• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی حکومت اگست تک گرجائےگی: لالو پرساد یادو

Updated: July 06, 2024, 10:10 AM IST | Shahid Iqbal | Patna

آرجےڈی کے قومی صدر کی کارکنان سے انتخابات کیلئے تیار رہنے کی اپیل، کہا حکومت بیساکھی پر چل رہی ہے۔

Tejaswi Yadav, Lalu Prasad Yadav and other guests can be seen on stage in the event. Photo: INN
منعقدہ تقریب میں تیجسوی یادو ، لالو پرساد یادو اور دیگر مہمانان اسٹیج پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

راشٹریہ جنتادل کے ۲۸؍ ویں یوم تاسیس کے موقع پر آرجےڈی کے قومی صدر اور سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو نے دعویٰ کیا کہ مرکز میں این ڈی اے حکومت اگست میں گر جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت بیساکھیوں پر چل رہی ہے، اسلئے زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار میں چند ماہ بعد وسط مدتی انتخابات ہوں گے۔ اسکے بعد تیجسوی یادو کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنے گی۔ لالو پرساد یادو نے یہ بھی کہاکہ میں کارکنوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ آئندہ انتخابات کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ انتخابات کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔ مودی کی قیادت والی حکومت بہت کمزور ہے۔ اس کے اپنے اصول نہیں ہیں۔ یہ حکومت اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر اقتدار میں آئی ہے۔ بہت ممکن ہے کہ یہ حکومت اگست تک گر جائے۔
لالو پرساد نے جمعہ کو یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی تیجسوی کی قیادت میں الیکشن لڑے گی۔ اسے ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مجھے آپ لوگوں پر بھروسہ ہے کہ میرا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی نےگزشتہ ۲۷؍برسوں میں بہت سے نشیب وفراز دیکھے ہیں، لیکن آر جے ڈی ہمیشہ لوگوں کی امیدوں پر پورا اتری ہے۔ میں یقین دلاتا ہوں کہ آر جے ڈی مزید بلندیوں تک پہنچے گی۔آرجےڈی سپریمو نےکہا کہ تیجسوی کی قیادت میں ہم بہار قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مضبوطی سے مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کارکنوں سے یہ بھی کہا کہ وہ پسماندہ طبقات، دلتوں،  قبائلیوں اور اقلیتوں کے درمیان کام کریں اور گھر گھر پہنچیں۔ انہوںنے آر جے ڈی کے تمام کارکنوں کو پارٹی کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی اور پارٹی کے قیام کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ رام کرشن ہیگڑے کی تجویز پر پارٹی کا نام راشٹریہ جنتا دل رکھا۔
 لالویادو حسین سپنے دیکھ رہے ہیں:نتیا نند رائے
 دریں اثنا مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ اور بی جے پی لیڈر نتیا نند رائے نے آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کے بیان پر کہا کہ لالو یادو حسین سپنے دیکھ رہے ہیں، تیسری بار ملک اور بہار کے عوام نے پی ایم مودی کو وزیر اعظم بنا کر اپنی خواہش کا اظہار کردیا ہے کہ  مودی ہی ہندوستان کےسچے سپوت ہیںاور ملک کو بچا سکتے ہیں۔ بہار کے لوگ پی ایم مودی اور نتیش کمار پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ جنگل راج قائم نہیں ہونے دینا چاہتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK