور واضح کیا کہ انہیں ایس آئی ٹی جانچ پر بھروسہ نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران تنظیم کے کنوینر آصف شیخ نے کہا کہ ’’مالیگائوں کے ایسے غریب شہری جنہوں نے اپنے برتھ سرٹیفکیٹ پر ناموں کے غلط اندراج کی درستی کیلئے حلف نامہ اور و عریضہ دیا تھا اُن پر ایس آئی ٹی کی کارروائی ہورہی ہے۔ کم پڑھے لکھے شہریوں کے ساتھ غیر واجبی طریقے سےسرکاری انتظامیہ پیش آرہاہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ ہمیں ایس آئی ٹی پر بھروسہ نہیں ہے کیونکہ وہ ایماندارانہ وشفاف طریقے سے انکوائری نہیں کررہی ہے۔ کارروائی یک طرفہ ہورہی ہے جس سے عمومی سطح پر بھی بے چینی پھیلی ہوئی ہے۔ ‘‘ آصف شیخ نے بتایا کہ ’’جنہوں نے دستاویزات بناکردینے کیلئے عریضوں کو منظور کیا ایسے افسران پر بھی کارروائی کرنا ضروری ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ بی جے پی اور اس کی بغل بچہ تنظیموں کی جانب سے ایس آئی ٹی کے بجائے اے ٹی ایس کے ذریعے انکوائری کروانے کا مطالبہ ہورہاہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ بی جے پی کے اہداف میں مالیگائوں سرفہرست ہے۔ لہٰذا شہریان مالیگائوں کو بھی الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘
مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری محمدمستقیم نے کہا کہ ’’بوسیدہ ہوچکے برتھ سرٹیفکیٹ کی فریش کاپی (نقل؍ زیراکس) نکالنے والوں پر بھی کارروائی ہورہی ہے۔ یہ سراسر غلط ہے۔ ایسے شہری جن کے پاس بطور ثبوت اصلی برتھ سرٹیفکیٹ ہےلیکن وہ کاغذ پرانا ہونے کے سبب کئی جگہوں سے کٹ پھٹ گیا ہےاُس کی نئی کاپی نکال کر محفوظ رکھنے یا بوقت ضرورت استعمال کرنے کی نوبت آتی ہے اُن پر بھی قانونی شکنجہ کسنا درست نہیں ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ ’’اس معاملے میں ہائی کورٹ کے ماہرین قانون سے رابطہ کرکے گفت وشنید کی گئی ہے۔ ہم نے طے کیا ہے کہ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیّا کو قانونی طریقے سے جواب دینے کی کوئی شکل نکالی جائے۔ ‘‘
اس پریس کانفرنس میں احسان شیخ، شکیل بیگ، اسلم انصاری، اعجاز عمر، رضوان خان، عبدالباقی ساگر، صابر گوہر، شانِ ہند، محمد آمین، نوید خطیب وغیرہ شامل تھے۔