۲۰۱۸ء میں بند کئے گئے ڈمپنگ گراؤنڈ کے کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانےکیلئے۳؍ ٹھیکیدار۷۰؍لاکھ میٹرک ٹن کچرا اٹھانے میں ناکام۔ بی ایم سی نے ۸؍کروڑ جرمانہ عائد کیا
EPAPER
Updated: October 24, 2024, 10:32 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
۲۰۱۸ء میں بند کئے گئے ڈمپنگ گراؤنڈ کے کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانےکیلئے۳؍ ٹھیکیدار۷۰؍لاکھ میٹرک ٹن کچرا اٹھانے میں ناکام۔ بی ایم سی نے ۸؍کروڑ جرمانہ عائد کیا
ملنڈکےمکینوں کے مسلسل احتجاج اوردھرنےکےبعدیہاں کےڈمپنگ گراؤنڈکو ۲۰۱۸ء میںبند تو کر دیا گیاہے لیکن ڈمپنگ گراؤنڈ سے اٹھنے والی بد بو سے آج بھی لوگ پریشان ہیں ۔ اس ضمن میں ملنے والی مسلسل شکایت کے بعد کوڑا کرکٹ صاف کرنے کیلئے شہری انتظامیہ نے تین کنٹریکٹروں کو ٹھیکہ دیا تھا ۔ تاہم وہ ڈمپنگ گراؤنڈ میں موجود ۷۰؍ لاکھ ٹن کوڑے کو ٹھکانے لگانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ سے ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ کے قرب و جوار میں رہنے والے مکینوں کو اس سے اٹھنے والے تعفن کو اب مزید ایک سے ڈیڑھ سال برداشت کرنا پڑ سکتا ہے ۔
شہری انتظامیہ نے ملنڈ کے مکینوںکی اپیل اور احتجاج کے بعد ۶؍ سال قبل مذکورہ کچرے کو صاف کرنے ، اس کے ذریعے بجلی پیدا کرنے اورکھاد اور دیگر فوائد حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اسی کیلئے۳؍الگ الگ کمپنیوں کو کچرا ہٹانے،ری پروسیسنگ کرنے اور منصوبہ کے تحت اس کام کو مکمل کرنے کیلئے ۶؍ سال کا ہدف دیا گیا تھا ساتھ ہی ہر سال ۱۲؍ سے۱۵؍ لاکھ میٹرک ٹن ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ سے نکالنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن کورونابحران کے سبب اس ہدف کو پانے میں ناکامی ہوئی ۔
بی ایم سی نے کورونابحران کے سبب چند ماہ کام نہ کر پانے کی وجہ سے ٹھیکیداروں کو ملنڈڈمپنگ سے کچراہٹانے کیلئے جون ۲۰۲۵ء کی تاریخ دی تھی لیکن جب اس سلسلہ میں بی ایم سی نے ٹھیکیداروں کے کام کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ اب تک صرف ۳۲؍ لاکھ ٹن کوڑا کرکٹ ہی صاف کیا گیا ہے اور اسی رفتار سے کام کرنے پر دی گئی ڈیڈ لائن میں کام مکمل نہیں ہوگا ۔ اس کے پیش نظر جب شہری انتظامیہ کے سالیڈ ویسٹ ڈپارٹمنٹ نے استفسار کیا تو ٹھیکیداروں نے وقت پر کام مکمل کرلینے کا یقین دلا یا تھا ۔
بی ایم سی نے ٹھیکیداروں کی یقین دہانی پر ایک بار پھر انہیں روزانہ ۱۲؍ کے بجائے ۲۰؍ تا۲۵؍ لاکھ ٹن کی مناسبت سے کوڑاکرکٹ صاف کرنے کا موقع دیا تھا لیکن انہوںنے اس پر بھی عمل نہیں کیا ۔ اس پربی ایم سی نے ٹھیکیداروں کو نہ صرف معاہدہ منسوخ کرنے کی وارننگ دی بلکہ طے شدہ شرائط پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں ۸؍ کروڑ روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بی ایم سی نے ملنڈ ڈمپنگ گراؤنڈ سے کچرا صاف کرنے ، اس سے بجلی پیدا کرنے کے علاوہ کھاد ، پلاسٹک اور دیگر مصنوعات تیار کرنے کے مقصد سے ۵۵۸؍ کروڑ کا معاہدہ کیا ہے ۔ ٹھیکیدار جس رفتار سے کام کررہے ہیں ،اس سے مزید ایک سے ڈیڑھ سال کا عرصہ اور لگ سکتا ہے جس کی وجہ سے ملنڈ ڈمپنگ گراؤند کے آس پاس آباد مکینو ں کو اس وقت تک تکلیف برداشت کرنی پڑسکتی ہے۔