سوناکشی نے بھی خود کو ’شکتی مان‘سمجھنے والے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔
EPAPER
Updated: December 18, 2024, 2:37 PM IST | Agency | Mumbai
سوناکشی نے بھی خود کو ’شکتی مان‘سمجھنے والے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سوناکشی سنہا کی تربیت پر سوال اٹھانےوالے ’’رامائن‘‘ کے بھیشم پتاما مکیش کھنہ جنہوں نے بعد بھی ’’شکتی مان‘‘ سیریل سے شہرت حاصل کی، کو شتروگھن سنہا نے جم کر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ شترو سے قبل ان کی بیٹی سوناکشی نے بھی مکیش کھنہ کو رامائن کی تعلیمات کے حوالے سے ہی آئینہ دکھانے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ ۲۰۱۹ء میں امیتابھ بچن کے پروگرام ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ میں سوناکشی سنہا اس سوال کا جواب نہیں دے پائی تھیں کہ رامائن میں ہنومان ’سنجیونی بوٹی‘کس کے پاس سے لائے تھے۔ مکیش کھنہ نےاپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اس حوالے سے ان پرتنقید کی اور کہا کہ اس کیلئے شتروگھن سنہا ذمہ دار ہیں جنہوں نے اپنی بیٹی کو رامائن کی تعلیم نہیں دی۔ اس کا جواب دیتے ہوئے شتروگھن سنہا نے کہا ہے کہ ’’کچھ لوگوں کو اعتراض ہے کہ سوناکشی رامائن کے ایک سوال کا جواب نہیں دے سکی۔ اول تو اِس شخص کو کس نے رامائن کا ایکسپرٹ بنادیا۔دوم وہ کون ہوتا ہے ہندو دھرم کا ٹھیکےدار بننے والا؟‘‘ شتروگھن نے کہا کہ ’’مجھے اپنے تینوں بچوں پر فخر ہے۔ سوناکشی خود اپنی محنت سے اسٹار بنی ہے۔رامائن کے ایک سوال کا جواب نہ دینے سے وہ خراب ہندو نہیں بن جاتی۔اسے کسی سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ اس سے قبل خود سوناکشی سنہا نے مکیش کھنہ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’مکیش کھنہ جی میں نے آپ کا تازہ بیان پڑھا۔ پہلے تو میں آپ کو یاد دلادوں کہ اس دن ہاٹ سیٹ پر میں اکیلی نہیں تھی، دو خواتین تھیںمگر آپ نے تنقید کیلئے صرف مجھے چنا،اس کی وجہ میں جانتی ہوں۔‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں نے برسوں پرانا معاملہ اٹھانے پر مکیش کھنہ کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ ’’ویسے آپ بھی بھگوان رام درگزر کرکے آگے بڑھنے کےسبق کو بھول چکے ہیں۔‘‘