Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مودی حکومت پر ’حق معلومات‘ قانون کو کمزور کرنے کا الزام

Updated: March 05, 2025, 2:26 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ راشن کارڈ، منریگا اور عوامی بہبود کی اسکیموں میں جعل سازی کرنے والوں اور قرض لے کر بھاگنے والوں کے ناموں کو عام کیا جانا چاہئے۔

Congress chief Mallikarjun Kharge has been continuously targeting the BJP these days. Photo: INN
کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے ان دنوں بی جے پی کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مودی حکومت خواہ کتنی ہی من مانی کیوں نہ کرے لیکن کانگریس اسے آئینہ دکھانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی۔ منگل کو ایک بار پھر کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت کو اپنے نشانے پر لیا اور کہا کہ وہ حق معلومات کے قانون کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ڈیٹا تحفظ قانون کے نام پر عوام سے اس کا حق چھین رہی ہے۔ کانگریس سربراہ نے کہا کہ راشن کارڈ، منریگا اور عوامی بہبود کی اسکیموں میں جعل سازی کرنے والوں اور سرکاری بینکوں سے قرض لے کر بیرون ملک فرار ہونے والوں کے ناموں کو عام کیا جانا چاہئے۔
 ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’ایک طرف ہندوستان گزشتہ چند برسوں  میں جہاں غلط  اطلاعات  اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے میں سرفہرست ہوکر سامنے آیا ہے، وہیں دوسری طرف مودی حکومت ڈیٹا پروٹیکشن قانون لا کر کانگریس کی قیادت والی یو پی اے کی حکومت کے ذریعہ نافذکردہ  اطلاعات  کے حق (آر ٹی آئی) کو کمزور کرنے پر  بھی آمادہ دکھائی دے رہی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’’خواہ وہ پبلک سیکٹر سے متعلق معلومات ہوں جیسے راشن کارڈ کی فہرست، منریگا سے فائدہ اٹھانے والے مزدور، عوامی بہبود کی اسکیموں میں شامل لوگوں کے نام، انتخابات میں ووٹر لسٹ یا گھوٹالے کرنے والے ارب پتیوں کے نام جو سرکاری بینکوں سے قرض لے کر بیرون ملک فرار ہو جاتے ہیں، ان سب کے ناموں کو عوام کے سامنے لانا چاہئے تاکہ انہیں پتہ چلے کہ ان کے حقوق پر کون ڈاکے ڈال رہا ہے، لیکن اب مودی حکومت ڈیٹا کے تحفظ کے نام پر آر ٹی آئی کو کمزور کر رہی ہے، جس کی وجہ سے اب ایسے ناموں کو عام نہیں کیا جاسکے گا۔ رازداری کا حق ایک بنیادی حق ہے جسے مودی حکومت چھیننا چاہ رہی ہے۔‘‘
 کانگریس سربراہ نے کہا کہ ’’کانگریس کے آر ٹی آئی میں  بھی رازداری کے حق کا خیال رکھا گیا تھا، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست یا گھوٹالا کرنے والوں کے ناموں کو عام نہ کیا جائے۔ کانگریس پارٹی آر ٹی آئی کو کمزور نہیں ہونے دے گی، ہم نے پہلے بھی اس کیلئے آواز اٹھائی ہے  اور آئندہ بھی اٹھائیں گے۔عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے اگر ضرورت پڑی تک ہم سڑک سے ایوان تک آواز اٹھا ئیں  گے۔‘‘

ڈبل انجن والی حکومتیں بیٹیوں کیلئے لعنت ہیں:الکا لامبا
کانگریس نے بی جے پی پر چوطرفہ حملہ شروع کردیا ہے۔ ایک جانب جہاں کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے، وہیں خواتین کانگریس کی سربراہ الکا لامبا نے بھی بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں جہاں جہاں پر بھی بی جے پی کی ڈبل انجن  والی حکومتیں ہیں، وہاں بیٹیوں کے خلاف  ہر روز جرائم  ہو رہے ہیں اور زیادہ تر واقعات میں بی جے پی کے لیڈروں کے نام سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعظم لاکھ دعوے کریں لیکن سچائی کیا ہے، یہ ملک کے سامنے ہے۔ وہ ریاستیں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے، بیٹیوں کیلئے لعنت ثابت ہو رہی ہیں۔ ہریانہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گجرات، اتراکھنڈ اور راجستھان، جہاں بھی دیکھو بیٹیوں کے خلاف گھناؤنے جرائم ہورہے ہیں اور پولیس ان معاملات میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے معاملے  پر ہم خاموش نہیں بیٹھیں  گے  بلکہ جوابدہی طے کرنے پر حکومتوں کو مجبور کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK