• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

باسی عید منانے ڈھائی لاکھ سے زائد عقیدت مند حاجی علی پہنچے

Updated: April 24, 2023, 11:07 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

سمندر میںطغیانی کے باوجودعقیدت مندوں کی لمبی قطاروں کے سبب درگاہ انتظامیہ نے قبل ازوقت گیٹ کھول دیا ۔ عملے کے ۱۵۰؍ کارکنان اور۶۵؍ کیمرو ںکےذریعے نگرانی

On the second day of Eid, lakhs of devotees reached Haji Ali Dargah.
عید کے دوسرے دن حاجی علی درگاہ پر لاکھوں کی تعداد میں عقیدتمند پہنچے تھے۔

عیدالفطر جوش وخروش سے منائی گئی ۔ لاکھوں بندگان ِ خدا نے اپنے رب کی بارگا ہ میںجبین ِ نیاز جھکاکر اس کی کبریائی بیان کی اورماہ صیا م میں عبادات کی توفیق مرحمت فرمانے پر اس کا شکرادا کیا ۔ باسی عید منانے کے لئے اہل ممبئی مع اہل وعیال مختلف تفریحی مقام کا انتخاب کرتے ہیں۔ ان میں سب سے اہم حاجی علی ہے۔یہاں تفریح بھی ہوجاتی ہے اورحضرت حاجی علی ؒکے آستانے پرحاضر ہوکر فاتحہ خوانی کا موقع بھی مل جاتاہے۔ لوگوں کی کثرت کا اندازہ اس سے کیا جاسکتا ہے کہ باسی عید کوڈھائی لاکھ سے زائد عقید مند حاجی علی پہنچے ۔اس میںمرد وعورت ،جوان بوڑھے اور بچے سبھی شامل تھے۔ عید کے دن بھی کچھ ایسا ہی منظرتھااورعید کے دن بھی تقریباً اتنی ہی بڑی تعداد میںلوگ یہاںعید منانے پہنچے تھے۔ 
سمندر میںطغیانی پھربھی لمبی قطاریں
 سمندر میںطغیانی تھی اورپہلے ہی درگاہ انتظامیہ کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا تھا کہ طغیانی کے سبب گیٹ ۴؍بجے کھولا جائے گا لیکن عقیدت مندوں کی لمبی قطاروں اوران کے وقت سے پہلے پہنچنے کے سبب درگاہ انتظامیہ نے قبل ازوقت گیٹ کھول دیا ۔درگاہ جانے کے لئے راستے کے اوپر سے پانی بہنے اورحادثے کے اندیشے کےسبب رسّی باندھ کرعملہ پہرہ دیتا رہا۔۶۵؍سی سی ٹی وی کیمرو ں کےذریعے بھی نگرانی کی گئی ۔اس دوران سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے دیکھ کرمسلسل اعلان کیاجاتا رہا کہ لوگ اس طرح سے جائیں ،ادھر سے جائیں، اس جانب سے نکلیںوغیرہ ۔
 مذکورہ بالاتفصیلات نمائندۂ انقلاب کے استفسار پرحاجی علی درگاہ انتظامیہ کے منیجرمحمداحمدطاہر نے  مہیا کرائیں۔ انہوںنے بتایاکہ’’دراصل طغیانی توتھی لیکن شدت نہیں تھی اور نہ ہی ہواکا زورتھا اورلوگ بھی بڑی تعداد میںپہنچ گئے تھے اس لئے چار بجے کےبجائے ڈیڑھ بجے ہی گیٹ کھول دیا گیا ۔‘‘
 حاجی علی درگاہ انتظامیہ کے منیجرکے مطابق ’’زائرین کی کثرت اورحالات کے پیش نظر ۱۵۰؍ رضاکار ، ۲۵؍تیراک ، ۶۵؍سی سی ٹی وی کیمرے، پبلک اناؤنسمنٹ سسٹم مین روڈ اوردرگاہ کمپاؤنڈ وغیرہ ، داخلی گیٹ پرابتدائی طبی سہولت اورپولیس بندوبست کے ذریعے خاص نگرانی کی گئی ۔زائرین نے بھی توجہ دی ،اس طرح بغیرکسی دقت کے لوگوں کی آمدورفت جاری رہی ۔‘‘
باسی عید میںبچوں کے ساتھ تفریح کا موقع ہوتا ہے 
 حاجی علی جانے والے عبدالرحمٰن خورشیدخان نےکہاکہ’’ عید کی خوشی الگ ہی ہوتی ہے۔باسی عید اس دفعہ اتوار کوآئی اس لئے چھٹی لینے کی بھی ضرورت نہیںپڑی ۔بچوں کےساتھ آئے ہیں ۔ یہاں تفریح بھی ہوجاتی ہے اور فاتحہ خوانی بھی ہوجاتی ہے۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ’’ عید والے دن تو مہمانوں کی آمدہوتی رہتی ہے لہٰذا عید کا دن مہمانوں کا ہوتا ہے،عورتیں اورزیادہ مصروف رہتی ہیں اس لئے باسی عید کوان کوبھی موقع مل جاتا ہے اس طرح باسی عید منانے کا لطف الگ ہی رہتاہے۔‘‘
 عبدالعظیم انصاری نےکہاکہ ’’ باسی عید کوحاجی علی میںاکثر جاتے ہیںکیونکہ یہاںبچوں کوالگ ہی لطف آتاہے اورخواتین کی بھی حاضری ہوجاتی ہے۔ اب کی دفعہ توراستے پرپانی بھی تھااور طغیانی کے سبب دونوں جانب ہلکی لہری بھی اٹھ رہی تھیںلیکن عقیدت مند بے پرواہوکرآگے بڑھ رہے تھے۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ’’باسی عید کے دن ہی صحیح معنوںمیںتفریح ہوتی ہے۔ عید کے دن تو مہانوں کی ضیافت اورلوگو ںسے ملاقات ہوجاتی ہے لیکن باسی عید کوتفریح کا لطف ملتا ہے۔اس لئے بچے پہلے سے ہی حاجی علی جانے کی ضدکرتے رہتے ہیں۔‘‘
 خورشیدعبدالحئی خان نے بھی کچھ ایسے ہی تاثر کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ’’ حاجی علی بابا کے یہاںآنے پر دونو ںکام ہوجاتاہے۔ تفریح بھی اورفاتحہ خوانی بھی ۔ دوسری جگہ یہ سہولت نہیں ہے۔اس لئے حاجی علی میںاس قدربھیڑبھاڑہوجاتی ہےکہ راستہ چلنا دشوار ہوتا ہےپھربھی میرے جیسے لوگ حاجی علی کا ہی رخ کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK