۶۱؍کروڑکی لاگت سے مختلف کام کئے جارہے ہیں جس سےآئندہ مسافروں کوکئی طرح کی سہولتیںملیں گی
EPAPER
Updated: December 28, 2023, 7:17 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۶۱؍کروڑکی لاگت سے مختلف کام کئے جارہے ہیں جس سےآئندہ مسافروں کوکئی طرح کی سہولتیںملیں گی
مسافروں کی سہولت کیلئے ودیا وہار اور کرلا اسٹیشنوں پر مختلف کام شروع کئے گئے ہیں۔مجموعی طور پردونوں اسٹیشنوں پر۶۱؍ کروڑ روپے کی لاگت سے پلیٹ فارم، ویٹنگ ہال، پلیٹ فارم پر جانے والی سیڑھیاں، فٹ اوور بریج کودوسر ےبریج سے جوڑنے اور ایسے دیگر کام کئے جارہے ہیں۔ تکمیل کے بعد اس سے مسافروں کو کافی سہولت ملے گی جبکہ اس وقت کام کئے جانے کی وجہ سے آمدورفت میں مسافروں کو دشواریاں بھی پیش آرہی ہیں۔
ودیا وہار اسٹیشن پرمختلف کاموں کے لئے ۳۲؍ کروڑ ۷۸؍ لاکھ روپے مختص کئےگئے ہیں۔ اس کی مدد سے سیڑھیاں، فٹ اووربریج کی لینڈنگ ، پلیٹ فارم کی تعمیروغیرہ کاکام جاری ہے۔ اسی طرح کرلا میں ۲۸؍کروڑ۸۱؍لاکھ روپے کی خطیر رقم سے پلیٹ فارم پرجانے والی اور باہر نکلنے والی سیڑھیاں، فٹ اووربریج کو جوڑنے ، نئے ٹوائلٹ بلاک لگانے ،ویٹنگ ہال اوردفاتر بنائے جارہے ہیں ۔
ان کاموںکےتعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر اوڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’ مذکورہ بالا کام تیزی سےجاری ہیں۔ ریلوے کی جانب سےکوشش کی جارہی ہے کہ مسافروں کوبہتر سے بہتر سہولتیں ملیں اورو ہ بحفاظت اورآرام دہ سفر کرتے ہوئےاپنی منزل تک پہنچیں ۔ ‘‘ انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’ کئے جارہے کاموں میںخاص طور پر اس بات پرتوجہ دی جارہی ہے کہ جو زیادہ اہم اورضروری ہیں، انہیںترجیح دیتے ہوئے مکمل کیا جائے تاکہ مسافر ٹرین میں سوار ہونے یا اتر کر اسٹیشن سے باہر آنے میںآسانی محسوس کریں اور بھیڑبھاڑ سے بھی بچ سکیں۔ اسی کے پیش نظر کروڑوں ر وپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ‘‘