پون کھیڑا اوربھوپیش بگھیل نے کہا کہ واضح ہوگیا کہ آر ایس ایس آئین کو نہیں مانتی ،راہل گاندھی کے بیان کی تائید کی ،بی جےپی پر بیان کوتوڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 10:41 AM IST | Agency | New Delhi
پون کھیڑا اوربھوپیش بگھیل نے کہا کہ واضح ہوگیا کہ آر ایس ایس آئین کو نہیں مانتی ،راہل گاندھی کے بیان کی تائید کی ،بی جےپی پر بیان کوتوڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام۔
:آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان پر کہ ہندوستان کو اصل آزادی رام مندر میں پران پرتشٹھا کی تقریب کے دن ملی، کانگریس نے جمعرات کو ایک بار پھر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ یہاں آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی ) کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کانگریس لیڈران پون کھیڑا اوربھوپیش بگھیل نے کہا کہ آر ایس ایس چیف کے بیان سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ وہ آئین پر یقین نہیں رکھتے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ بھی کہا کہ بھاگوت کا بیان ان مجاہدین آزادی کی توہین ہے جو ملک کی آزادی کیلئے لڑے اور بے شمار قربانیاں دیں۔ چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اس موقع پر کہا کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے تبصرے کو بی جے پی نے توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز کانگریس کے نئے صدر دفتر کے افتتاح کے موقع راہل گاندھی نے کہا تھاکہ ’’ کانگریس، بی جے پی، آر ایس ایس او ر خودانڈین اسٹیٹ سے لڑرہی ہے۔ ‘‘انڈین اسٹیٹ سے ان کی مرادموجودہ مودی حکومت تھی۔ بی جےپی اس بیان پرراہل گاندھی کو نشانہ بنارہی ہےاوراسے سماج کوتقسیم کرنے والا بتا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے یہ بھی کہا تھا کہ بھاگوت کی طرح کوئی لیڈر کسی دوسرے ملک میں اگر ایسا بیان دیتا تو اسے گرفتار کرلیاجاتا۔ بھوپیش بگھیل نے پریس کانفرنس میں راہل گاندھی کے اس بیان کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حکومت آر ایس ایس کی ہے اس لئےبھاگوت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔ چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر بھوپیش بگھیل نے کہا کہ اس تنظیم (آر ایس ایس)کی سرگرمیاں ملک مخالف رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے ۵۲؍سال سے اپنے ہیڈکوارٹر پر ترنگا نہیں لہرایا جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس تنظیم اور اس کے قائدین میں کتنی حب الوطنی ہے۔
بگھیل نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے بیان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہل جی کا وژن جمہوری، جامع اور منصفانہ ہے۔ کانگریس ان بنیادی اصولوں پر آگے بڑھ رہی ہے اور راہل گاندھی اور کانگریس کارکنان اس راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ مرکز کے ساتھ ساتھ کئی ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے، لیکن حقیقت میں یہ آر ایس ایس کی حکومت ہے۔
انہوں نے کہاکہ موہن بھاگوت اور ان کی تنظیم کے لوگ وقتاً فوقتاً آئین کے بارے میں بیانات دیتے رہے ہیں۔ بی جے پی ممبران پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ آئین کو تبدیل کریں گے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ آئین پر یقین نہیں رکھتے۔ سب جانتے ہیں کہ آر ایس ایس کو ترنگا قبول کرنے میں ۵۲؍ سال لگے۔ اس کی تاریخ سب کو معلوم ہے۔ جب لاکھوں ہندوستانی آزادی کی جنگ لڑ رہے تھے، وہ انگریزوں کے ساتھ شراکت دار کے طور پر کام کر رہے تھے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ہٹلر اور مسولینی کو مانتے ہیں اور ان کے راستے پر چلتے ہیں۔ آر ایس ایس بی جے پی والے کانگریس والوں کو حب الوطنی کا سبق نہ سکھائیں۔ ہمیں یہ مت سکھائیں حب الوطنی کیا ہے۔
بگھیل نے کہاکہ `پورے ملک نے دیکھا ہے کہ آر ایس ایس نے جدوجہد آزادی میں کیا کردار ادا کیا اور آر ایس ایس کس کے ساتھ تھی۔ بی جے پی حکومت اداروں پر قبضہ کرکے سماجی ڈھانچہ اور معاشی بنیاد کو کمزور کرنے کا کام کر رہی ہے۔ آئین میں انصاف، مساوات اور جمہوریت کے تحفظ کی بات ہے، لیکن آر ایس ایس ان خیالات پر یقین نہیں رکھتی۔ بی جے پی بھی یہی کر رہی ہے۔ جو ادارے انصاف، مساوات اور جمہوریت کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں، بی جے پی انہیں اپنی شرائط پر چلا رہی ہے۔ اس موقع پر پون کھیڑا نے کہا کہ بی جے پی اور اپنے سینئر لیڈروں کے تعلق سے اس کے رویے پرطنزکرتے ہوئےکہاکہ اڈوانی جی اکثر یہ سوچتے ہیں کہ اگر ان کے نام میں ’وی‘ نہیں ہوتا توبی جےپی میں ’اڈانی ‘ کی طرح ان کا احترام کیاجاتا۔
واضح رہےکہ موہن بھاگوت نے پیر کوکہا تھا کہ رام مندر میں پران پرتشٹھا کے دن کو ملک کی اصل آزادی کے دن کے طورپرمنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا تھا کہ’’ برطانوی تسلط سے ۱۹۴۷ء میں ملک کو آزادی ملنے کے بعد جو آئین تشکیل دیاگیا تھا وہ خصوصی ویژن کے تحت دیاگیا تھا جس کا تعلق ملک کی خود مختاری سے تھا۔ یہ آئین اس وقت ملک کی روح کے مطابق نہیں تھا۔ ‘‘