Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ مودی سرکار جمہوریت بتدریج ختم کررہی ہے ‘‘

Updated: April 10, 2025, 9:58 AM IST | Ahmedabad

کانگریس صدر نے ای وی ایم کو فراڈ قرار دیا، راہل گاندھی نے وقف بل کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ہم پر مسلم نوازی کے الزام لگتے رہتے ہیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے

Opposition Leader Rahul Gandhi and Congress Party President Mallikarjun Kharge addressed the executive council.
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نےمجلس عاملہ سے خطاب کیا

 یہاں کانگریس پارٹی کی مجلس عاملہ کے   اجلاس کے دوسرے  اور آخری دن  کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مرکز کی مودی حکومت کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ اس دوران میٹنگ کے بعد جو قرار داد منظور کی گئی وہ  ملک کے موجودہ حالات میں انتہائی اہم ہے۔ پارٹی نے ملک کے سلگتے ہوئے مسائل پر غور و خوض کرنے کے بعدجامع ہندوستان ، سماجی انصاف اور قومی ہم آہنگی کی قرار داد منظور کی اور یہ واضح پیغام دینے کی کی کوشش کی کہ ہندوستان کے تکثیری سماج کو پارٹی سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا۔ ساتھ ہی پارٹی نے ملک کی ترقی کا ایجنڈہ بھی پیش کیا۔ 
کھرگے کا خطاب 
  اس سے قبل کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے اپنے صدارتی خطاب میں امریکی ٹیریف، ای وی ایم اور پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کو بولنے نہیں دینےکے معاملے پر بات کی۔ کانگریس صدر نے اس موقع پر پارٹی  لیڈروںکو نصیحت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جو کام نہیں کرنا چاہتے ہیں انہیں  فوری طور پر ریٹائر ہو جانا چاہئے۔ جو لوگ پارٹی کا کام نہیں کر رہے ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ وہ آرام کریں۔
ای وی ایم کو فراڈ قرار دیا 
 اپنے خطاب میں ملکارجن کھرگے نے ای وی ایم کو ’فراڈ‘ قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی  بتد ریج  ملک سے جمہوریت ختم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے ترقی یافتہ ملک ای وی ایم کو چھوڑ کر بیلٹ پیپر کی طرف چلے گئے ہیں۔ کہیں بھی دنیا میں ای وی ایم نہیں ہے صرف ہندوستان میں ہے۔ اسی لئے ہم کہہ رہے ہیں کہ  یہ سب فراڈ ہے۔ بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ انہوں نے ایسے طریقے ایجاد کر لئےہیں جس سے صرف انہیں ہی فائدہ مل رہا ہے۔  کانگریس صدر نے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ مہاراشٹر میں کیا ہوا؟ راہل گاندھی نے پارلیمنٹ اور پریس کانفرنس میں یہ سوال اٹھایا تھا لیکن حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا اور نہ الیکشن کمیشن نے اب تک اس پر کوئی قابل توجہ جواب دیا ہے۔ 
ٹیریف پر سرکار کو گھیرا 
 اپنے خطاب میں ملکارجن کھرگے نے امریکی ٹیریف کا معاملہ بھی پُرزور طور پر اٹھایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اس سنگین معاملے پر بحث کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ کھرگے نے کہا کہ امریکہ نے ہمارے خلاف ۲۶؍ فیصد ٹیرف لگایا ہے لیکن حکومت نے  اس پر کوئی بحث نہیں ہونے دی۔ ہم نے اسی دوپہر یہ معاملہ اٹھایا لیکن انہوں نے اسے قبول نہیں کیا۔ 
راہل گاندھی کا جرأت مندانہ خطاب 
 ملک میں مسلمانوں کے خلاف جتنا طومار باندھا جارہا ہے اس کے مقابلے میں کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے انتہائی جرأت مندانہ خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر یہ الزام لگتا رہتا ہے کہ ہم مسلم نواز ہیں، اقلیتوں کے لئے آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔ یہ الزام نہیں حقیقت ہے کہ ہم اقلیتوں کے لئے آواز بلند کرتے ہیں۔ اس معاملے میں ہمیں دفاعی پوزیشن اختیار نہیں کرنی ہےبلکہ مودی حکومت اور ان کے حواریوں کو واضح طور پر بتادینا چاہئے کہ ہم اقلیتوں کے ساتھ ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہمیں او بی سی طبقے کو بھی اپنے ساتھ لانا ہو گا۔ یہ طبقہ ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ہم مسلم ، دلت ، برہمن ہی کرتے رہ جائیں گے اگر ہمارے ساتھ اوبی سی نہیں آئے تو ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK