• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مرکز کی مودی حکومت غیر مستحکم ہے، اپنی مدت پوری نہیں کرپائے گی: ممتا بنرجی

Updated: July 13, 2024, 1:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ممبئی میں، شرد پوار سے ملاقات، لوک سبھا انتخابات میں بے جگری سے مقابلہ کرنے پر ادھو ٹھاکرے کو مبارکباد پیش کی۔

Mamata Banerjee met Uddhav Thackeray, his wife Rashmi and sons Aditya and Tejas in Matushree. Photo: PTI
ممتا بنرجی نے ماتوشری میں ادھو ٹھاکرے، ان کی اہلیہ رشمی اور بیٹوں آدتیہ اور تیجس سے ملاقات کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی جو مشہور صنعت کارمکیش امبانی کے فرزند اننت امبانی کی شادی میں شرکت کیلئے ممبئی آئی  ہیں، نے جمعہ کوانڈیا اتحاد کے اپنے اہم اتحادیوں ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار سے ان کے گھرجاکر خصوصی ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے ادھو ٹھاکرے کو خاص طور پر لوک سبھا انتخابات میں بے جگری سے مقابلہ کرنے اور اپنی پارٹی کا وجود مستحکم کرنے پر مبارکباد دی جبکہ شرد پوارسے ملاقات کے دوران دونوں لیڈروں نے کافی دیر تک ملک کے سیاسی حالات پرگفتگو کی۔ ممتا نے ادھو ٹھاکرے کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا کہ مرکز کی مودی حکومت غیر مستحکم ہے  یہ کبھی بھی گر سکتی ہے بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ مودی سرکار اس مرتبہ اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی۔ جب نامہ نگاروں نے سوال کیا کہ وہ اس پر مزید روشنی ڈالیں تو ممتا نے صرف اتنا کہا کہ ’’کھیلا شروع ہو چکا ہے جو چلتا رہے گا۔ آپ لوگوں کو کچھ نہ کچھ  ملتا رہے گا۔‘‘ انہوں نےایمر جنسی کے تعلق سے مرکز کے اعلان پر بھی ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ کوئی بھی سیاسی پارٹی ایمر جنسی جیسے حالات پسند نہیں کرتی ہے لیکن  بی جے پی کو پہلے اپنی حکومتوں سے شروعات کرنی  چاہئے۔ ممتا نے یہ بھی واضح کیا کہ ایمر جنسی کا وہ وقت تو گزر گیا لیکن اس وقت جو حالات ہیں کیا وہ کسی ایمر جنسی سے کم ہیں؟ممتا نے  پریس کانفرنس کے دوران ۳؍ فوجداری قوانین پر بھی ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ ملک کی قسمت تبدیل کرنے والے ان قوانین کو جس جلد بازی میں منظور کیا گیا، کسی سے مشورہ نہیں کیا گیا اوراتنی ہی جلد بازی میں انہیں نافذ کردیا گیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے بلکہ اسے صرف اپنا نام تاریخ میں لکھوانا ہے۔ ممتا کے مطابق میں نے خط لکھ کر وزیر اعظم سے اپیل کی تھی کہ وہ ان قوانین کے نفاذ کو فی الحال موخر کردیں اور ان پر دوبارہ ہر زاویے سے بحث کروائیں لیکن مودی حکومت نے اپنے تکبر میں اس جائز اور اہم مطالبہ کو رد کردیا۔ 
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کی خصوصاً ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی چھین لئے جانے اور انہیں یکہ و تنہا کردئیے جانے کے باوجود انہوں نے شیر طرح مقابلہ کیا  اور اپنے مخالفین کو دکھایا کہ عوام ان کے ساتھ ہیں۔ ممتا نے یہ اشارہ بھی دیا کہ ضرورت پڑی تو وہ اسمبلی الیکشن میں ادھو ٹھاکرے کی پارٹی اور انڈیا اتحاد کے لئے  انتخابی مہم چلائیں گی۔واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار سے ممتا بنرجی کی یہ پہلی ملاقات تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK