ممبئی کانگریس کی صدر اوررکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ ، رکن اسمبلی رئیس شیخ اوراپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے کئی پہلوؤں سے بجٹ پر بے اطمینانی ظاہر کی۔
EPAPER
Updated: February 02, 2025, 10:23 AM IST | Iqbal Ansari
ممبئی کانگریس کی صدر اوررکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ ، رکن اسمبلی رئیس شیخ اوراپوزیشن لیڈر امباداس دانوے نے کئی پہلوؤں سے بجٹ پر بے اطمینانی ظاہر کی۔
مرکزی بجٹ پر مہاراشٹر کی اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے اورکہا ہے کہ مرکز کو سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی مہاراشٹر ریاست کو مرکزی بجٹ میں نظر انداز کیا گیا ہے۔ بجٹ میں اعلانات تو ۱۲؍ لاکھ تک آمدنی والے شہریوں پر سے ٹیکس معاف کرنے کی بات کہی جارہی ہے جبکہ ۴؍ لاکھ تک آمدنی کو ہی ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ مرکزی بجٹ میں اس مرتبہ بھی اقلیتی طبقوں کیلئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مہاراشٹر میں برسر اقتدار جماعت کے لیڈروں نے اس بجٹ کو غریبوں اور متوسط طبقے کو راحت دینے والا اور ان کی بچت بڑھانے والا بجٹ قرار دیا ہے۔
بہار پر مہربانی، مہاراشٹر نظر انداز : پروفیسر ورشا گائیکواڑ
ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان (ایم پی) پروفیسر ورشا گائیکواڑ نے مرکزی بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی بجٹ مہا یوتی حکومت کو بچانے کے مقصد سے پیش کیا گیا ہے۔ پورے بجٹ میں صرف بہار کی بات کی گئی ہے اور ممبئی اور مہاراشٹر کا نام ایک بار بھی نہیں لیا گیا ہے۔ مودی حکومت کا بجٹ مہاراشٹر کے لئےمایوس کن ہے اور اس نے ممبئی اور مہاراشٹر کو نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ مہا یوتی کی حکومت میں شرکت کرنے والے شیو سینا کے سربراہ ایکناتھ شندے اور این سی پی کے سربراہ اجیت پوار سے سوال کیا کہ بی جے پی کو طاقت بخشنے والے ان دونوں لیڈروں نے مرکزی بجٹ میں مہاراشٹر کیلئے کیا لایا؟
ورشا گائیکواڑ نے مزید کہا کہ بی جے پی تنخواہ دار اور متوسط طبقے کو بڑی راحت فراہم کرنے کیلئے انکم ٹیکس کی حد بڑھانے کے بارے میں بڑا ہنگامہ کر رہی ہے لیکن اس کے ساتھ کئی شرائط ہیں، جنہیں حکومت نے ابھی تک واضح نہیں کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی حکومت یہ بھول گئی ہے کہ مہاراشٹر کے عوام نے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اتحاد کو زبردست اکثریت دی تھی۔ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نے مہاراشٹر کے لئے فنڈز لانے کے لئے کیا کیا نہیں کیا اس کے باوجود اس بجٹ میں مہاراشٹر کے پروجیکٹوں کیلئےبہت زیادہ رقم فراہم نہیں کی گئی۔
پروفیسر ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی لوکل ٹرینوں اور ریلوے کیلئے اس بجٹ میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ بہار کے اسمبلی انتخابات جلد آنے والے ہیں، اسی لئے پٹنہ اور بہار کا ذکر کیا گیا ہے اور ان کے لئے بھاری رقم فراہم کی گئی ہے۔ بی جے پی حکومت نے خواتین، طلبہ اور بے روزگاری کے حوالے سے کوئی ٹھوس منصوبہ نہیں بنایا ہے۔ عام لوگ، جو جی ایس ٹی کے ذریعے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں، ان کے لئے بجٹ میں کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے گزشتہ سال کے مقابلے اس سال تعلیم، دیہی ترقی، ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن اور ٹیکنالوجی کے شعبوں کے لئے فنڈز میں کمی کی ہے۔ گزشتہ سال تعلیم کے شعبے کیلئے ۲ء۶۰؍ فیصد مختص کیا گیا تھا جسے گھٹا کر۲ء۵۳؍ فیصد کر دیا گیا ہے۔ دیہی ترقی کے لئے جو ۵ء۵۱؍ فیصد فنڈ تھا، اس سال اس کو بھی کم کر کے ۵ء۲۶؍ فیصد کردیا گیا ہے۔ ‘‘
