میڈیا کی قیاس آرائیوں کے جواب میں طالبان کا اعلان۔ تنظیم کے ’امیر‘ اس وقت حکومت سازی کے معاملے میں رہنمائی کر رہے ہیں
EPAPER
Updated: August 31, 2021, 8:34 AM IST | kabul
میڈیا کی قیاس آرائیوں کے جواب میں طالبان کا اعلان۔ تنظیم کے ’امیر‘ اس وقت حکومت سازی کے معاملے میں رہنمائی کر رہے ہیں
طالبان کے افغانستان فتح کرنے کے باوجود ابھی تک تنظیم کے امیر ہیبت اللہ اخوند زادہ منظر عام پر نہیں آئے ہیں۔ اس لئے مختلف افواہیں زور پکڑنے لگی ہیں تاہم اب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امیر ہیبت اللہ اخوندزادہ سے متعلق اہم معلومات میڈیا کو فراہم کردی ہیں۔
ایک عالمی نیوز ایجنسی کے مطابق ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے طالبان کی کمان ۲۰۱۶ءمیں سنبھالی تھی جب ملا اختر محمد منصور امریکی ڈرون حملے میں ایران سے پاکستان داخل ہونے کے دوران جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ملا اختر منصور کی ہلاکت کے بعد امیر کے انتخاب کیلئے شدید اختلاف بھی ہوا تھا اور طالبان کے بانی نیز افغانستان کے سابق حکمراں ملا محمد عمر کے صاحبزادے ملا یعقوب نے مبینہ طور پر خود کو امارت کیلئے سب سے موزوں قرار دیا تھا۔
لیکن کم عمر اورناتجربہ کار ہونے کی وجہ سے ملا یعقوب کو امیر منتخب نہیں کیا گیا تاہم اس اختلاف کو ختم کرنے کیلئے ایسے امیدوار کی تلاش تھی جو سب کیلئے قابل احترام اور قابل قبول ہو۔ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ سے بڑھ کوئی بھی ایسی شخصیت نہیں تھی جو ا س معیار پرپوری اترتی ہو اور یہ بات انھوں نے ۲۰۱۶ء سے تاحال طالبان کو متحد، منظم اور مضبوط تر بنا کر ثابت بھی کردی۔تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ درس و تدریس سے منسلک ملا ہیبت اللہ طالبان کے بانی ملا عمر کی طرح منظر عام پر آنا پسند نہیں کرتے، یہی وجہ ہے کہ افغانستان کی فتح کے بعد بھی وہ میڈیا کے سامنے نہیں آئے ہیں۔ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی اس پُراسرار غیر موجودگی پر چہ مہ گوئیاں شروع ہوگئی تھیں کہ شاید امیر طالبان جنگ کے دوران شہید تو نہیں ہوگئے۔ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد اس افواہ کو کئی بار مسترد کرچکے ہیں لیکن اب انھوں نے واشگاف الفاظ میں کہا ہے کہ امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ شروع سے قندھار ہی میں موجود ہیں اور حکومت سازی کی سربراہی کر رہے ہیں اور وہ بہت جلد منظر عام پر آئیں گے۔
درحقیقت طالبان کو یہ بیان میڈیا کی قیاس آرائیوں کے سبب جاری کرنا پڑا ورنہ ان کا ارادہ حکومت کے قیام کے بعد براہ راست مل ہیبت اللہ کو عوام کے سامنے پیش کرنا تھا۔