• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میراروڈ :نیانگر میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا سرعام بہیمانہ قتل

Updated: October 11, 2024, 11:16 PM IST | Sajid Shaikh | Mumbai

یہاں نیا نگر علاقے میں این ایچ اسکول کے قریب ایک شخص نے اپنی بیوی کا سرعام قتل کر دیا۔وہاں موجود پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

Accused Nadeem Khan
ملزم ندیم خان

یہاں نیا نگر علاقے میں این ایچ اسکول کے قریب ایک شخص نے اپنی بیوی کا سرعام قتل کر دیا۔وہاں موجود   پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ندیم خان کا  اور اس کی بیوی   امرین   کے درمیان طلاق کا کیس جاری تھا۔ ڈیڑھ سال سے دونوں الگ رہ رہے تھے اور ہائی کورٹ نے دو  بچوں کی تحویل بیوی کو دینے کا حکم دیا تھا۔ جمعہ کو امرین اپنی بیٹی جو   این ایچ اسکول میں زیر تعلیم ہے، سے ملنے گئی تھی تبھی ملزم ندیم خان بھی وہاں پہنچ گیا۔ دونوں میں بحث وتکرار ہوئی  اور طیش میں آکرندیم خان نے چاقو سے امرین پر حملہ کرکے اس کا گلا کاٹ   دیا۔ چونکہ جمعہ کی نماز کا وقت تھا اس لئے وہاں کافی   لوگ موجود تھے اور بڑی تعداد میں پولیس بندوبست بھی تھا ۔پولیس نے ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا ۔
 اس  کے بارے ڈپٹی پولیس کمشنر  پرکاش گائیکواڑ نے میڈیا کو بتایاکہ میاں بیوی کے درمیان  تنازع تھا اور تھانے کورٹ میں طلاق کا کیس چل رہا تھا۔ اس دوران امرین بامبے ہائی کورٹ میں بچوں کی تحویل کے سلسلہ میں اپیل کی تھی  اور عدالت نے بچوں کو امرین کی تحویل میں   دینے کا حکم دیانیز پولیس کو تحویل کے وقت امرین کو پولیس تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ کل پولیس امرین کے ساتھ بچوں کی تحویل کیلئے ملزم کے گھر گئی تھی مگر وہاں بچے نہیں تھے۔ملزم کے بھائی نے بتایا تھا کہ ندیم اور بچے اجمیر شریف گئے ہوئے ہیں اس لئے کل تحویل حاصل نہیں کی جاسکی۔  آج  (جمعہ )امرین اپنی بیٹی سے  ملنے اسکول پہنچی مگر راستے  ہی  میںملزم سےتکرار ہوئی جس کے دوران ملزم نے   امرین کو قتل کر دیا۔   اس معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔
 عینی شاہد محمد ذاکر حسین نے میڈیا کو بتایا کہ میں حیدری چوک سے آ رہا تھا۔ میں نے دیکھا بھیڑ جمع تھی اور ملزم کسی کو فون پر بتا رہا تھا کہ اس نے قتل کر دیا ہے ۔ایک اور گواہ نے بتایا کہ ملزم کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی امرین  اس کو ۱۲ ؍ سال سے پیسوں اور جائیداد کیلئے پریشان کر رہی تھی اور جائیداد اس کے نام کرنے کا مطالبہ کر رہی تھی ۔ میں بہت تنگ آ گیا تھا اس لئے سوائے قتل کے میرے پاس کوئی راستہ نہیں تھا ۔ ملزم نے اپنی بیوی کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی تھی مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ مقامی سماجی کارکن ڈاکٹر سریش یولے نے اس معاملے میں پولیس پر لاپروائی کا الزام عائد کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK