میراروڈ اور بھائندر کی مساجد میں علماء کرام نے عوام سے اپنے خطاب میں صد فیصد ووٹنگ کی گزارش ،نماز کے بعد ہینڈ بل تقسیم کئے گئے
EPAPER
Updated: November 01, 2024, 11:51 PM IST | Sajid Shaikh | Mumbai
میراروڈ اور بھائندر کی مساجد میں علماء کرام نے عوام سے اپنے خطاب میں صد فیصد ووٹنگ کی گزارش ،نماز کے بعد ہینڈ بل تقسیم کئے گئے
اسمبلی انتخابات کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور انہیں اپنے جمہوری فریضہ کی ادائیگی کیلئے جمعہ کے روز دینی جماعتوں نے کوششیں کیں۔ میراروڈ اور بھائندر کی مساجد میں علماء کرام نے عوام سے اپنے خطاب میں صد فیصد ووٹنگ کی گزارش کی ۔
مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم( ممبئی) نے میرا روڈ کی مساجد کے باہر ہینڈبل تقسیم کئے۔ ان ہینڈ بل میں نفرت کی سیاست کو نظر انداز کرکے ذات پات، مذہب اور علاقے کے تعصب سے بالاتر ہوکر اپنے جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے روزی روٹی، علاج، تعلیم اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی خاطر اپنے ووٹ ڈالنے کی ترغیب دی گئی ۔
مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم کے رضاکار اور جماعت اسلامی میراروڈ کے مقامی امیر سید برکت علی نے انقلاب کو بتایا کہ تقریباً ۵۰؍ مساجد کے باہر ہمارے رضاکاروں نے ۸۰۰۰ ؍ ہینڈبل تقسیم کئے اور آئندہ کارنر میٹنگ کے ذریعہ بھی عوام میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔
تنظیم علمائے اہلسنت و سنی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی میرا بھائندر کے جنرل سیکریٹری مفتی اختر علی واجدالقادری نے انقلاب کو بتایا کہ ہماری تنظیم علمائے اہلسنت و سنی مرکزی رویت ہلال کمیٹی میرابھائندر نے مساجد کے ائمہ کرام کے نام ایک گزارش نامہ ارسال کیا تھا جس میں ہم نے لکھا تھا وطن عزیز ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں بہتر حکومت کے انتخاب کیلئے ووٹ ہی اہم ذریعہ ہے ۔حکومت کی تشکیل کے لئے عوام کو ۵؍سال میں صرف ایک بار موقع ملتا ہے اگر آپ نے ووٹ دینے میں غفلت کی تو بہت بڑی غلطی ہوگی اور اس کا خمیازہ ہمیں ۵؍سال تک بھگتنا پڑے گا۔ ہم اپنے ووٹوں کا استعمال کرکے حکومت کی پالیسیوں پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ ہمارے ووٹوں میں ریاست کی قیادت میں بہتر تبدیلی لانے کی طاقت ہے۔ اس لئے ریاست کی خوشحالی ،ترقی اور امن و امان کی بحالی کیلئے ۲۰؍ نومبر کو صد فیصد ووٹ دیں۔
انہوں نے بتایا میرابھائندر کی متعدد مساجد میں علماء کرام نے عوام سے خطاب کیا جن میں جامع مسجد ریڈینٹ سوسائٹی میں تنظیم کے صدر مولانا مثنی اشرفی ، جنرل سیکریٹری علامہ مفتی اختر علی واجدالقادری نے گیتانگر فیس فور کی مسجد مسجد و مدرسہ محب القرآن گنگا کمپلیکس میں سرپرست تنظیم مولانا اختر حسن صابری مسجد و مدرسہ فیضان خواجہ غریب نواز انیتا میں مولانا ریاض احمد قادری ،محمدی مسجد میں حسین عطاری ، جامع مسجد بھائندر مشرق میں قاری محمد شعیب فاروقی ،مسجد اہلسنت گرین اوینیو میں مولانا محمد نذیر احمد رضوی اور ہاٹکیش کی رضا مسجد میں مولانا محمد عثمان رضا برکاتی نے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپنے جمہوری فریضہ کی ادائیگی کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ شر اور مافات کی دیگر مساجد میں بھی ائمہ کرام نے تنظیم علمائے اہلسنت میرابھائندر کے گزارش نامہ کے مطابق اعلان کیا گیا۔