• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

یہ سال رفیع صاحب کی ولادت کے صدسالہ جشن کا سال ہے

Updated: July 31, 2024, 1:26 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

۳۱؍ جولائی یعنی آج عظیم گلوکارمحمد رفیع کی ۴۴؍ ویںبرسی ہےمگریہ سال یعنی ۲۰۲۴ء رفیع صاحب کے یوم ولادت کے صد سالہ جشن کا سال ہے، اس تعلق سے شانمکھا نند ہال میں۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۳ء سےہر مہینے کی ۲۴؍ تاریخ کورفیع صاحب کی یاد میں شوہورہا ہے لیکن رواں ماہ ۲۴؍ تاریخ کے بجائے برسی کی مناسبت سے ۳۱؍ تاریخ کو شورکھا گیا ہے۔

A tall cut-out of Muhammad Rafi Sahib is installed outside the Shanmukhanand Hall, which is part of the symbol of the centenary celebrations. Image, revolution
شانمکھانند ہال کے باہر محمد رفیع صاحب کا قدآور کٹ آؤٹ لگایا گیاہےجو صد سالہ جشن کی علامت کا حصہ ہے۔ تصویر،انقلاب

عالمی شہرت یافتہ گلوکار محمد رفیع کو ان کی ۴۴؍ ویں برسی پر انہیں خصوصی خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شانمکھانند فائن آرٹس اینڈ سنگیت اور ورلڈ آف محمد رفیع ویلفیئر فائونڈیشن بدھ ۳۱؍ جولائی کو شانمکھانند ہال میں خصوصی میوزیکل پروگرام ’’سو بار جنم لیں گے‘‘ منعقد کر رہا ہے۔ جس میں رفیع صاحب کے یادگاراور سدا بہار نغموں سے سامعین کو محظوظ کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ مذکورہ دونوں ادارے محمد رفیع صاحب کے یوم پیدائش (۲۴؍دسمبر ۱۹۲۴ء) کی مناسبت سے صدسالہ جشن منا رہے ہیں۔ جس کے تحت دسمبر ۲۰۲۳ء سے دسمبر ۲۰۲۴ء تک ہر مہینے کی ۲۴؍ تاریخ کو شانمکھانند ہال میں موسیقی کا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ برسی کی وجہ سے ۲۴؍ جولائی کو ہونے والا پروگرام ۳۱؍ جولائی کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ وہیں مذکورہ ادارہ کا میڈیکل سینٹر جہاں غریب مریضوں کا ڈائیلاسس اور آنکھ کامفت علاج کیا جاتا ہے، اسے رفیع صاحب سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ اس دوران بطور یادگار رفیع صاحب کیلئے پوسٹل لفافہ اور اسٹامپ بھی جاری کیا گیا۔ اب ۵؍ اور ۱۰۰؍ روپے کےسکے جاری کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ جس کیلئے گورنمنٹ سے اجازت حاصل کی جاچکی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:۴۴؍ ویں برسی: ناقابل فراموش آواز اور دل فریب انداز کے مالک محمد رفیع

ورلڈ آف محمدرفیع ویلفیئر فائونڈیشن کے۸۴؍ سالہ ڈائریکٹر این آر وینکٹ چلم نے مذکورہ صدسالہ تقریب سے متعلق اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’ ہم نے رفیع صاحب کی صدسالہ تقریبات سے متعلق ۲۰۲۳ء میں منصوبہ بندی کی تھی۔ جس کے مطابق ان کے یوم ِپیدائش کی مناسبت سے ۲۴؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو شانمکھانندہال میں میوزیکل پروگرام منعقدکر کےانہیں سال بھر خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ وہ سلسلہ اب بھی پابندی سے جاری ہے۔ اب تک ۶؍ مہینے میں ۶؍ شوہوچکے ہیں ۔ ساتواں شو ۲۴؍ جولائی کے بجائے ۳۱؍ جولائی کومنعقد کیا جا رہا ہے۔ ان تمام میوزیکل پروگرام میں ممبئی، اور بیرونِ مہاراشٹر کے فنکاروں نے رفیع صاحب کے یادگار نغموں کو اپنی فنی صلاحیتوں سے سامعین کے سامنے پیش کر کے رفیع صاحب کی یاد کو تازہ کیا۔ ۳۱؍ جولائی کو بھی اسی نوعیت کامنفرد پروگرام ہو رہا ہے۔ جس میں سرویش مشرا، آروح شنکر، سنگیتا، پریتھی، اجے مدن اینڈٹیم اور پریم کمار اپنی سریلی آواز میں محمدرفیع صاحب کے گائے ہوئے نغمےپیش کریں گے۔ ‘‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ’’رفیع صاحب کا صدسالہ جشن ۲۴؍ دسمبر ۲۰۲۴ء تک جاری رہے گا۔ اس دوران ہر مہینےکی ۲۴؍ تاریخ کو میوزیکل پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ میوزیکل پروگرام کے علاوہ شانمکھانندہال کے میڈیکل سینٹر میں جاری ڈائیلاسس اور آنکھ کے مریضو ں کے مفت علاج کے شعبہ کو محمد رفیع صاحب سے منسوب کیاگیاہے۔ مذکورہ میوزیکل پروگرام سے جمع ہو نےوالافنڈ اس شعبہ میں بطور عطیہ دیاجائے گا۔ ‘‘
 این آر وینکٹ چلم کے مطابق ’’محمد رفیع کی جاری صدسالہ تقریب کے دوران مزید کئی اہم پروجیکٹ پر عمل کیاگیاہے۔ بطور یادگار، رفیع صاحب کے نام سے پوسٹل لفافہ اور اسٹامپ جاری کیا گیا ہے۔ محمد رفیع صاحب کی تصویر اور نام کےساتھ جاری ہونےوالا لفافہ اور اسٹامپ ان کے مداحوں نے ہاتھوں ہاتھ خرید لیا۔ اب رفیع صاحب کے نام سے ۵؍ اور ۱۰۰؍ روپے کے سکے جاری کرنے کی کارروائی جاری ہے جس کیلئے گورنمنٹ سے اجازت لے لی گئی ہے۔ جلد ہی اس پروجیکٹ پر بھی عمل کیا جائے گا۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میرا تعلق کیرالا سے ہے۔ میں محمد رفیع صاحب کابچپن سے مداح رہاہوں۔ میری خوش نصیبی ہےکہ ان سے ذاتی طورپر ملاقات بھی ہوچکی ہے۔ رفیع صاحب جتنے اچھے گلوکار تھے، اس سےکہیں زیادہ اچھے انسان تھے۔ غریبوں کی مدد کرنا ان کی فطرت میں شامل تھا۔ سب سےبڑی شائستگی اور خندہ پیشانی سے ملتے تھے۔ ان کے پیار وخلوص سے میں اس قدر متاثرہوں کہ میں انہیں اپنا ’سنت ‘مانتا ہوں۔ ان کی ان ہی خوبیوں سے متاثر ہوکر میں نے ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد ۲۰۱۶ء میں ورلڈ آف محمدرفیع ویلفیئر فائونڈیشن کی بنیاد ڈالی تھی، جس کےذمہ داران میں رفیع صاحب کی بیٹی اور دیگر خاندان کے افراد شامل ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK