• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی نے ملک کے الیکٹرانکس سیکٹر کا حجم بڑھانے پر زور دیا

Updated: September 12, 2024, 12:02 PM IST | New Delhi

وزیر اعظم نے کہا:سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ میں ۱ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری، کئی پروجیکٹ پائپ لائن میں ہیں ۔

Narendra Modi inspecting the chip at Semicon India 2024. Photo: PTI.
سیمیکون انڈیا ۲۰۲۴ء میں نریندر مودی چپ کا معائنہ کررہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے چپس بالخصوص سیمی کنڈکٹرس کے حوالے سے دنیا سے ۲۱؍ویں صدی میں ہندوستان پر بھروسہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ اس شعبے میں عالمی کمپنیوں کیلئے ملک میں آنے کا یہ صحیح وقت ہے کیونکہ اس صنعت میں اب تک۱ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری آچکی ہے اور کئی پروجیکٹ پائپ لائن میں ہیں۔ 
الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں سیمیکون انڈیا۲۰۲۴ء کا آغاز کرتے ہوئےمودی نے کہاکہ ’’ہمارا خواب ہے کہ دنیا کے ہر ڈیوائس میں ہندوستانی ساختہ چپس ہوں۔ ہندوستان کا الیکٹرانکس سیکٹر کا حجم ایک دہائی کے آخر تک ۱۵۰؍ ارب ڈالر سے بڑھ کر۵۰۰؍ ارب ڈالر کرنے کا ہدف ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم ایسی دنیا بنانا چاہتے ہیں جو بحران کے وقت بھی نہ رکے، نہ ٹھہرے، مسلسل چلتی رہے۔ حکومت ہند ہندوستان میں سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ یونٹس کے قیام کیلئے ۵۰؍ فیصد تعاون دے رہی ہے۔ اس میں ریاستی حکومتیں بھی اپنی سطح پر مدد کر رہی ہیں۔ ہندوستان کی پالیسیوں کی وجہ سے ہی بہت کم وقت میں اس شعبے میں بہت کم وقت میں ۱۵۰؍ لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ 
انہوں نے کہاکہ ’’ہندوستان کیلئے `چپ صرف سیمی کنڈکٹر سیکٹر تک محدود نہیں ہے۔ ہمارے لئے یہ کروڑوں امنگوں کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے۔ آج ہندوستان چپس کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے۔ ہندوستان نے چپس کا استعمال کرکے دنیا کا سب سے بڑا ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر بنایا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ یوپی آئی، روپے کارڈ، ڈیجی لاکر اور ڈیجی یاترا جیسے بہت سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم اب عوام کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ ہندوستان میں اب ڈیٹا سینٹرس کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ہندوستان عالمی سیمی کنڈکٹر صنعت کی قیادت کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کرنے جا رہا ہے۔ 
اس سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے صبح ۷؍ لوک کلیان مارگ پر واقع اپنی رہائش گاہ پر سیمی کنڈکٹر ایگزیکٹیوز گول میز اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے خیالات نہ صرف ان کے کاروبار بلکہ ہندوستان کے مستقبل کو بھی تشکیل دیں گے۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آنے والا وقت ٹکنالوجی پر مبنی ہوگا، وزیر اعظم نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر ڈیجیٹل دور کی بنیاد ہے اور وہ دن دور نہیں جب سیمی کنڈکٹر صنعت ہماری بنیادی ضروریات کی بنیاد ہوگی۔ 
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ جمہوریت اور ٹکنالوجی مل کر انسانیت کی بہبود کو یقینی بنا سکتے ہیں اور ہندوستان سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں اپنی عالمی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے اس راستے پر آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیر اعظم نے ترقی کے ستونوں کے بارے میں بات چیت کی جن میں سماجی، ڈیجیٹل اور جسمانی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، جامع ترقی کو فروغ دینا، تعمیل کے بوجھ کو کم کرنا اور مینوفیکچرنگ اور جدت طرازی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا شامل ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہندوستان متنوع سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں قابل اعتماد شراکت دار بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کے ٹیلنٹ پول اور اس صنعت کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے کا عزم ظاہر کیا۔ 
دنیا ایک اہم تبدیلی سے گزر رہی ہے : وزیر اعظم مودی 
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ویڈیو پیغام کے ذریعہ ’سبز ہائیڈروجن‘ کے موضوع پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے سبز ہائیڈروجن پر دوسری بین الاقوامی کانفرنس میں تمام معززین کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اپنے خطاب کا آغاز کیا اور کہا کہ دنیا ایک اہم تبدیلی سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے اس بڑھتے ہوئے احساس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف مستقبل کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کے اثرات ابھی محسوس کئے جارہے ہیں۔ مودی نے کہاکہ ’’اس پرکارروائی کی فوری ضرورت ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK