• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایم ایس آر ڈی سی کو باندرہ قبرستان کی زمین بی ایم سی کے حوالے کرنے کا حکم

Updated: September 06, 2024, 12:03 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

عدالت نے مزدوروں کیلئے بنائے گئے عارضی کیمپ خالی کرانے اور زمین حوالے کرنے سے متعلق ۲۵؍ ستمبر کو رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔

An order has been made to remove the labor camps on the land allocated for the Bandra cemetery. Photo: INN
باندرہ قبرستان کیلئے مختص زمین پران لیبرکیمپوںکو ہٹانے کا حکم دیاگیا ہے۔ تصویر:انقلاب

باندرہ مغرب میں آبادی کے لحاظ سے ڈیولپمنٹ پلان میں مختص کئے گئے قبرستان کے پلاٹ کے علاوہ عیسائی قبرستان اور شمشان بھومی کا پلاٹ حاصل کرنے کیلئے مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ گزشتہ سماعت میں مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی )نے مزدوروں کیلئے بنائے گئے کیمپ خالی کرانے اور انہیں منہدم کرکے زمین بی ایم سی کے حوالے کرنے کیلئے ۴۵؍ دنو ں کی مہلت مانگی تھی۔  بدھ کو اس معاملے کی سماعت کے دوران مزید ۴۵؍ دن کی مہلت دینے کی اپیل کی گئی تھی جسے کورٹ نے خارج کر دیا  ہے ساتھ ہی ۲۵؍ ستمبر تک قبرستان کی زمین بی ایم سی کے حوالے کرنے کی ہدایت دی ہے۔
 عرضداشت گزار فرقان قریشی کی جانب سے  داخل کردہ عرضی پر ان کے وکلاء ارشد شیخ اور نسیم شیخ نے گزشتہ سماعت میں مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی )کے ذریعہ قبرستان کی زمین پر جھوپڑا واسیوں کے قبضہ کی اطلاع کو گمراہ کن بتایا تھا ساتھ ہی  قبرستان کیلئے مختص زمین پر بی ایم سی کا قبضہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔ اس پر عدالت نے سرزنش کرتے ہوئے ایم ایس آر ڈی سی کو فوری طور پر قبضہ ہٹانے، زمین بی ایم سی کے حوالے کرنے، دوبارہ پیمائش اور حد بندی کا حکم دیا تھا ۔ بدھ کو اس معاملے کی سماعت کے دوران ایم ایس آر ڈی سی نے میٹرو پروجیکٹ کے کام پر مامور مزدوروں کیلئے بنائے گئے کیمپ کو خالی کرنے کے لئے مزید ۴۵؍ دن کی مہلت مانگی تھی۔ بی ایم سی کی جانب سے وکیل انل ساکھرے نےبامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر کمار اپادھیائے اور جسٹس امیت بورکر کو یہ بھی بتایا کہ قبرستان کیلئے مختص کی گئی  ۳۱۹۷ء۴۲؍ اسکوائر میٹر زمین جس پر بی ایم سی کا قبضہ تھا، اسے خالی کر دیا گیا ہے۔ دو رکنی بنچ کو یہ بھی بتایا گیا کہ دیگر دو پلاٹ جو ۲؍ ہزار ۶۷۲ ؍ اور ۲؍ ہزار ۷۵۸؍ پر مشتمل ہے جس پر لیبر کیمپ بنا ہوا ہے، کی دوبارہ پیمائش اور حد بندی کر دی گئی ہے۔ اسی دوران عرضی گزار کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سماعت میں لیبر کیمپ ہٹانے اور بی ایم سی کے حوالے کرنے کیلئے پہلے ہی ۴۵؍ دن کی مہلت لی جاچکی ہے۔ 
 عدالت نے تمام فریق کی باتیں سننے اور داخل کردہ حلف نامہ کا جائزہ لینے کے بعد ایم ایس آر ڈی کو حکم دیا کہ’’ ۴۵؍ دن کی لی گئی مہلت میں ۳۰؍ دن گزر چکے ہیں اس لئے آئندہ ۱۵؍ دن میں  لیبر کیمپ خالی کرائے اور قبرستان اور شمشان بھومی کیلئے مختص کی گئی کل ۸؍ ہزار ۶۲۷ء۷۷؍ اسکوائر میٹر کی جگہ بی ایم سی کے حوالہ کرے۔‘‘ کورٹ نے لیبر کیمپ ہٹا نے اور زمین بی ایم سی کے حوالے کرنے سے متعلق کارروائی کی رپورٹ ۲۵؍ ستمبر تک پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کو ملتوی کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK