دہلی میں بھی اس کے۳۰؍ جون کے آس پاس داخل ہونے کا امکان ہے۔ ملک کے مختلف حصوں کیلئے ہلکی سے تیز بارش کا الرٹ جاری۔
EPAPER
Updated: June 27, 2024, 11:25 AM IST | New Delhi
دہلی میں بھی اس کے۳۰؍ جون کے آس پاس داخل ہونے کا امکان ہے۔ ملک کے مختلف حصوں کیلئے ہلکی سے تیز بارش کا الرٹ جاری۔
ملک بھر میں مانسون کی پیشقدمی تیزی سے جاری ہے۔ اس دوران جن ریاستوں میں مانسون پہنچ چکا ہے وہاں موسم باراں کا آغاز ہوچکا ہے۔ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے لوگوں کو جھلسادینے والی گرمی سے راحت ملی ہے۔ وہیں کچھ ریاستوں میں جہاں مانسون ابھی داخل ہونا باقی ہے، قبل از مانسون سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے۲۶؍ جون کو گوا، کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو، آسام، میگھالیہ، گجرات، اودیشہ، بہار اور اروناچل پردیش میں شدید بارش کا اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، جنوب مغربی مانسون شمالی بحیرہ عرب، ریاست گجرات اور مدھیہ پردیش کے کچھ مزید حصوں اور جنوب مشرقی راجستھان کے کچھ حصوں میں آگے بڑھ گیا ہے۔ مانسون کے اگلے۳؍سے ۴؍ دنوں میں راجستھان، اتر پردیش اور دیگر علاقوں میں آگے بڑھنے کا امکان ہے۔ مانسون جلد ہی اتر پردیش میں بھی پہنچ سکتا ہے، جبکہ دہلی میں بھی اس کے۳۰؍ جون کے آس پاس داخل ہونے کا امکان ہے۔ دہلی میں قبل از مانسون کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں، جس سے لوگوں کو چلچلاتی گرمی اور گرمی کی لہر سے راحت مل گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی میں ۲۶؍ جون سے یکم جولائی تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اس پورے ہفتے دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت۳۵؍ سے۳۸؍ ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور کم سے کم درجہ حرارت۲۳؍ سے۲۸؍ ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔
موسم کی پیشینگوئی کرنے والی ایجنسی ’اسکائی میٹ‘ کے مطابق، ۲۶؍ جون کو انڈمان اور نکوبار جزائر، کیرالہ، ساحلی کرناٹک، کوکن اور گوا اور گجرات کے کچھ حصوں میں درمیانی سے بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ وہیں، سکم، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور لکشدیپ میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ اودیشہ، مراٹھواڑہ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، ساحلی آندھرا پردیش، جنوب مشرقی اور مشرقی راجستھان، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال اور اتراکھنڈ کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش، رائلسیما، تمل ناڈو اور ودربھ کے بھی کچھ حصوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
’اسکائی میٹ ‘ کے اپ ڈیٹ کے مطابق مانسون کی شمالی حد ویراول، راج پیپلا، اجین، ودیشہ، سدھی، چائباسا، ہلدیہ، پاکوڑ، صاحب گنج اور رکسول سے گزر رہی ہے۔ اب، جنوب مغربی مانسون کے اگلے۳؍ دنوں کے دوران شمالی بحیرہ عرب اور ریاست گجرات کے کچھ اور حصوں، مدھیہ پردیش کے کچھ اور حصوں، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور بہار کے باقی حصوں، اتر پردیش اور اتراکھنڈ کے کچھ حصوں میں آگے بڑھنے کیلئے حالات سازگار ہیں۔