اقلیتوں کو ایک بار پھر نظر انداز کیاگیا: رئیس شیخ
سماجوادی پارٹی کے لیڈر رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بجٹ کے تعلق سے کہا کہ’’ ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی مرکزی بجٹ میں اقلیتی طبقوں نظر انداز کیا گیا ہے اور غریبوں کو کچھ نہیں دیا گیا۔ سرمایہ کاروں کو بھی کوئی راحت نہیں دی ہے اور اسی لئے شیئر مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی گئی تھی۔ ‘‘
اعلانات کی بارش کرنے والا بجٹ: امباداس دانوے
اس ضمن میں مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے( شیو سینا ادھو ) نے کہا کہ ’’ مرکزی بجٹ میں کسی کوئی راحت تو نہیں ملی ہے ہاں اسے اعلانات کی بارش کرنے والا بجٹ ضرور کہا جاسکتاہے۔ کسانوں کو راحت دینے کا اعلان کیا گیا ہےلیکن فصلوں کا ایکسپورٹ بند رکھا گیا ہے جس سے انہیں راحت کیسے ملے گی؟ ‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ’’گزشتہ بجٹ میں بھی جو اعلانات کئے گئے تھے ان میں سے کتنوں پر عمل کیا گیا ؟ اگر اس کا محاسبہ کیا جائے تو پتہ چل جائے گا کہ بی جے پی کےاعلانات اور عمل میں کتنا فرق ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ بی جے پی کو مہاراشٹر نے بھاری اکثریت دی جس کے سبب دیویندر فرنویس کو مہاراشٹر کے لئے بھاری بجٹ لانا چاہئے تھا لیکن وہ ناکام رہے اور مرکز نے مہاراشٹر کو نظر انداز کیا۔ ‘‘
وزیر اعلیٰ نے مہاراشٹر کے پروجیکٹ گنوائے
اپوزیشن لیڈروں کے جواب میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ایکس پر مرکزی بجٹ کے حوالے سے پیغام پوسٹ کیا ۔ اس پیغام میں انہوں نے ممبئی میٹرو اورانفرا اسٹرکچر کے ساتھ ساتھ کسانوں کے بھی کچھ اعلانات کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بجٹ میں ممبئی میٹروکیلئے ۱۲۵ء۰۶؍ کروڑ، پونے میٹرو کیلئے ۶۹۹ء۱۳؍ کروڑ، این یو ٹی پی کیلئے ۵۱۱ء۴۸؍ کروڑ ممبئی احمد آباد ہائی اسپیڈ ریلوے کیلئے ۴۰۰۴ء۳۱؍ کروڑ مہاراشٹر دیہی کو جوڑنے کے پروجیکٹ کیلئے ۶۸۳ء۵۱؍ کروڑ روپے وغیرہ شامل ہیں۔
عام آدمی کے پیسے بچانے والا بجٹ : ایکناتھ شندے
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مرکزی بجٹ پر رائے ظاہر کی کہ مرکزی بجٹ ایک ایسا بجٹ جس سے عام شہریوں کے پیسے کی بچت ہوگی کیونکہ ۱۲؍ لاکھ روپے تک کی آمدنی کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ کیا گیا ہے۔ اس لیے اس سال کے بجٹ سے آپ کے سر پر چھت ملنے کا احساس ہر فرد میں ہونا چاہئے۔ یہ بجٹ معاشرے کے تمام طبقات کو انصاف دیتا ہے۔
ملک کو معاشی سپر پاور بنانے والابجٹ ہے:اجیت پوار
نائب وزیر اعلیٰ و وزیر خزانہ اجیت پوار نے مرکزی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کا شکریہ ادا کیا ہےکہ اس بجٹ میں ۱۲؍لاکھ روپے تک کی آمدنی کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے کر کروڑوں متوسط طبقے کے افراد کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے۔ نئے ٹیکس نظام کے تحت۱۲؍لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے افراد کو۸۰؍ہزار روپے کی رعایت دی گئی ہے، اسی طرح۱۸؍ لاکھ روپے آمدنی والوں کو۷۰؍ ہزار روپے، جبکہ۲۵؍ لاکھ روپے آمدنی والوں کے لئے ٹیکس میں ایک لاکھ ۲۵؍ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے۔ بزرگ شہریوں کے لئے ٹی ڈی ایس کی حد۵۰؍ ہزار سے بڑھا کرایک لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ بھی قابل تحسین ہے۔
اجیت پوار نے کہا کہ بجٹ میں کینسر اور دیگر مہلک امراض کے لئے۳۶؍ ضروری ادویات پر درآمدی ڈیوٹی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے جس سے یہ ادویات سستی ہوں گی۔ موبائل فون کی قیمتوں میں کمی سے بھی ہر گھر اور ہر فرد کو فائدہ پہنچے گا۔ مہاراشٹر کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے وافر فنڈ مختص کیا گیا ہے۔