• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

موہن چرن ماجھی نے ادیشہ کے وزیر اعلیٰ کا حلف لیا

Updated: June 13, 2024, 1:26 PM IST | Bhubaneswar

تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم مودی، وزراء کونسل کے اراکین اور بی جے پی کی حکومت والی ۹؍ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

Prime Minister Modi with Chief Minister Mohan Charan Majhi. Photo: PTI.
وزیر اعظم مودی، وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی کے ساتھ۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

قبائلی لیڈر موہن چرن ماجھی نے بدھ کو ادیشہ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزراء کونسل کے کئی اراکین اور بی جے پی کی حکومت والی ۹؍ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔ حلف برداری کی تقریب بھونیشور کے مشہور جنتا میدان میں منعقد ہوئی۔ اس کے ساتھ ماجھی ادیشہ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے والے پہلے بی جے پی لیڈر بن گئے۔ گورنر رگھوبر داس نے ماجھی کو دو نائب وزیر اعلیٰ، آٹھ کابینی وزراء اور پانچ وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) کے ساتھ عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ 
بی جے پی کے کئی مرکزی لیڈروں کی موجودگی میں حلف برداری کی تقریب کو دیکھنے کے لیے ریاست بھر سے ایک لاکھ سے زیادہ لوگ جنتا میدان میں جمع ہوئے۔ حلف برداری کی تقریب میں ادیشہ کے سابق وزیر اعلیٰ اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے صدر نوین پٹنائک بھی موجود تھے۔ حلف لینے والے دو نائب وزیر اعلیٰ کنک وردھن سنگھ دیو اور پربھاتی پریڈا ہیں۔ 
حلف لینے والے کابینی وزراء میں سریش پجاری، رابی نارائن نائک، نتیا نند گونڈ، کرشن چندر پاترا، پرتھوی راج ہری چندن، ڈاکٹر مکیش مہلنگا، وبھوتی بھوشن جینا، ڈاکٹر کرشن چندر مہاپاترا شامل ہیں۔ جبکہ ۵؍وزرائے مملکت (آزاد) میں شری گنیش رام سنگھ کھنٹیا، سوریہ ونشی سورج، پردیپ بالا سمنت، گوکولانند ملک اور سمپد چندر سوین شامل ہیں۔ بی جے پی نے ۲۰۲۴ء کے اسمبلی انتخابات میں کل۱۴۷؍ اسمبلی سیٹوں میں سے ۷۸؍ سیٹیں جیت کر نوین پٹنائک کی قیادت والی بی جے ڈی حکومت کی۲۴؍ سالہ حکمرانی کو ختم کر دیا۔ بعد میں تین آزاد ایم ایل اے بھی بی جے پی میں شامل ہو گئے، جس سے اسمبلی میں پارٹی کی کل تعداد۸۱؍ ہو گئی۔ ادیشہ کی سیاسی تاریخ میں یہ پہلی بی جے پی حکومت ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ادیشہ میں بی جے پی کی پہلی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی اور اس دن کو ریاست کیلئے ایک `تاریخی دن قرار دیا۔ مودی نے کہاکہ ’’بی جے پی ریاست ادیشہ میں اپنی پہلی حکومت بنا رہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’ `میں نے بھونیشور میں حلف برداری کی تقریب میں حصہ لیا اور موہن چرن ماجھی کو وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر اور کنک وردھن سنگھ دیو اور پربھاتی پریڈا کو نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے پر مبارکباد دی۔ ‘‘انہوں نے کہاکہ دوسرے لوگوں کو بھی مبارک ہو جنہوں نے بطور وزیر حلف لیا۔ مہا پربھو جگناتھ کے آشیرواد سے مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم اوڈیشہ میں ریکارڈ ترقی لائے گی اور لاتعداد لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائے گی۔ 
اس سے قبل مودی آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے چندر بابو نائیڈو کی حلف برداری میں شرکت کے بعد حیدرآباد سے ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کے خصوصی طیارے میں بیجو پٹنائک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے۔ ان کی آمد پر قبائلی خواتین نے قبائلی گانوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ 
مودی نے ادیشہ میں اپنی انتخابی ریلیوں کے دوران اعلان کیا تھا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت بنائے گی اور لوگوں کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے بھونیشور آنے کی دعوت دی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK