• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی میں موسلا دھاربارش، اندھیری سب وے بند، یلو الرٹ جاری

Updated: July 25, 2024, 12:15 PM IST | Mumbai

ممبئی میں آج صبح سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کیا ہے، ایئر انڈیا نے ایئر پورٹ آنے سے قبل مسافروں سے اپنے فلائٹ اسٹیٹس چیک کرنے کی اپیل کی، درخت اور دیوار گرنے کے ۶۰؍ سے زائد واقعات ہوئے، لوکل ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔

People are facing a lot of problems due to heavy rain. Photo: INN.
تیز بارش کی وجہ سے عوام کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج یعنی۲۵؍ جولائی کو کوکن مہاراشٹر کے بعض علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جبکہ علاقائی موسمیاتی مرکز، ممبئی نے آج مالیاتی دارالحکومت کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ممبئی میں دن بھر درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہےاور بعض علاقوں میں ۵۰؍ تا ۶۰؍ کلومیٹر کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 
ایئر انڈیا ایئر لائنز کی مسافروں سے اپیل
ایئر انڈیا ایئر لائنز نے ایکس پر اپنے پوسٹ میں لکھا کہ بھاری بارش کی وجہ سے ممبئی آنے اور ممبئی سے جانے والی پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ مسافروں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ایئر پورٹ پر جانے سے پہلے اپنا فلائٹ اسٹیٹس چیک کرلیں۔ 
مجگاؤں اور چمبور میں عوام کو پریشانیوں کا سامنا
جمعرات کی صبح موسلا دھار بارش کی وجہ سے مجگاؤں کا علاقہ متاثر ہوا اور یہاں مسافروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ چمبور میں آج صبح سے جاری بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا جس سے راہگیروں کو آنے جانے میں دشواری ہوئی۔ 
وہار جھیل چھلک گئی، اندھیری سب وے بند 
شدید بارش کی وجہ سے وہار جھیل، جو ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی سات جھیلوں میں سے ایک ہے، آج صبح چھلک گئی۔ 
اور اندھیری سب وے بند ہو گئی ہے، ممبئی کے متعدد مضافاتی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ موسلا دھار بارش اور تیز ہوا کی وجہ سے لوکل ٹرینیں سست رفتاری سے چل رہی ہیں۔ 
گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں تیز بارش کی وجہ سے ۶۰؍ سے زائد واقعات
گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں ممبئی میں دیوار گرنے اور شارٹ سرکٹ اوردرخت گرنے کے۶۰؍ سے زیادہ واقعات دیکھنے میں آئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ واقعات درختوں کے گرنے کے تھے جن کی تعداد ۴۶؍ ہے۔ مغربی مضافاتی علاقوں میں درخت گرنے کے ۲۶؍ واقعات، مشرقی مضافاتی علاقوں میں ۱۱؍اورآئی لینڈ سٹی میں ۹؍ واقعات ہوئے۔ اس دوران شارٹ سرکٹ کے ۶؍ اور دیوار گرنے کے۸؍ واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ شہری حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK