Updated: July 20, 2024, 9:54 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کے مشہور اداکار، ہدایت کار اور فلمساز راج کپور کے چمبور، ممبئی میں واقع بنگلے کی جگہ گودریج پراپرٹیز عالیشان رہائشی کمپلیکس تعمیر کرے گا۔ کپور خاندان کے قانونی وارثوں سے یہ زمین حاصل کرکے اب اس پر ۲؍ لاکھ مربع فٹ کا رہائشی کمپلیکس تعمیر ہوگا جس کی کل قیمت ۵۰۰؍ کروڑ روپے ہوگی۔
ممبئی کے چمبور میں واقع راج کپور کا بنگلہ۔ تصویر: ایکس
ہندی فلموں کے مشہور اداکار راج کپور کے چمبور میں واقع بنگلہ کو گودریج پراپرٹیز ۵۰۰؍ کروڑ قیمت کے پر تعش رہائشی کمپلیکس میں تبدیل کرنے جا رہا ہے،گودریج کے تعمیراتی گروپ نے حال ہی میں کپور خاندان کے قانونی وارثوں سے ایک ایکڑ کی اس زمین کو حاصل کیا ہے جس میں ۲؍ لاکھ مربع فٹ پر مشتمل ایک رہائشی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔ منی کنٹرول کے مطابق جس کی موجودہ بازار کی قیمت ۵۰۰؍ کروڑ روپے ہو گی۔ واضح رہے کہ اس زمین کو حاصل کرنے کا عمل ۱۷؍ فروری ۲۰۲۳ء میں شروع ہوا تھا، جس کا مقصد ممبئی کے چمبور میں واقع اس جگہ پر ایک عالیشان اور اعلیٰ معیاری عمارتیں تعمیرکرنا تھا۔ خبروں کے مطابق گودریج نے اس زمین کیلئے کپور خاندان کو ۱۰۰؍ کروڑ روپے ادا کئے ہیں۔ ٹاٹا انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنس کے قریب اور دیونار فارم روڈ پر واقع یہ جگہ اپنے اطراف کی عالیشان عمارتوں کیلئے مشہور ہے۔ اس سے قبل گودریج پراپرٹیز نے ہی آر کے ایس پریمیم نام سے رہائشی اور تجارتی منصوبہ کیلئےمئی ۲۰۱۷ء میں چمبور کے آر کے اسٹوڈیو کی جگہ حاصل کی تھی۔
کمپنی کی سہہ ماہی کانفرنس میں مینیجنگ ڈائرکٹر گورو پانڈے نے اپنے دیگر منصوبوں کے ساتھ ہی چمبور کےمشہور راج کپور کے بنگلہ کے منصوبے کی بھی تفصیل بتائی۔ مختلف النوع تعمیراتی منصوبہ اور گودریج پراپرٹیز نے گروپ رہائش کیلئے ملک کے چھ بڑے شہروں ممبئی، بنگلور، دہلی این سی آر، پونے،احمد آباد اور کولکاتا پر اپنی توجہ مرکوز رکھی ہے۔