• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی سرکار نے سابق وزیراعظم کی سمادھی کیلئے جگہ نہیں دی!

Updated: December 28, 2024, 10:48 AM IST | New Delhi

ملکارجن کھرگے کی درخواست کو ٹھکرادیا، کانگریس نے اسے افسوسناک اور ملک کے پہلے سکھ وزیراعظم کی توہین قراردیا۔

Rahul Gandhi with Mallikarjun Kharge. Photo: INN
راہل گاندھی ملکارجن کھرگے کے ساتھ۔ تصویر: آئی این این

مودی حکومت نے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی سمادھی کیلئے جگہ دینے کی کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی  اپیل کو ٹھکردیا ہے جسے کانگریس نے افسوسناک اور ملک کے پہلے سکھ وزیراعظم کی توہین قراردیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے  حکومت کے طرز عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’منموہن سنگھ کی یاد گا رکیلئے جگہ نہ دینا ملک کے پہلے سکھ وزیراعظم کی توہین کے علاوہ کچھ نہیں  ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس صدر نے جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی سے فون پر گفتگو بھی کی اور تحریری درخواست بھی کی کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات اسی جگہ ادا کی جائیں جہاں ان کی سمادھی بنے۔اس کیلئے انہوں نے حکومت سے جمنا ندی کے کنارے مناسب جگہ دینے کی اپیل بھی کی مگر اس اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ منموہن سنگھ کی آخری رسومات نگم بودھ گھاٹ   پر سنیچر کو پونے ۱۲؍ بجے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھئے: پرویز مشرف کا سنایا ہوا شعر جسے سن کر منموہن سنگھ بے چین ہو گئے تھے

وزیراعظم کے نام اپنے مکتوب میں  ملکارجن کھرگے نے انہیں یاد دہانی بھی کرائی کہ یہ روایت رہی ہے کہ جس جگہ کسی ممتا زسیاستداں یا سابق وزیراعظم کی آخری رسومات ادا کی جاتی ہیں وہیں اس کی سمادھی بنائی جاتی ہے ۔  واضح رہے کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نہ صرف یہ کہ ملک کے دوبار کے وزیراعظم تھے بلکہ پوری دنیا میں انہوں نے ہندوستان کا سر فخرسے بلند کیا۔ ان کیلئے سمادھی کی جگہ کیلئے اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کو لکھے گئے خط میں ملکارجن کھرگے نے  کہا کہ’’میں یہ خط ہندوستان کے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کےافسوسناک انتقال کے تناظر میں لکھ رہا ہوں۔ ٹیلی فون پر گفتگو میں، میں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات ادا کرنے کی درخواست کی، جو کل یعنی۲۸؍ دسمبر کو  ہوں گی۔ ’’ہندوستان کے عظیم فرزند کی یادگار کیلئے‘‘ مناسب جگہ مختص کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نےیہ منموہن سنگھ کو سچا خراج عقیدت ہوگا۔ کھرگے کے مطابق کہ ’’یہ اپیل سیاستدانوں اور سابق وزرائے اعظم کی یادگاروں کو ان کی آخری رسومات کے ایک ہی مقام پر رکھنے کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ڈاکٹر  سنگھ کا ملک اور ملک کے لوگوں کے دلوں میں ایک اہم مقام ہے اور وہ سبھی کے لئے قابل احترام شخصیت تھے۔ ‘ بہرحال حکومت ہند کی جانب سے سمادھی کیلئے جگہ نہ دینے کے تعلق سے اس خبرلکھے جانے تک کوئی وضاحت نہیں پیش کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK