• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اوبر ڈرائیور کی پٹائی کرنے والا پولیس کانسٹبل معطل

Updated: August 18, 2024, 7:00 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

درد کی وجہ سے معروف کام پر نہیں جاسکا۔ پولیس کمشنر سے ملاقات کی تیاری

Maroof Ahmad Khan.Photo: INN
معروف احمد خان۔ تصویر: آئی این این۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کی بنیاد پر ایک ’اوبر‘ ڈرائیور کی بے رحمی سے پٹائی کرنے والے پولیس کانسٹبل کو پولیس محکمہ نے معطل کردیا ہے تاہم متاثرہ شخص نے پولیس کمشنر سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ خاطی اہلکار کے خلاف ’ایف آئی آر‘ درج کرائی جاسکے۔ یاد رہے کہ یوم آزادی کا دن ختم ہونے کے بعد شب تقریباً ۲؍ بجے ٹیکسی بُک کرنے والے ایک مسافر کو چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس لینے گئے معروف احمد خان (۲۲) نے اسٹیشن کے باہر اپنی گاڑی روک دی تھی۔ اس وقت یہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس کانسٹبل روپیش منیک رندیوے نے معروف کو وہاں سے گاڑی ہٹانے کیلئے مہلت مانگنے پر بے رحمی سے پیٹا تھا۔اس واقعہ کے بعد مقامی پولیس نے کانسٹبل کیخلاف شکایت درج کرنے کے بجائے معروف کیخلاف ہی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرنے کی دھمکی دے کر روانہ کردیا تھا۔ البتہ اس واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے محکمہ پولیس نے حوالدار روپیش کو معطل کردیا ہے۔ 
انقلاب سے گفتگو کے دوران معروف نے کہا کہ ’’جب ہم ڈی سی پی کے پاس گئے تو انہوں نے بتایا کہ اس کانسٹبل کو پہلے ہی معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم میں یہ نہیں جانتا کہ اسے کتنے دنوں کیلئے ڈیوٹی سے ہٹایا گیا ہے۔ ہوسکتا ہے چند روز بعد اسے واپس ڈیوٹی پر بحال کردیا جائے۔ اس لئے ہماری کوشش ہیکہ پولیس کمشنر سے ملاقات کرکے اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کروائی جائے۔ ‘‘معروف نے مزید کہا کہ ’’مجھے پیٹنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ یہ حوالدار وردی کے قابل نہیں ہے اس لئے اس کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے اور اسی وجہ سے ہم ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں۔ ‘‘ اس نے مزید کہا کہ ’’درداور سوجن کی وجہ سے مجھے چھٹی کرنی پڑی، اگر کوئی کمزور شخص ہوتا تو شاید اسپتال میں بھرتی ہوتا۔ ڈاکٹروں نے مجھے ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK