ٹویٹر کے شریک بانی کے سنسنی خیز انکشاف سے ہندوستانی سیاست میں ہلچل ، مودی حکومت پر کانگریس کی شدید تنقیدیں، جمہوریت کو تباہ کرنے کا الزام
EPAPER
Updated: June 14, 2023, 9:58 AM IST | New York
ٹویٹر کے شریک بانی کے سنسنی خیز انکشاف سے ہندوستانی سیاست میں ہلچل ، مودی حکومت پر کانگریس کی شدید تنقیدیں، جمہوریت کو تباہ کرنے کا الزام
مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے ہندوستان کی مودی حکومت کے تعلق سے سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے ایک انٹر ویو کے دوران کہا کہ ۲۰۲۱ء کےکسان آندولن کے دو ران ٹویٹر کو ہندوستا ن کی طرف سے کئی اکاؤنٹس بلاک کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ ڈورسی کے دعوے کے مطابق ہندوستانی حکومت پر تنقید کرنے والے متعدد ٹویٹر ہینڈلز کو بلاک کرنے کو کہا گیا تھااور یہ دھمکی بھی دی گئی تھی کہ اگر ٹویٹر نے یہ کارروائی نہیں کی تو ہندوستان میں اسے بند کردیا جائے گا۔جیک ڈورسی نے ایک یوٹیوب چینل ’بریکنگ پوائنٹس‘ کو د ئیے گئے انٹرویو کے دوران حکومت ہند کے تعلق سے یہ سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔یہ انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔
گزشتہ سال ہی ٹویٹر کے بورڈ سے مستعفی ہو چکے جیک ڈورسی نے انٹرویو کے دوران اس سوال کے جواب میں کہ کیا انہیں کبھی غیر ملکی حکومتوں کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا؟ ، کہا کہ ہندوستان میں کسانوں کے احتجاج کے دوران ٹویٹر ہینڈلز کو بلاک کرنے کیلئے کئی سفارشات کی گئیں، جن میں ان صحافیوں کے اکاؤنٹس بھی شامل تھے جو حکومت پر تنقید کرتے تھے۔ ڈورسی نے دعویٰ کیا کہ اس دوران دھمکی دی گئی کہ ہم ہندوستان میں ٹویٹر بند کر دیں گے یا آپ کے عہدیداروں کے گھروں پر چھاپے مارے جائیں گے۔ یہ سب کچھ ایک جمہوری ملک ہندوستان میں ہوا۔جیک ڈورسی نے اپنے جواب میں ہندوستان کے علاوہ ترکی کا نام بھی لیا۔
جیک ڈورسی کے ان سنسنی خیز انکشافات کے بعد ملک میں سیاسی گھمسان چھڑ گیا ہے۔اپوزیشن پارٹی کانگریس نے کہا کہ کیا مودی حکومت اس کا جواب دے گی؟کانگریس کے جنرل سیکریٹری رندیپ سرجے والا نے کہا کہ مودی حکومت نے کسان تحریک کے دوران ٹویٹر کو کسانوں اور کسانوں کے اکاؤنٹس بند کرنے پر مجبور کیا، حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کے اکاؤنٹس بند کرنے کے لئے دباؤ ڈالا اور کمپنی کو اکاؤنٹس بند کرنے پر مجبور کیا۔ ملازمین کے گھروں پر چھاپے مارے۔ اب مودی حکومت ہی بتائے کہ یہ ملک کی جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہیں تو اور کیا ہے ؟