غباروں میں سگریٹ کے ٹکڑے، کاغذ اور پلاسٹک کے تھیلے جیسے کوڑے کے مختلف ٹکڑے تھے، جنوبی کوریا کا جوابی قدم اٹھانے پر غور۔
EPAPER
Updated: June 03, 2024, 10:38 AM IST | Seoul
غباروں میں سگریٹ کے ٹکڑے، کاغذ اور پلاسٹک کے تھیلے جیسے کوڑے کے مختلف ٹکڑے تھے، جنوبی کوریا کا جوابی قدم اٹھانے پر غور۔
شمالی کوریا کے کچرا ڈھونے والے ۶۰۰؍سے زیادہ غبارے مسلسل ۵؍ دنوں سے جی پی ایس سگنل جام ہونے کے درمیان جنوبی کوریا میں گرے ہیں۔ سیول کی فوج نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ یونہاپ نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی کوریا کا صدارتی دفتر جوابی قدم اٹھانے پر غور کررہا ہے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف (جے سی ایس) نے کہا کہ اس نے۶۰۰؍ سے زیادہ غباروں کا پتہ لگایا ہے جو دونوں کوریا کو الگ کرنے والی فوجی حد بندی کے پار تیرتے ہوئے سنیچر کی رات۸؍ بجے سے اتوار کی صبح۱۰؍ بجے کے درمیان ملک کے مختلف حصوں میں گرے تھے۔
جے سی ایس کے مطابق غباروں میں پچھلے غباروں کی طرح سگریٹ کے ٹکڑے، کاغذ اور پلاسٹک کے تھیلے جیسے کوڑے کے مختلف ٹکڑے تھے۔ جنوبی کوریا کے کارکنوں کی طرف سے بھیجے گئے پیانگ یانگ مخالف کتابچے کے خلاف ’جیسے کو تیسا کارروائی‘ کی وارننگ دینے کے بعد شمالی کوریا نے اس سے قبل منگل اور بدھ کو کچرا اور فضلے سے بھرے تقریباً ۲۶۰؍غبارے جنوبی کوریا میں بھیجے تھے۔ جے سی ایس نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ان اشیاء کو ہاتھ نہ لگائیں اور قریبی فوجی یا پولیس حکام کو مطلع کریں۔ یونہاپ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس میں غباروں سے ممکنہ خطرے سے بھی خبردار کیا گیاہے۔
سیول شہر کی حکومت نے اتوار کو کہا کہ وہ اس طرح کے واقعات کا جواب دینے کیلئے۲۴؍ گھنٹے ایک ایمرجنسی سینٹر چلائے گی۔ شمالی کوریا کا غبارہ لانچ کئی حالیہ اشتعال انگیز اقدامات کے بعد ہوا ہے جس میں پیر کو ایک جاسوسی سیٹلائٹ لانچ کرنے کی ناکام کوشش بھی شامل ہے۔
یونہاپ کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے شمالی کوریا کے غبارے کی اشتعال انگیزی پر تبادلہ خیال کیلئے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا۔