• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اگنی ویر پر مودی کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا گیا

Updated: July 27, 2024, 1:30 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

کرگل وجے دوِس پروزیر اعظم مودی لداخ پہنچے، اگنی ویر اسکیم کا کھل کر دفاع کیا اور اپوزیشن کو نشانہ بنایا مگر کانگریس صدر بھی خاموش نہیں رہے، کھرگے نے جواب دیا۔

Prime Minister Modi on the occasion of Vijay Doss in Kargil. CDS General Anil Chauhan can also be seen with him. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی کرگل میں وجے دوس کے موقع پر۔ساتھ میں سی ڈی ایس جنرل انل چوہان بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر :پی ٹی آئی

وزیراعظم مودی نے جمعہ کو کرگل وجے دوِس کے موقع پر لداخ میں فوج اور مقامی افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پر شدید تنقیدیں کیں۔ انہوں نے جہاں فوج کی ہمت  اور بہادری کو سلام پیش کیا وہیں  اپنی حکومت کی اگنی پتھ اسکیم کا کھل کر دفاع بھی کیا اور اپوزیشن پر سیاست کرنے کاالزام عائد کیا۔  وجے دوس کے موقع پر اپنی تقریر میں اپوزیشن کو نشانہ بنانے پر کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے بھی جوابی حملہ کیا اور لداخ میں اگنی ویر کے تعلق سے دئیے  گئے مودی کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ 
اس سے قبل وزیر اعظم نے خطاب کیا اور کہا کہ ہندوستان نے پاکستان کے تمام عزائم کو ماضی میں ناکام بنایا ہے، اس کے باوجود پڑوسی ملک نے تاریخ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔وزیراعظم مودی نے کہاکہ پاکستان جموںکشمیر میں درپردہ جنگ کو فروغ دے رہا ہے تاہم ہماری سیکوریٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ بھارتی افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں اور یہ بات ہم کئی مرتبہ ثابت کرچکے ہیں۔ ہندوستانی فورسیز کی اوسط عمر، عالمی اوسط سے زیادہ ہونے پر طویل عرصے سے ظاہر کی جارہی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں اس اہم تشویش سے نمٹنے کے لئے کوئی قوت ارادی نہیں تھی لیکن اسے  اب اگنی پتھ اسکیم کے ذریعے دور کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اس حساس موضوع پر اپوزیشن کی جانب سے سیاست کرنے پر افسوس کا اظہارکیا اور اپنی حکومت کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگنی ویر اسکیم کا مقصد افواج کو جوان اور مسلسل جنگ کیلئے تیار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ اگنی پتھ اسکیم سے جو اَگنی ویر ملیں گے ان سے ملک کی طاقت بڑھے گی اور ملک کو قابل نوجوان بھی ملیں گے۔ نجی شعبے اور نیم فوجی دستوں میں بھی اگنی ویروں کو ترجیح دینے کے اعلانات کئے گئے ہیں لیکن اپوزیشن پارٹیاں اس پر غیر ضروری سیاست کررہی ہیں۔ وزیراعظم نے اگنی پتھ اسکیم کے پیچھے پنشن کے بوجھ کو بچانے کے ارادے سے متعلق پروپیگنڈہ کو مسترد کرتے ہوئے  یاد دلایا کہ آج بھرتی ہونے والے فوجیوں کی پنشن کا بوجھ ۳۰؍سال بعد آئے گا، اس  لئے یہ اسکیم  ویسی نہیں ہے جیسا اپوزیشن بتارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلح افواج کے اس فیصلے کا احترام کیا ہے کیونکہ ہمارے لئے ملک کی سلامتی سیاست سے زیادہ اہم ہے۔وزیراعظم نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ آج قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے والوں کو ماضی میں مسلح افواج کی کوئی فکر نہیں تھی۔ وزیر اعظم  نے اس دوران کشمیر اور لداخ کے لئے متعدد منصوبوں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ یہاں ہماری حکومت یہاں ترقی لاکر رہے گی۔ 
دریں اثناء کانگریس نے کرگل وجے دوس پر وزیر اعظم مودی کی تقریرکو اوچھی سیاست اور جھوٹ کے پلندہ سے تعبیر کیا۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم کے ذریعہ’ وار‘ میموریل تقریر میں اگنی پتھ اسکیم  پر تنقید کرنے کیلئے اپوزیشن کو نشانہ بنانے اور فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کا الزام لگانے پر برہمی کااظہار کیا۔ کھرگےنے کہا کہ اب تک ۱۵؍ اگنی ویر شہید ہو چکے ہیں، وزیراعظم کم از کم ان کی شہادت کا احترام کریں جبکہ حقیقت یہی ہے کہ ملک کے نوجوانوں میں اگنی ویر اسکیم کیخلاف شدید غصہ ہے۔

کھرگے کے مطابق اسی لئے کانگریس پارٹی کا مطالبہ ہے کہ  اگنی پتھ اسکیم کو بند کیا جائے۔ کھرگے نے  وزیر اعظم مودی کے بیان کو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے جیسے مواقع پر بھی اوچھی سیاست کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے کسی وزیر اعظم نے ایسا نہیں کیا۔کانگریس صدر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اگنی پتھ اسکیم فوج کے کہنے پر نافذ کرنے کی بات کررہے ہیں جو کہ سراسر جھوٹ اورملک کی فوج کی توہین ہے۔ مودی جی جھوٹ بول کرتذبذب پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔سابق آرمی چیف (ریٹائرڈ) جنرل ایم ایم نروانےکا یہ بیان ریکارڈپر موجود ہے کہ اگنی پتھ یوجنا میں  ۷۵؍ فیصدلوگوں کو برقرار رکھا جاناچاہئے اور ۲۵؍ فیصد کو چار سال کی سروس کے بعد ریٹائرکیا جانا چاہئے ،تاہم مودی حکومت نے اس کے برعکس کیا اور تینوں افواج میں زبردستی اس منصوبے کو نافذ کیا۔ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ اطلاعات کے مطابق سابق آرمی چیف نے اپنی کتاب میں بھی لکھا ہے کہ اگنی پتھ اسکیم فوج کیلئے حیران کردینے والی تھی جس کومودی حکومت نے شائع ہونے سے روک دیا۔ کھرگے نے کہا کہ چھ ماہ کی ٹریننگ کے بعد مودی جی کس سطح کے سپاہی بنا رہے ہیں؟ نہ انہیں کسی آپریشن کا تجربہ ہوگا اور نہ ہی ان میں پختگی ہوگی۔ سپاہی روزی کمانے کے لیے نہیں، حب الوطنی کے جذبے سے فوج میں شامل ہوتے ہیں۔ کئی ریٹائرڈ افسران نے اس اسکیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی سلامتی اور دیہی نوجوانوں کے حب الوطنی کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے، اس لیے اس اسکیم کو مکمل طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔ یہ سب ریکارڈ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگنی ویر کو اپنے بچوں کی تعلیم کے  لئے کوئی پنشن، کوئی گریجویٹی، کوئی فیملی پنشن، کوئی اضافی فیملی پنشن اور کوئی تعلیمی الاؤنس نہیں ملتا ہے۔ اب تک ۱۵؍ اگنی ویر شہید ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم کم از کم ان کی شہادت کا ہی  احترام کریں۔ کانگریس پارٹی کا مطالبہ برقرار رہے گا اگنی پتھ اسکیم  بند ہونی چاہئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK