• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پولنگ کے پیش نظر۳۰؍ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

Updated: November 20, 2024, 11:52 AM IST | Mumbai

ایک ہزار ٹریفک پولیس، سینٹرل ، اسٹیٹ سیکوریٹی فورس اور۴؍ہزار ہوم گارڈز بھی فورس کا حصہ ہوں گے۔ پولیس کمشنر نے ایک بار پھراپنے ویڈیو پیغام میںرائے دہندگان سے ووٹ دینے اور پولیس اور الیکشن ڈیوٹی پر مامور افسران سے تعاون کرنے کی اپیل کی

A senior officer instructs his subordinate policemen on co-duty in Borivali. (Photo: Namesh Dewey)
بوریولی میں ایک سینئر افسر اپنے ماتحت پولیس اہلکاروں کوڈیوٹی کے بارے میںہدایات دیتے ہوئے۔(تصویر:نمیش دوے)

بدھ(آج) کو ۳۶؍ اسمبلی حلقوں  میں رائے دہندگان ووٹ دیں گے جس کے پیش نظر پولیس نےسخت حفاظتی بندوبست کیا ہے۔  پولیس نےپولنگ کے عمل کو پر امن طریقہ سے انجام دینے کیلئے ممبئی پولیس کمشنر ، اسپیشل پولیس کمشنر اور دیگر اعلیٰ افسران کی سربراہی میں ۳۰؍ ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات کر دی ہے ۔خصوصی طور پر شہر و مضافات کے حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اسلحہ سے لیس کمانڈوز بھی تعینات کئے گئے ہیں  نیز سینٹرل اور اسٹیٹ سیکوریٹی فورس نیز ۴؍ ہزار ہوم گارڈ کو بھی حفاظتی دستہ میں شامل کیا گیاہے ۔
  ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے   بدھ ۲۰؍ نومبر (آج) کو ہونے والی پولنگ کے تعلق سے عوام کے نام ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئےہر شہری کو اپنے آئینی حق کا ہرممکن استعمال کرنے کی اپیل کی ہے  ساتھ صبح ۷؍ سے شام۶؍ بجے کے درمیان ووٹنگ کرتے وقت پولیس اور پولنگ اسٹاف   کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کی ہے ۔
 واضح رہے کہ پولنگ سے تقریباً  ایک ہفتہ قبل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( ڈی سی پی )اکبر پٹھان نے بھی اس ضمن میں شہریوں سے پر امن طریقہ سے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے شرپسندوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فرمان جاری کیا تھا ۔
    ۳۶؍ اسمبلی حلقوں پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے ۴۲۰؍ امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کرتے ہوئے رائے دہندگان ووٹ دیں گے۔  پولنگ  کے پیش نظر جوائنٹ پولیس کمشنر( نظم ونسق ) ستیہ نارائن چودھری نے   پولیس کمشنر وویک پھنسلکر اور اسپیشل کمشنر کی ہدایت پر جہاں شہر و مضافات کے پولنگ اسٹیشنوں میں زائد فورس کے ساتھ اسلحہ سے لیس کمانڈوز کو تعینات کیا ہے وہیں کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر شر پسند اور سماج دشمن عناصر کے ذریعہ ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کو ناکام بنانے اوررائے دہندگان  اورپولنگ افسران کی حفاظت کیلئے ممبئی پولیس نے ۵؍ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ، ۲۰؍ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ،۸۳؍ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس، ۲؍ ہزار سے زائد سینئر پولیس افسران اور ۲۵؍ ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے ۔  سیکوریٹی کو مزید سخت اور مضبوط بنانے اور ٹریفک کے مسئلہ پر قابو پانے کے مقصد سے جہاں ایک ہزار ٹریفک پولیس افسران کو شہر اور مضافات کے الگ الگ حصوں میں تعینات کیا گیا ہے  وہیں سینٹرل اور اسٹیٹ سیکوریٹی فورس کی ۲۶؍ ٹکڑیوں اور ۴؍ ہزار ہوم گارڈز کو بھی حفاظتی دستہ میں شامل کیا گیا ہے ۔ممبئی پولیس کمشنر کے علاوہ جوائنٹ پولیس کمشنر نظم و نسق ستیہ نارائن چودھری نے ہر پولنگ اسٹیشن کے ۱۰۰؍ میٹر کے دائرے میں کسی بھی گاڑی کے داخلہ پر پابندی عائد کی ہے  ساتھ ہی رائے دہندگان  سے بھی اس پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK