• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی سرکار پرسابق وزیراعظم کی توہین کاالزام، نگم بودھ گھاٹ پرانتم سنکار سے برہمی

Updated: December 29, 2024, 9:18 AM IST | new Delhi

اپوزیشن نے سخت تنقید کی، راہل نے نشاندہی کی کہ سابق وزرائے اعظم کی آخری رُسوم اسی جگہ ادا کی جاتی ہیں جہاں  سمادھی بننی ہوتی مگر ڈاکٹر سنگھ کے ساتھ ایسا نہیں کیاگیا

Rahul Gandhi (right) gets emotional during Manmohan Singh`s last rites.
راہل گاندھی(دائیں) منموہن سنگھ کی آخری رسومات کے وقت جذباتی ہوگئے۔

ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات نگم بودھ گھاٹ پر کرائے جانے پر کانگریس اور اپوزیشن کی دیگر پارٹیوں  نے  سخت برہمی کا اظہار کیا ہے  اور اسے وطن عزیز کے عظیم فرزند اور سکھ برادری کے پہلے وزیراعظم کی توہین قرار دیا۔ 
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد  ایک ٹویٹ کرکے اپنی برہمی کااظہار کیا۔انہوں نے  کہا کہ’’ حکومت نے آج نگم بودھ گھاٹ پر ان کی آخری رسومات ادا کرکے مادر ہند  کے اس عظیم فرزند اور سکھ برادری کے پہلے وزیر اعظم کی توہین کی ہے۔‘‘ انہوں نے حکومت کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’ آج تک تمام سابق وزرائےاعظم کے وقار کا احترام کرتے ہوئے ان کی آخری رسومات اسی جگہ ادا کی گئیں جو ان کی سمادھی کیلئے مختص کی گئی تاکہ ہر شخص بغیر کسی تکلیف کے آخری دیدار کر سکے اور انہیں خراج عقیدت پیش کر سکے۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ ہمارے اعلیٰ ترین احترام اور سمادھی کے مستحق ہیں۔ حکومت کو ملک کے اس عظیم فرزند اوران کے  سماج کے تئیں احترام کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔‘‘
کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور ایم پی  پرینکا گاندھی نے بھی حکومت کو اس معاملہ پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوںنے کہاکہ ’’سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات کیلئے مناسب جگہ فراہم نہ کر کے حکومت نے ان  کے عہدے کے وقار، ان کی شخصیت، ان کی وراثت اور خود دارسکھ برادری کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔‘‘
 اپوزیشن لیڈروں میں اکھلیش یادو،مایاوتی،  ایم کے اسٹالن، اروند کیجریوال سمیت دیگر نے بھی اس معاملے میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو اور بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اس معاملے میں  سیاست نہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کو اس بات کیلئے آڑے ہاتھوں لیا کہ منموہن سنگھ کی سمادھی کیلئے جگہ مختص نہیں کی گئی اور آخری رسومات  نگم بودھ گھاٹ پر ادا کروائی گئیں۔   
 سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نےمرکزی حکومت پر اس معاملہ میں سیاست  کاالزام عائد کرتےہوئے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی سمادھی کےمعاملہ میں احترام کی روایت پر عمل کیا جانا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK