• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

محمد سمیع کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی میں مزید تاخیر : روہت شرما

Updated: October 15, 2024, 9:16 PM IST | Bangluru

ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا: حال ہی میں انہیں ایک اور چوٹ آئی ہے، ان کے گھٹنے میں سوجن آ گئی ہے جو کہ کافی غیر معمولی ہے

Rohit Sharma. Photo:PTI
روہت شرما۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ہندوستانی تیز گیند باز محمدسمیع کی  چوٹ کی وجہ سے ان کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی میں مزید تاخیر ہو سکتی  ہے۔ ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سمیع  کی اس سال فروری میں دائیں پیر کی سرجری ہوئی تھی اور اب ان کے گھٹنے میں  سوجن آ گئی ہے جس کی وجہ سے ان کی صحت یابی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ روہت کے مطابق، ’’ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ اس سیریز کیلئے فٹ ہوں گے یا آسٹریلیا سیریز کیلئے۔ حال ہی میں انہیں ایک اور چوٹ آئی ہے، ان کے گھٹنے میں سوجن آ گئی ہے جو کہ کافی غیر معمولی ہے۔‘‘
انہوں  نے کہاکہ ’’وہ فٹ ہونے کے مراحل میں تھے اور تقریباً فٹ تھے لیکن ان کے گھٹنے میں سوجن آ گئی ہے۔ اس سے ان کی صحت یابی میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔ محمد سمیع نے آخری بار۲۰۲۳ء میں ون ڈے ورلڈ کپ میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلا تھا جہاں انہوں نے ۷؍ میچوں میں۲۴؍ وکٹ لے کر ہندوستان کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ورلڈ کپ کے  دوران درد کے باوجود کھیلتے ہوئے ان کے ٹخنے کا انجکشن لگا کر علاج کروایا  گیا۔ محمدسمیع کی اس سال کے شروع میں لندن میں سرجری ہوئی تھی۔ اس کے بعد  ان کی بحالی بھی ٹھیک چل رہی تھی۔ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والی ۵؍ ٹیسٹ  میچوں کی آسٹریلیائی سیریز میں انتخاب کیلئے  دستیاب ہوتے لیکن ان کی تازہ  چوٹ نے ٹیم میں واپسی کے ان کے منصوبوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔
 ہندوستانی  کپتان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سمیع فی الحال نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این  سی اے) میں فزیو تھراپسٹ اور ڈاکٹرس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ ابھی وہ این سی اے میں ہیں۔ وہ فزیو  اور ڈاکٹرس کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ سو فیصد فٹ رہے۔ کسی بھی صورت میں ہم انہیں آدھی پکی تیاری کے ساتھ آسٹریلیا نہیں لے جانا چاہتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK