’مسلم مرر‘ کے مطابق اس پروجیکٹ کا مقصد میڈیا کے ایک طبقے کے ذریعے مسلمانوں کی منفی تصویر کشی کا جواب دینا ہے، مسلم کمیونٹی کے وسیع دائرہ کار کی عکاسی کی کوشش۔
EPAPER
Updated: January 06, 2025, 12:33 PM IST | Agency | New Delhi
’مسلم مرر‘ کے مطابق اس پروجیکٹ کا مقصد میڈیا کے ایک طبقے کے ذریعے مسلمانوں کی منفی تصویر کشی کا جواب دینا ہے، مسلم کمیونٹی کے وسیع دائرہ کار کی عکاسی کی کوشش۔
مائناریٹی میڈیا فاؤنڈیشن نے ۲۰۲۴ء کے ۱۰۰؍ بااثر ہندوستانی مسلمانوں کی ایک منتخب فہرست جاری کی ہے جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مسلم شخصیات شامل ہیں جن کے ہندوستان میں غیر معمولی اثرات ہیں۔ اس فہرست سازی میں غیر جانبداری کے ساتھ ہمہ جہت خدمات کا جائزہ لے کر اسے ایک پینل نے تیار کیا ہے۔ یہ اطلاع ایک ریلیز میں دی گئی۔ واضح رہے کہ یہ تمام شخصیات بقید حیات ہیں۔ یہ پیشکش مختلف شعبوں میں ہندوستانی مسلمانوں کی نمایاں خدمات پر روشنی ڈالتی ہے جو قومی سطح پر ان کی قیادت اور سماجی اثرات کو پیش کرتی ہیں۔ اس پروجیکٹ کا مقصد ہندوستانی مائناریٹی بالخصوص مسلمانوں کی منفی تصویر کشی کا جواب دینا ہے جو اکثر کارپوریٹ فنڈ سے چلنے والے میڈیا کے ذریعے سیاسی ایجنڈوں کی پبلسٹی کرتے ہیں۔ اس فہرست کو ترتیب دے کر’ مسلم مِرر‘ نے ایک مثبت بیانیہ پیش کیا ہے، جو ملک کی ترقی اور معاشرے میں ہندوستانی مسلمانوں کی متحرک اور متنوع شراکت کو دنیا کے سامنے لاتا ہے ۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ انتخاب کا عمل بلاشبہ جامعیت اور تنوع کا مظہر ہے، جو کشمیر سے کنیا کماری اور آسام سے گجرات تک کامیابی حاصل کرنے والوں کی نمائندگی کررہا ہے۔ یہ فہرست سیاست، مذہب، ایکٹویسٹ، ادب، کاروباری، تعلیمی، کھیل اور تفریح سمیت کئی شعبوں پر محیط ہے۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس فہرست سازی میں اس بات کی خاص طور پر توجہ دی گئی ہے کہ مسلمان کسی بھی شعبہ ہائے زندگی میں پیچھے نہیں ہیں اور وہ ہر کمیونٹی کی فلاح کے لئے یکساں طور پر کمربستہ ہیں ۔ اس میں مسلم کمیونٹی کے وسیع دائرہ کار کی عکاسی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انگریزی نیوز پورٹل ’مسلم مرر‘ کی یہ خصوصی پیشکش قابل مطالعہ ہے یہ قیمتی، یادگار دستاویز مسلم سماج کی ممتاز شخصیات کی سماجی، ملی اور قومی تعمیر کی جدوجہد اور کلیدی رول کو نمایاں کرتی ہے کہ مسلمان صرف لینے والا نہیں بلکہ دینے والا بھی ہے۔ ان نمایاں شخصیتوں میں اے آر رحمان، مفتی اعظم اے آر ابوبکر ملسیار، مولانا ارشد مدنی، تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا سعد، عامر ادریسی، عامر خان، عبدالحمید نعمانی، عبدالقادر فضلانی، مولانا سجاد نعمانی، ابوعاصم اعظمی، اسد الدین اویسی، ابوالقاسم نعمانی، عظیم پریم جی، عمر عبداللہ اور سلمان خان وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ مسلم مرر کے بانی ایڈیٹر سیدزبیر احمد نےقارئین سےتجویز مانگی ہےکہ وہ نام پیش کئے جا ئیں جو اس فہرست میں چھوٹ گئے اورجنہیں ۲۰۲۵ء کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے۔