• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اٹل سیتو پر ممبئی ۔ کھارگھر اور نیرول کے درمیان بس کا سفر سستا

Updated: January 05, 2025, 10:48 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ نے بس نمبر ۱۱۶؍ اور ۱۱۷؍ کے کرایوں میں ۵۰؍ فیصد سے زیادہ تخفیف کردی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔

Due to the low fare, it will be convenient for those traveling by bus from Atal Setu. Photo: INN
کرایہ کم ہونے کی وجہ سےاٹل سیتو سے بس کے ذریعے سفر کرنے والوں کو آسانی ہوگی۔ تصویر: آئی این این

ممبئی سے نوی ممبئی کے درمیان موٹر گاڑیوں کے سفر کو آسان بنانے والے سمندر پر تعمیر کئے گئے ملک کے طویل ترین بریج ’اٹل بہاری واجپئی سیوڑی۔ نہوا شیوا اٹل سیتو‘ جسے ’ایم ٹی ایچ ایل‘ (ممبئی ٹرانس ہاربر لنک روڈ) بھی کہا جاتا ہے پر ۲؍ سرکاری بسیں بھی شروع کی گئی ہیں تاہم ان کا کرایہ بہت زیادہ ہونے کے سبب یہ بسیں تقریباً خالی چلائی جارہی تھیں۔ ان خراب تجربات کی بنیاد پر نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ (این ایم ایم ٹی) نے ان دونوں بسوں کے کرایہ میں ۵۰؍ فیصد سے زیادہ تخفیف کردی ہے اور مسافروں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ اس فیصلے کے مثبت نتائج بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ 
بسوں کا کرایہ
اطلاع کے مطابق جنوبی ممبئی میں واقع منترالیہ سے کھارگھر کے درمیان چلائی جانے والی بس نمبر ۱۱۷؍ کا کرایہ ۲۷۰؍ روپے سے گھٹا کر ۱۲۰؍ روپے کردیا گیا ہےجبکہ منرالیہ سے نیرول کے درمیان چلائی جانے والی بس نمبر ۱۱۶؍ کا کرایہ ۲۳۰؍ روپے سے کم کرکے ۱۰۵؍ روپے کردیا گیا ہے۔ ہفتے میں پیر سے سنیچر تک متذکرہ روٹ پر یہ دونوں بسیں چلائی جاتی ہیں۔ 
بس نمبر ۱۱۶
بس نمبر ۱۱۶؍ منترالیہ اور نیرول بس ٹرمینس (مشرق) کے درمیان چلائی جاتی ہے۔ یہ نیرول، موٹھا اُلوے گائوں، پربھات ہائٹس، رام سیٹھ ٹھاکر اسٹیڈیم، کھار کوپر ریلوے اسٹیشن پر رک کر اٹل سیتو سے گزرتے ہوئے تقریباً ۱۰۰؍ منٹ میں اپنا سفر مکمل کرتی ہے۔ 
بس نمبر ۱۱۶؍ صبح ۷؍ بج کر ۵۵؍ منٹ پر نیرول سے روانہ ہوتی ہے اور منترالیہ سے واپسی کا سفر ۶؍ بج کر ۲۵؍ منٹ پر شروع کرتی ہے۔ 
دن کے اوقات میں یہ بس صبح ۹؍ بج کر ۴۵؍ منٹ پر منترالیہ سے نکلتی ہے اور اُلوے میں کھارکوپر ریلوے اسٹیشن تک جاتی ہے۔ جبکہ شام کو کھارکوپر سے ۵؍ بج کر ۲۰؍ منٹ پر منترالیہ کیلئے اپنا سفر شروع کرتی ہے۔ فی الحال ان بسوں کو محدود اوقات میں ہی چلایا جارہا ہے۔ 
بس نمبر ۱۱۷
بس نمبر ۱۱۷؍ کھارگھر سیکٹر ۳۵؍ میں واقع ’جل وایو ویہار‘ سے شروع ہوتی ہے اور پنویل سے ہوتے ہوئے جنوبی ممبئی میں منترالیہ پہنچتی ہے۔ یہ بس کھارگھر، اُتسو چوک، اسود گائوں ڈپو ہائی وے، پنویل بس ٹرمینس، پلسپے پھاٹا، کرنجڑے پھاٹا، اٹل سیتو سے ہوتے ہوئے منترالیہ پہنچتی ہے اور تقریباً ۱۱۵؍ منٹ میں اپنا سفر طے کرتی ہے۔ 
اگر چہ ان بس کے روٹ سے سفر کرنے سے بہت سے لوگوں کو آسانی ہوتی ہے لیکن بس کا کرایہ زیادہ ہونے کی وجہ سے عام طور پر لوگ ان بسوں میں سفر کرنے سے گریز کررہے تھے جس کی وجہ سے یہ بسیں بہت کم مسافروں کو لے کر ہی چلائی جا رہی تھیں۔ 
البتہ ان کا کرایہ کم کردینے کے بعد سے ان میں مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ این ایم ایم ٹی کے افسران کے مطابق بس نمبر ۱۱۶؍ میں مسافروں کی تعداد ۲۰؍ سے بڑھ کر ۶۰؍ تک پہنچ گئی ہے جبکہ بس نمبر ۱۱۷؍ میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ مسافر ہی سفر کیا کرتے تھے لیکن اس میں اب تقریباً ۷۰؍ مسافر سفر کرنے لگے ہیں۔ 
بس نمبر ۱۱۷؍ صبح ۷؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر کھارگھر سے ممبئی کیلئے نکلتی ہے اور شام میں ۶؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پر منترالیہ سے کھار گھر کیلئے روانہ ہوتی ہے۔ 
یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنوری ۲۰۲۴ء میں اٹل سیتو کا افتتاح کیا تھا۔ اگرچہ اس پر سے گزرنے کیلئے کار کا ایک طرف کا ٹول ۲۵۰؍ روپے اور ریٹرن ٹول ۳۷۵؍ روپے ہے اور دیگر گاڑیوں کا ٹول اس سے بھی زیادہ ہے جس کی وجہ سے لوگ اسے مہنگا بتاتے ہیں لیکن روزانہ بڑی تعداد میں گاڑیاں اس پر سے گزرتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK