عوامی سطح پر تو موربی حادثہ موضوع بحث لیکن سیاسی و حکومتی سطح پر خاموشی ۔ عام آدمی پارٹی نے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کیا ، بی جے پی کی اہم میٹنگ
EPAPER
Updated: November 05, 2022, 9:30 AM IST | ahmedabad
عوامی سطح پر تو موربی حادثہ موضوع بحث لیکن سیاسی و حکومتی سطح پر خاموشی ۔ عام آدمی پارٹی نے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کیا ، بی جے پی کی اہم میٹنگ
موربی کا پُل حادثہ کئی جانیں لینے کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ عوام کے ذہنوں میں نقش ہو گیا ہے کہ کس طرح حکومتی لاپروائی اور بے حسی نے ان کے اپنوں کو موت کے منہ میں ڈھکیل دیا۔ یہ حادثہ گجرات الیکشن سے عین قبل جہاں بی جے پی کا اقتدار ختم ہونے کا ’ٹریگر ‘ بن سکتا ہے وہیں ا س پر حکومتی اور سیاسی سطح پر خاموشی اختیار کرنے کی حکمت عملی استعمال کی جارہی ہے۔اگر ایک طرف موربی حادثے پر سیاسی و حکومتی سطح پر خاموشی برتی جارہی ہے تو دوسری طرف سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں ۔ گجرات میں مقابلہ سہ رُخی قرار دیا جارہا ہے۔ بی جے پی، کانگریس جہاں براہ راست مقابلہ کررہے ہیں وہیں عام آدمی پارٹی بھی اہم فریق بن کر ابھری ہے۔
چیف فائر افسر معطل ، مالکان ہنوز فرار
موربی حادثے کے ۶؍ دن کسی سرکاری افسرکے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔انتظامیہ نے موربی کے چیف فائر افسر سندیپ سنگھ جھالا کو لاپروائی کے الزام میں معطل کردیا ۔ واضح رہے کہ موربی پولیس نے گزشتہ روز سندیپ سنگھ سے ۴؍ گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی تھی اور اسی کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ادھر یہ کارروائی ہوئی تو دوسری طرف اب تک پُل کی مرمت کرنے والی کمپنی ’اوریوا ‘ کے مالکان کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ کمپنی کے تینوں مالکان کو فرار بتایا جارہا ہے۔ یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ ان تینوں کے بی جے پی لیڈر شپ سے بہت اچھے تعلقات ہیں۔ اسی وجہ سے اب تک ان پر کوئی آنچ نہیں آئی ہے۔
عام آدمی پارٹی نے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا اعلان کیا
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے گجرات اسمبلی انتخابات کیلئے ایسودان گڑھوی کو عام آدمی پارٹی کا وزارت اعلیٰ کاامیدوار نامزد کیا ہے۔ کیجریوال نے احمد آباد میں منعقد ہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے نام کا اعلان کیا۔ گڑھوی کے سامنے پارٹی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ گوپال اٹالیہ تھے جنہوں نے پاٹیدار برادری کی تحریک میں اہم رول ادا کیا تھا۔ کیجریوال کے مطابق عام آدمی پارٹی نے تقریباً ۵ء۱۶؍ لاکھ لوگوں سے رائے حاصل کرنے کے بعد اسودان کے نام کا انتخاب کیا ہے جس میں ۷۳؍فیصد لوگوں نے انہیں بطور وزیر اعلیٰ پہلی پسند قرار دیا۔ یاد رہے کہ ۲۹؍اکتوبر کو کیجریوال نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ایس ایم ایس، وہاٹس ایپ، وائس میل اور ای میل کے ذریعے پارٹی سے رابطہ کرکے یہ بتائیں کہ ریاست میں پارٹی کا وزیر اعلیٰ کا امیدوار کون ہونا چاہئے۔
ایسودان گڑھوی کون ہیں؟
ایسودان گڑھوی محض ۴۰؍ سال کے ہیں اور گجرات کے ضلع جام نگر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کا خاندان زراعت سے وابستہ ہے اور ان کا تعلق اوبی سی برادری سے ہے جو ریاست کی آبادی کا ۴۸ فیصد ہیں۔ ایسودان گڑھوی صحافی بھی ہیں اور گجرات کے مقبول ٹی وی اینکر رہ چکے ہیں۔ وہ جون ۲۰۲۱ء میں عام آدمی پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ فی الحال وہ عام آدمی پارٹی کے قومی جوائنٹ جنرل سیکریٹری ہیں اور پارٹی کی قومی ایگزیکٹو کے رکن بھی ہیں۔
کانگریس پارٹی کی ۵؍ پریورتن یاترا ئیں
ملکارجن کھرگے کے صدر بننے کے بعد سے کانگریس میں نئی جان آگئی ہے کیوں کہ ایک طرف تو بھارت جوڑو یاترا کو پورے ملک کی حمایت مل رہی ہے تو دوسری طرف پارٹی نے گجرات میں اقتدار میں واپس آنے کے لئے ایک ساتھ ۵؍ ’پریورتن سنکلپ یاترائیں ‘ لانچ کردی ہیں۔ منگل کو شروع کی گئی ان یاترائوں کو زبردست حمایت ملنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ یاترائیں مجموعی طور پر پورے گجرات میں تبدیلی لانے کی شروعات کریں گی اور اس دوران ۵؍ ہزار ۴۰۰؍ کلومیٹر کا سفر طے کریں گی۔ اس دوران ۱۴۵؍ سے زیادہ عوامی میٹنگیں کی جائیں گی۔ اس یاترا میں پارٹی کے ایک لاکھ سے زیادہ کارکنان حصہ لیں گے جبکہ ۱۰۰؍ سے زیادہ سینئر لیڈر جن میں دیگر ریاستوں کے لیڈران بھی شامل ہوں گے ، وہ بھی یہاں پہنچیں گے اور پارٹی کارکنوں کا حوصلہ بڑھائیں گے ۔
کانگریس پارٹی کی حکمت عملی
کانگریس پارٹی پر یہ الزام لگ رہا تھا کہ وہ گجرات الیکشن نہیں لڑنا چاہتی ہے، اس کا پورا دھیان بھارت جوڑو یاترا کو کامیاب بنانے پر ہے لیکن اس نے پریورتن یاترا لانچ کرکے اپنے ناقدین کو خاموش کردیا ہے۔ پارٹی کے لیڈر شپ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت کانگریس خاموش حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔ وہ کوئی شور شرابہ کئے بغیر اب تک ریاست کے ہزاروں ووٹرس تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے وعدے اور ویژن بھی ووٹرس تک پہنچائے جاچکے ہیں۔ اب پارٹی کی جانب سے بی جے پی کے ۲۷؍ سالہ اقتدار کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی جائے گی۔