• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی بل بورڈ حادثہ: ہورڈنگ کا مالک بھاویش بھنڈے ادئے پور سے گرفتار

Updated: May 17, 2024, 2:54 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

گھاٹکوپر، ممبئی میں پیٹرول پمپ پر ہورڈنگ گرنے کے حادثے پر پیش رفت کرتے ہوئے ممبئی پولیس نے بل بورڈ کے مالک بھاویش بھنڈے کو ادئے پور ، راجستھان سے گرفتار کرلیا ہے۔ اس حادثے میں ۱۶؍ افراد جاں بحق جبکہ ۷۵؍ زخمی ہوئے ہیں۔

Bhavesh Bhinde. Photo: INN
بھاویش بھنڈے۔ تصویر: آئی این این

ممبئی پولیس نے اشتہاری ایجنسی ایگو میڈیا کے مالک بھاویش بھنڈے کو جمعرات کو ادئے پور، راجستھان سے گرفتار کرلیا۔ بھاویش، گھاٹکوپر، ممبئی کے پیٹرول پمپ پر گرنے والے ہورڈنگز کا مالک ہے۔ ۱۳؍ مئی کو پیش آنے والے اس حادثے میں ۱۶؍ افراد جاں بحق جبکہ ۷۵؍ زخمی ہوئے ہیں۔ پیر کی شام تیز ہواؤں کے سبب تقریباً ساڑھے ۴؍ بجے چھیڈا نگر جم خانہ کے قریب یہ حادثہ ہوا تھا۔ بل بورڈ (ہورڈنگز) کے گرنے کے بعد بی ایم سی نے کہا کہ اس نے ایگو میڈیا کے ذریعہ لگائے گئے بل بورڈ کو اسے لگانے کی اجازت نہیں دی تھی۔ یہ ہورڈنگ غیرقانونی تھی۔ علاوہ ازیں اس کی پیمائش ۱۲۰؍ بائے ۱۲۰؍ تھی جبکہ شہری ادارہ زیادہ سے زیادہ ۴۰؍ بائے ۴۰؍ کی اجازت دیتا ہے۔
ممبئی پولیس نے بھاویش اور دیگر کے خلاف دفعہ ۳۰۴ ، ۳۳۸؍ اور ۳۳۷؍ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ خیال رہے کہ حادثہ پیش آنے کے بعد ہی سے پولیس نے بھاویش کی تلاش شروع کردی تھی جو مبینہ طور پر شہر سے فرار ہوگیا تھا۔ جمعرات کو، ممبئی پولیس کے جوائنٹ کمشنر (کرائم) لکھمی گوتم نے کہا کہ بھنڈے کو ادئے پور سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں وہ اپنے رشتہ دار کے نام سے ایک ہوٹل میں مقیم تھا۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے آج صبح ممبئی لایا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سینئر وکیل کپل سبل سپریم کورٹ باراسوسی ایشن کے صدر منتخب

پولیس نے یہ بھی کہا کہ بھنڈے پر اس سال کے شروع میں عصمت دری اور ۲۰۱۶ء میں دھوکہ دہی کے بھی مقدمات درج ہیں۔ بھاویش نے ۲۰۰۹ء میں ملنڈ سے آزاد امیدوار کے طور پر اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔ دی ہندو کی خبر کے مطابق، حلف نامے کے مطابق، ممبئی میونسپل کارپوریشن ایکٹ اور نیگوشی ایبل انسٹرومنٹ ایکٹ (باؤنس چیکس کیلئے) کے تحت اس کے خلاف ۲۳؍ مقدمات درج کئے گئے تھے۔ دریں اثنا، میونسپل کارپوریشن نے بدھ کو سینٹرل ریلوے اور ویسٹرن ریلوے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حدود میں ۴۰؍ بائے ۴۰؍ کے اجازت شدہ سائز سے بڑے بل بورڈز کو فوری طور پر نکال دیں۔ 
بی ایم سی نے مزید کہا کہ ’’ممبئی کی جغرافیائی پوزیشن، ساحلی علاقے، اس کے موسم اور ہوا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، شہری ادارے نے ۴۰؍ بائے ۴۰؍ فٹ سے زیادہ سائز کے ہورڈنگز لگانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ شہری ادارے نے دعویٰ کیا کہ وہ جنگی پیمانے پر غیر قانونی ہورڈنگز کے خلاف انہدام کی مہم چلارہا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو میونسپل کارپوریشن نے کہا کہ اسسٹنٹ پولیس کمشنر (انتظامیہ) نے کمشنر آف پولیس (ریلویز ممبئی) کی جانب سے بل بورڈ کی اجازت دی تھی۔ تاہم، سینٹرل ریلوے نے کہا کہ بل بورڈ اس کی زمین پر نہیں تھا اور اس کا کسی بھی طرح سے ہندوستانی ریلوے سے تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK